جماعت احمدیہ واٹفورڈ (یوکے) کی جانب سے فیس ماسکس کا عطیہ
کورونا وائرس کے باعث ملکی معیشت میں آنے والے انحطاط سے لوگ انفرادی طور پر بھی بہت متاثر ہو رہے ہیں۔ معاشرے میں ضرورت مندوں کی مدد کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جماعت احمدیہ واٹفوڈ نے مرکزی ہدایات کے ماتحت مختلف امدادی پروگرامز مرتب کیے جن میں مجلس خدام الاحمدیہ واٹفورڈ کی جانب سے مستحق طلباء کے لیے قریباً دو ہزار کھانوں کا انتظام اور ان کے گھروں تک اس کی ترسیل، بےگھر افراد میں کھانے کی تقسیم، فوڈ بینک میں 120کلو سے زائد اشیائے ضرورت کا عطیہ وغیرہ شامل ہیں۔
خدمت خلق کے کاموں کی ایک کڑی جماعت احمدیہ واٹفوڈ کی جانب سے ایک ہزار سے زائد فیس ماسکس کی تیاری تھی جنہیں لجنہ اماء اللہ واٹفورڈ نے بڑی محنت اور اخلاص کے ساتھ تیار کیا تھا۔یہ ماسکس مختلف مقامی خیراتی اداروں میں تقسیم کیے گئے۔
مورخہ 25؍ جولائی 2020ء کے روز خاکسار کو بطور سیکرٹری امورِ خارجہ جماعت احمدیہ واٹفورڈ محترم قائد مجلس خدام الاحمدیہ واٹفورڈ طیب احمد صاحب کے ہمراہ ایک تقریب میں شرکت کی توفیق ملی جس میں واٹفورڈ کے ایم پی Dean Russell اور ان کے علاوہ دو کونسلرز Liz Burnsاور Rabi Martins نیز واٹفورڈ بین المذاہب کمیونٹی کے سربراہ ہرجیت سنگھ بھی موجود تھے۔
خاکسار کو اس موقعے پر اپنی جماعت کی نمائندگی میں انتظامیہ کو ہاتھ سے بنے فیس ماسکس کا عطیہ پیش کرنے کی سعادت ملی۔ اس تقریب کے منتظم کی جانب سے جماعت کا تعارف حاصل کرنے کی خواہش کے اظہار پر خلافتِ احمدیہ اور جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا گیا نیز جماعت کی جانب سے جاری بے لوث خدمت خلق کی مساعی کا تذکرہ بھی ہوا۔ ہرجیت سنگھ جو جماعت احمدیہ کے کاموں سے واقف تھےاور جما عت کے ممبران سے تعارف رکھتے تھے ممبر پارلیمنٹ سے کہنے لگے کہ آپ جماعت احمدیہ کو بہت پیار کرنے والا پائیں گے۔ واٹفورڈ کے ایم پی نے ایک خوشگوار ماحول میں جماعتی وفد کے ساتھ کافی وقت بات چیت کی اور جماعت احمدیہ کی خدمت خلق کی مساعی کو سراہا۔ انھوں نے اس موقعے پر اپنا ایک وڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا جس میں انھوں نے کہا کہ ’میں جماعت احمدیہ کا بہت شکر گزار ہوں جو کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے نامساعد حالات میں ہزاروں کی تعداد میں کھانوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر امدادی سر گرمیوں میں بھی مصروف ہیں۔ ہاتھ سے بنے فیس ماسکس کا عطیہ موجودہ حالات میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔‘
جماعت احمدیہ واٹفوڈ نے شکریہ کے ساتھ اپنی خدمت خلق کی مساعی کو جاری رکھنے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق انہیں وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
(رپورٹ: جواد احمد قمر۔ سیکرٹری امورِ خارجہ واٹفورڈ)
٭…٭…٭