خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(17؍ اگست۔ 08:00 GMT)
کل مریض:21,836,919
صحت یاب ہونے والے:14,568,432
وفات یافتگان:773,197
٭…پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر پشاور میں بدھ کی شب احمدیہ جماعت سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ معراج احمد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
٭… 13؍ اگست کو متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کا اعلان کیا گیا۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو اور ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید نے ایک مشترکہ بیان میں اس امید کا اظہار کیا تھا کہ یہ تاریخی پیش رفت مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام میں مدد دے گی۔ اس معاہدے کے نتیجے میں اسرائیل مقبوضہ غرب اردن کے مزید علاقے اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے کو معطل کر دے گا۔ آنے والے ہفتوں میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے وفود آپس میں ملاقات کر کے سرمایہ کاری، سیاحت، براہِ راست پروازوں، سلامتی، مواصلات، ٹیکنالوجی، توانائی، صحت، ثقافت، ماحولیات، سفارت خانوں کے قیام اور باہمی فائدے کے دیگر معاملات پر دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
دوسری جانب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا‘اب چونکہ برف پگھل چکی ہے تو مجھے امید ہے کہ مزید عرب اور مسلم ممالک متحدہ عرب امارات کی پیروی کریں گے۔’ وہائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آنے والے چند ہفتوں میں وہائٹ ہاؤس میں معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ جہاں دنیا کے کئی ممالک نے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے وہیں ترکی ایران اور فلسطین نے اس پر کڑی تنقید کی ہے۔
٭…امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پولینڈ کے ساتھ ایک نئے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی فوجیوں کو جرمنی سے پولینڈ میں تعینات کیا جائے گا۔اس معاہدے کے بعد پولینڈ میں امریکی فوجی اہلکاروں کی تعداد 5500 کے قریب پہنچ جائے گی۔ پولش وزیرِ دفاع ماریوز بلیزیک نے کہا کہ اگر کسی خطرے نے جواز پیدا کیا تو یہ تعداد فوری طور پر 20ہزار تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ Enhanced Defence Cooperation Agreement(ای ڈی سی اے) نامی اس معاہدے پر امریکی وزیرِ خارجہ اور پولش وزیرِ دفاع نے دستخط کیے۔
٭… امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لاطینی امریکی کے ملک وینزویلا جانے والے تیل سے لدے چار ایرانی بحری آئل ٹینکر اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔ امریکی محکمہِ انصاف کا کہنا ہے کہ تقریباً 11 لاکھ بیرل آئل قبضے میں لیا گیا ہےنیز یہ کہ تیل کی ترسیل امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی تھی۔ جبکہ وینزویلا میں تعینات ایرانی سفیرہوجات سلطانی نے ان اطلاعات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو یہ بحری جہاز اور نہ ہی ان کے مالکان ایرانی تھے۔
٭… اسرائیل کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کو سعودی عرب کے سفر کی اجازت ہوگی۔ یہ اعلان اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی ایک تازہ مثال ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب میں باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
٭…ترکی اور یونان میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے پس منظر میں فرانس مشرقی بحیرۂ روم میں ایک بحری جنگی جہاز اور دو رفال طیارے بھیج رہا ہے۔ فرانس کے صدر ایمینوئل میکخواں نے ترکی پر زور دیا ہے کہ وہ بحیرۂ روم کے متنازع حصوں میں تیل اور گیس دریافت کرنے کی کارروائی بند کرے۔ ترکی کے سیسمک ریسرچ بحری جہاز نے پیر کو اس علاقے کا سروے کرنا شروع کیا تھا جس پر یونان کی طرف سے غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ فرانسیسی صدر نے یونان کے وزیر اعظم کریاکوس میٹسوتاکس سے کہا کہ فرانس کی فوج صورت حال کی نگرانی کرے گی۔اس علاقے میں قابل قدر مقدار میں معدنیات اور قدرت وسائل موجود ہیں۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ بات چیت ہی بحیرہ روم میں مسئلہ کا حل ہے اور ان کا ملک کسی مہم جوئی کا متلاشی نہیں ہے۔
٭…بیلارس میں گزشتہ اتوار ہونے والے متنازع انتخابات میں صدارتی امیدوار سویٹلانہ ٹیچانووسکایا حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ملک چھوڑ کر ہمسایہ ملک لتھوینیا چلی گئی ہیں۔
٭… داعش سے تعلق رکھنے والے نام نہاد اسلامی جنگجوؤں کے ایک گروہ نے کئی دن کی لڑائی کے بعد موزنمبیق کی ایک بندرگاہ Mocimboa da Praia کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
