حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

Covid-19 کی تازہ صورتحال
Worldometers.infoکے مطابق اب تک دنیا بھر میں 18,993,698؍لوگ کورونا وائرس سے بیمار ہوئے ہیں۔ 12,182,831؍افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 711,490؍افراد وفات پا چکے ہیں۔ (06؍ اگست۔ 08:00 GMT)

٭…31؍ جولائی کو دنیا کے اکثر ممالک میں عیدالاضحی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر سے کام لیا گیا۔ بعض ممالک مثلا ً پاکستان، بھارت وغیرہ میں عید یکم اگست کو منائی گئی۔

٭… کامیاب حج کے انعقاد کے بعد سعودی عرب کی حکومت نے عمرے پر عائد پابندی ہٹانے سے اور محدود پیمانے پر اجازت دینے سے متعلق غور کرنا شروع کردیا ہے۔ اس بارے میں حتمی اعلان ستمبر میں متوقع ہے۔

٭… لبنان کے دارالحکومت بیروت میں منگل4؍اگست کے روز ہونے والےایک دھماکے میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد ہلاک، سینکڑوں لاپتہ جبکہ پانچ ہزار سے زائد زخمی ہو گئے۔بعض اطلاعات کے مطابق غالب امکان ہے کہ بیروت کی بندرگاہ کے علاقے میں ہونے والا یہ دھماکا ایک حادثہ ہے جو وہاں پرموجود دو ہزار سات سو پچاس میٹرک ٹن آتش گیر امونیم نائیٹریٹ کے ذخیرے کے پاس آگ لگنے کے بعد پیش آیا۔ بیروت کی انتظامیہ کی جانب سے اس افسوسناک صورت حال سے نمٹنے کے لیے دو ہفتے کی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز ایک سو پچاس میل دور تک سنی گئی اور دھماکے کی جگہ پر چار سو فٹ کے قریب یعنی ایک فٹبال گراؤنڈ سے بڑا گڑھا پڑ گیا۔

٭… امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کے شہر پشاور میں کمرۂ عدالت میں توہینِ رسالت کے مقدمے میں نامزد امریکی شہری طاہر نسیم کے قتل پر پاکستان حکومت سے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی اصلاحات کی جائیں کہ آئندہ ایسا واقعہ رونما نہ ہو۔

٭… امریکہ کی خلائی کمپنی NASA نے جمعرات 30؍ جولائی کے روز ایک روبوٹ Perseverance زندگی کی تلاش میں مریخ کی طرف روانہ کیا ہے۔ اس روبوٹ کا وزن ایک ٹن ہے اور یہ فروری میں مریخ پرپہنچے گا۔ یہ وہاں سے پتھر اور مٹی کے نمونے زمین پر بھیجے گا۔ یہ گیارہ دنوں میں مریخ کی طرف بھیجا جانے والا تیسرا مشن ہے۔

٭… سیسے کے زہریلے اثرات کے بارے میں عالمی سطح پر ہونے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ سیسے سے متاثرہ بچوں کی تعداد کے لحاظ سے بھارت پہلے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں80کروڑ بچے سیسے سے متاثر ہیں، یعنی ہر تین میں سے ایک بچہ۔ پاکستان میں یہ تعداد چار کروڑ ہے۔

٭… کراچی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔

٭… اس ہفتے مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے اور درجۂ حرارت 51؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی دیکھا گیا۔ عالمی طور پر اس سال مئی کا مہینہ 1981ء سے 2010ء کے مئی کے مہینوں سے 0.63 ڈگری زیادہ گرم رہا۔

٭… وائٹ ہاؤس نے وضاحت کی ہے کہ امریکہ کا آئندہ صدارتی انتخاب طے شدہ شیڈول کے مطابق رواں سال تین نومبر کو ہی منعقد ہوگا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جانب سے صدارتی انتخاب میں تاخیر کے کسی بھی امکان کو رد کیا گیا ہے۔

٭… پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی انتظامیہ نے 22؍مئی کو کراچی میں طیارہ کے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی مسافر ایک کروڑ روپے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

٭… پاکستان کی وفاقی کابینہ نے پاکستان کے نئے سرکاری نقشے کی منظوری دی ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت پاکستان اور بھارت کے درمیان دیگر متنازعہ علاقے بھی شامل ہیں۔

٭… افغانستان کے صوبہ جلال آباد میں ایک قید خانے پر داعش کے حملے میں 29؍ افراد ہلاک اور پچاس افراد زخمی ہوئے ہیں۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی میں دس دہشت گرد مارے گئے۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جیل کا کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ اس جیل میں داعش اور طالبان کے بہت سے دہشتگرد بھی قید ہیں۔

٭… افغانستان کی حکومت کے اس اعلان کے بعد کہ وہ قید میں موجود طالبان کو رہا کریں گے ،طالبان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی قید میں موجود افغان سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو جلد رہا کردیں گے۔

٭… اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا کہ 160؍ ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے سکول بند ہونے سے ایک بلین سے زائد طلباء کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔

٭…برازیل کی خاتون اول Michelle Bolsonaro کا جمعرات 30؍ جولائی کے روز کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔اس سے قبل ان کے شوہر Jair Bolsonaro کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس سے وہ دو ہفتے بعد صحت یاب ہوئے تھے۔

٭… عالمی ادارۂ صحت کے مطابق جمعہ31؍ جولائی کے روز دنیا بھر میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 292,527؍کیس رپورٹ ہوئے۔ اموات کی تعداد 6,812؍ رہی۔ 40؍ ممالک ایسے تھے جن میں گزشتہ ہفتے میں ایک دن میں ریکارڈ نئے کیسز ہوئے۔ جبکہ ویتنام میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

٭… یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس نے فرانسیسی فارماسیوٹیکل کمپنی Sanofi سے کورونا وائرس کی 300؍ ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ 27 ممبر ممالک یہ ویکسین کامیاب اور محفوظ ثابت ہونے کے بعد خرید سکیں گے۔

٭… برطانیہ میں 29؍مئی تک کے اعدادوشمار کے مطابق شرح اموات گزشتہ سالوں کی نسبت 7.5 فیصد زیادہ رہی۔یہ یورپ بھر میں اس سال اب تک سب سے زیادہ شرح اموات ہے۔ سپین میں یہ شرح 6.7؍ فیصد زیادہ رہی۔

٭… جمعہ 31؍ جولائی کے روز امریکہ میں کورونا وائرس سے 1,453؍ ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو کہ مئی کے مہینہ کے بعد ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ جولائی میں امریکہ میں کورونا وائرس سے 25,000؍ سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔29؍ جولائی کو امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ دوسری طرف بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 57,118؍ نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

٭… بھارت میں مسلسل پانچ روز سے کورونا وائرس کے مریضوں میں روزانہ 50,000 ؍ سے زائد کا اضافہ ہورہا ہے۔ وزیرداخلہ امت شاہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

٭… بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے اپریل سے جون کے درمیان ہونے والا مالی خسارہ 88.5؍ بلین ڈالر رہا۔

٭… میکسیکو میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 49,698 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے میکسیکو دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔

٭… بی بی سی کی فارسی سروس کی طرف سے کی جانے والی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایران میں کورونا وائرس سے وزارتِ صحت کی طرف سے پیش کردہ اعدادوشمار سے تین گنا زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ اور ملک میں کیسز کی تعداد بھی بتائے گئے اعدادوشمار سے دوگنی ہے۔

٭… روس کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ اکتوبر کے مہینہ سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے خلاف لوگوں کو ویکسین لگانی شروع کریں گے۔ یہ ویکسین حکومتی تعاون سے تیار کی گئی ہے اور اس کے طبی تجربات مکمل کیے جاچکے ہیں۔

٭… فلپائن میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ صدر Rodrigo Duterte نے دارالحکومت میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سخت انتظامات کا حکم دیا ہے۔

٭… لاطینی امریکہ اور کیریبین کے ممالک میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ مصدقہ کیسز کی تعداد پانچ ملین سے زائد ہوچکی ہے۔ برازیل میں نوے ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ ہوچکی ہیں۔

٭… KLMکی ایمسٹرڈیم سے Ibiza جانے والی ایک فلائٹ پر دو مسافروں کو فیس ماسک پہننے سے انکار پر گرفتار کرلیا گیا۔

٭… بیلاروس کے صدر Alexander Lukashenko کورونا وائرس سے صحت یاب ہوگئے ہیں۔

٭… آسٹریلیا کی آبادی کے لحاظ سے دوسری بڑی ریاست وکٹوریا میں کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال تشویش ناک ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے فوج کو تعینات کیا جارہا ہے۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بیس ہزار ڈالرز تک کا جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔

افریقہ

٭… گیمبیا کے صدارتی آفس نے بتایا ہے کہ تین وزرا میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے نائب صدر کا ٹیسٹ مثبت آنے پر صدر بھی دو ہفتہ کے لیے قرنطینہ ہو چکے ہیں۔

٭… جنوبی افریقہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

٭… مالی میں اقوام متحدہ کے ایک جہاز کی غلط لینڈنگ سے گیارہ لوگ زخمی ہوئے ہیں اور جہاز کو بھی شدیدنقصان پہنچا ہے۔