٭… 14؍ اگست کو پاکستان بھر میں جبکہ 15؍ اگست کو بھارت میں 74واں یوم آزادی بھرپور ملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ ٭… لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر گزشتہ دنوں امونیم نائٹریٹ کے دھماکے کے بعد 12؍اگست سے بندرگاہ پر جہازوں سے سامان اتارنے کا کام مختصر پیمانے پر دوبارہ بحال ہوگیا ہے۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 171 ہوچکی ہے۔ درجنوں لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں۔
٭… سوڈان میں طوفانی بارشوں اور ان کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں سے کم از کم 65 ؍ لوگ جاں بحق ہوئے ہیں اور14,000 ؍ سے زائد گھر تباہ ہوگئے ہیں۔
٭… یمن کے دارالحکومت صنعاء میں وسط جولائی سے ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں آنے والے سیلابوں سے اب تک 130؍ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
٭… سکاٹ لینڈ میں ایبرڈین سے گلاسگو جانے والی ایک مسافر ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کے حادثے میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ حادثہ بارشوں کی وجہ سے پٹڑی پر مٹی کا تودہ گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔
٭… امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں10؍ اگست اتوار کے روز ریکٹر سکیل پر 5.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ یہ اس علاقے میں ایک سو سال میں سب سے زیادہ شدت کا زلزلہ تھا۔ زلزلوں سے کوئی جانی اور مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
٭… انڈونیشیا کے آتش فشاں سنابونگ سےسوموار کے روز ایک بار پھر دھواں نکلنا شروع ہوگیا۔ اس کے دہانے سے نکلنے والا سیاہ دھواں، راکھ اور گردوغبار پانچ کلومیٹر کی بلندی تک پہنچ گیا۔ حکام نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ آتش فشاں سے تین کلو میڑ کی دوری برقرار رکھیں۔
٭…عالمی ادارۂ صحت کو ایک بار پھر ایک دن میں ریکارڈ 294,000سے زائد کورونا وائرس کے نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
٭…سری نگر، کشمیر کے سنٹرل جیل میں 102؍ قیدیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور انھیں دوسری جگہ منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
٭… نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں کورونا وائرس کے مزیدمریض سامنے آنے پر تین دن کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کو بارہ دن کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
٭… بھارت نے کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں برطانیہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے تا دمِ تحریر 51,079؍ اموات ہوچکی ہیں اور اس فہرست میں یہ اب چوتھے نمبر پر ہے۔
٭…برطانیہ نے ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے اموات میں قریبا 5,000کی کمی کی ہے۔اس طرح ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی تعداد کم ہوکر 41,329 ہوگئی ہے۔
معیشت وکاروبار:پولینڈ کی معیشت 30؍ سال سے زائد عرصہ کے بعد ایک بار پھر کساد بازاری (recession) کا شکار ہوگئی ہے۔ سال کے دوسرے ربع میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملک کی معیشت 8.9؍ فیصد کی کمی کا شکار رہی۔
٭… Toshibaنے پہلا لیپ ٹاپ 1985 ء میں متعارف کروایا تھا اور اس کا وزن چار کلو گرام اور قیمت 2,000؍ امریکی ڈالر تھی۔ 35؍ سال بعد کمپنی نے لیپ ٹاپس کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اور لیپ ٹاپ بنانے والی ڈائنا بک کمپنی کے بقیہ شیئرز بھی شارپ کمپنی کو فروخت کردیے ہیں۔
٭… Bill and Melinda Gatesکی حمایت سے تیار کی جانے والی کورونا وائرس کی ایک ویکسین بنانے والی جرمن کمپنیCureVacکو وال سٹریٹ میں شمولیت کے پہلے ہی دن حصص میں قریبا ًتین گنا کا اضافہ ہوا اور اس کے حصص کی قیمت 16 ڈالر سے بڑھ کر قریبا ً56 ڈالر ہوگئی۔
کھیل
ایتھلیٹکس: یوگینڈا کے Joshua Cheptegei نے Monaco میں ہونے والی ڈائمند لیگ میں 5,000 میٹر کی ریس کا ریکارڈ قریبا2سیکنڈ کی بہتری سے توڑدیا۔
کرکٹ: بھارت کو ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
٭…انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 13؍ اگست جمعرات کے دن ساؤتھ ایمپٹن میں شروع ہوا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں236رنز بنائے۔ بارش کی وجہ سے خدشہ ہے کہ میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہو جائے گا۔ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔
فٹ بال: جمعہ کے روز چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میچ میں Bayern Munich نے Barcelona کو8-2 سے ہرا دیا۔ پہلے ہی ہاف میں میونخ کی ٹیم نے چار گول سکور کر دیے تھے۔ 1946ء کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بارسلونا کی ٹیم کے خلاف آٹھ گول سکور ہوئے ہیں۔
فارمولا ون: اتوار کو سپین میں ہونے والی Grandprix میں مرسیڈز کے لوئس ہیملٹن نے پول پوزیشن سے ریس شروع کی اور ریس میں فاتح رہے۔
٭…٭…٭