٭… تنزانیہ کے ایک کان کن نے ایک بار پھر ایک نایاب پتھر Tanzanite حاصل کیا ہے جس کی مالیت دو ملین ڈالرز بتائی جاتی ہے۔ Saniniu Laizerکا کہنا ہے کہ وہ اس سے حاصل ہونے والی رقم سے اپنے علاقے میں سکول اور ہسپتال بنائیں گے۔

٭… سوڈان میں گزشتہ ہفتے شدید بارشوں اور سیلاب سے کم از کم پانچ لوگ ہلاک اور ہزاروں مکانات تباہ ہوگئے۔

٭… خوراک کے پروگرام کے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی دو تہائی آبادی کو سال کے آخر تک خوراک کے لیے مدد درکار ہوگی۔ اس تشویش ناک صورتحال کی وجہ Covid-19 کی وجہ سے کیے گئے لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی بے روزگاری کو قرار دیا جارہا ہے۔

٭… زمبابوے نے سفید فام زمینداروں کو ان کی زمین حکومت کی طرف سے لوگوں میں تقسیم کیے جانے کے معاملے میں ان سفید فام زمینداروں کو 3.5؍ بلین ڈالرز کا معاوضہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ سابقہ صدر Robert Mogabe کی حکومت نے 4,500؍ سفید فام زمینداروں کو ان کی زمین سے بے دخل کرکے زمینیں 300,000؍ سیاہ فام خاندانوں میں تقسیم کردی تھیں۔

٭… یوگنڈا کی ایک عدالت نے ایک نایاب گوریلے کو مارنے والے شخص کو گیارہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس گوریلے کا نام ‘رفیقی’ بتایا جاتا ہے۔

٭… کینیا کے وزیر تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے کالج اور یونیورسٹیاں اس سال کے آخر تک بند رکھی جائیں گی۔

٭… گیمبیا کے صدر Adama Barrow نے نائب صدر Isatou Turay کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

کاروبار

٭… طیارہ ساز کمپنی Boeing کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جہازوں میں سے 747 ماڈل کو مزید تیار نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ بعض اور ماڈلز کی پیداوار میں بھی کمی کی جائے گی۔ کمپنی کو کورونا وائرس کی وجہ سے 2.4؍ ارب ڈالر زکا خسارہ ہوچکا ہے۔ کمپنی کی جانب سے پہلے سے اعلان شدہ سولہ ہزار ملازمتوں میں کٹوتی کے علاوہ مزید ملازمین کو بھی فارغ کیا جائے گا۔

٭… فضائی کمپنی KLM کا کہنا ہے کہ وہ اپنے عملے میں مزید 1,500 افراد کی کٹوتی کریں گے۔ سال کی دوسری تہائی میں کمپنی کو 1.55؍ بلین یورو کا خسارہ ہواہے۔

٭… نائیجیریا کی ایک ایئر لائن Air Peace نے کم و بیش 70؍ پائلٹس کو فنڈز کی کمی کی وجہ سے نوکری سے فارغ کردیا ہے۔

کھیل

کرکٹ

٭…منگل کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کے مابین ہونے والے تیسرے ون ڈے میں آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم آخری اوور میں 328 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان مورگن نے 106؍ رنز بنائے۔ جواب میں آئرلینڈ نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کرلیا۔ Paul Stirling نے 142؍ رنز بنائے اور مین آف دی میچ ٹھہرے۔ David Willeyکو بہترین کارکردگی پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے جیت لی۔

٭…انگلینڈ اور پاکستان کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بدھ 5؍ اگست کو Southampton میں شروع ہوا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز سکور کیے ۔

٭… آسٹریلیا میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اکتوبر میں ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردی گئی ہے۔

ٹینس

Nick Kyrgiosکا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خدشات کی وجہ سے اس سال US اوپن میں شرکت نہیں کریں گے۔

فٹ بال

سابقہ الجیرین فٹ بال کھلاڑی عبدالحمیدصلحی نے 1,000 سے زائد میچز کھیلے ہیں۔ ان کو آج تک کبھی بھی کسی بھی میچ میں کسی ریفری کی طرف سے کوئی کارڈنہیں دکھایا گیا۔ ان کی اس کارکردگی پر انہیں ایک عالمی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ سب سے زیادہ ریڈ کارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑی کولمبیا کے Gerardo Bedoya ہیں جن کو اب تک45؍ ریڈ کارڈ دکھائے جاچکے ہیں۔

گالف

امریکہ میں ہونے والے PGA Tour میں Justin Thomas نے کامیابی حاصل کر کے دوبارہ عالمی نمبر ون کی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button