یورپ (رپورٹس)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کی دو (آن لائن)نشستوں کا مختصر احوال

ہفتہ 22؍ اگست کو نیشنل مجلس عاملہ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ اور اتوار 23؍ اگست کو ہالینڈ کی بعض نومبائعات اور طالبات کی اپنے پیارے امام سے ملاقات

یہ اللہ تعالیٰ کا بہت فضل اور احسان ہے کہ اس نے ہمیں اس زمانے میں پیدا کیا اور ہمیں ایجاداتِ جدیدہ کے ذریعے ایک نئے انداز میں ہمارے امام اور انتہائی مبارک ہستی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائی۔ ہم اپنی اس خوش بختی پر جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔الحمد للہ علیٰ ذالک

لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کے سالانہ پروگرام کے مطابق اس سال ماہ اپریل میں ہمارے ایک وفد نے حضور انور سے ملاقات اور لندن کی سیر لیے سفر کرنا تھا۔ بس کے ذریعے اس سفر کے سب انتظامات مکمل تھے۔ لیکن یہ دورہ وبا کی صورت حال کے پیش نظر ملتوی کرنا پڑا جس کی وجہ سے سب پر ایک اداسی کی کیفیت طاری ہوگئی۔ لیکن قربان جائیں اس پیارے خدا کے جس نے ہماری اداسی کی کیفیت کو خوشی میںبدل دیا اور جدید ذرائع کو استعمال میں لاتے ہوئے پیارے حضور کے دیدار اور حضور کی مبارک مجلس سے مستفیض ہونے کی سعادت اس چھوٹی سی جماعت کی ممبرات کو عطا فرمائی۔

یہ ایسے ممکن ہوا کہ جون کے آخر میں خاکسار کو دفتر پرائیویٹ سیکرٹری سے فون آیا کہ اپنے ملک کے قانون کے مطابق حالات دیکھ کر جائزہ لیں کہ جماعت کے تعاون سے آن لائن کوئی میٹنگ وغیرہ آرگنائز کرنا ممکن ہے؟ اس پر خاکسار نے امیر صاحب کے تعاون سےاپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ایک سکیم تجویز کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں بغرض منظوری بھیج دی۔

پیارے آقا نےازراہِ شفقت اس سکیم کو اصولی طور پر منظور فرمایا جس کے بعد اس میٹنگ کے لیے بیت النور نن سپیت کے لجنہ ہال کا انتخاب کیا گیاجہاں ڈیڑھ میٹر کے فاصلے پر ممبرات کو بٹھایا جا سکتا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات کے لیے مکرم امیر صاحب کی خدمت میں لکھا گیا۔ پروگرام کی کامیابی کے لیے حضور اقدس کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے گئے اور صدقات بھی دیے گئے۔ خاکسار تمام ڈیوٹی دینے والیوں کی بھی تہِ دل سے مشکور ہے۔ اللہ تعالیٰ بہترین جزا عطا فرمائے آمین۔ نیز ان نشستوں کو کامیاب بنانے کے لیے ایم ٹی اے انٹرنیشنل اور شعبہ سمعی و بصری ہالینڈنے بھی دن رات محنت کی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

پروگرام کے مطابق مورخہ 22؍ اگست 2020ء یورپ کی پہلی آن لائن میٹنگ کا آغاز ہالینڈ کے مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 45 منٹ پر ہوا۔ میٹنگ میں 20نیشنل عاملہ ممبرات شامل ہوئیں۔

حضور انور نے دعا کے ساتھ میٹنگ کا آغاز فرمایا۔ ایک گھنٹہ کی اس ملاقات میں سب نیشنل عاملہ ممبرات نے حضورِ انور کی خدمت میں اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اپنے شعبے کے بارے میں رہ نمائی حاصل کی۔

میٹنگ کے بعد سب عاملہ ممبرات کے تأثرات دیدنی تھے جن میں سے بعض ذیل میں درج کیے جاتے ہیں۔

تأثرات نیشنل عاملہ لجنہ اماءاللہ ہالینڈ

٭…اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں پیارے حضور کے ساتھ ملاقات کرنے اور پیارے حضور کی زریں نصائح کو لائیو سننے کا موقع ملا۔ الحمد للہ۔ یہ میری زندگی کا ایک انمول دن ہے۔خدا کرے یہ نصائح ہم اپنی زندگی کا حصہ بنانے والے ہوں۔آمین

(مبارکہ شکیل۔ نیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت)

٭…پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ سے آن لائن ملاقات نے روحانی طور پر یوں لگا جیسے ایک نئی روح پھونک دی ہو۔ پیارے آقا کے دیے گئے ٹارگٹس کی روشنی میں کام کرنے کا جذبہ ایک نئی روح کے ساتھ جاگ گیا۔ اس پیارے رہ نما کی ہدایات کی روشنی میں دنیا کو روحانی طور پر سنوارنا اور اس کے لیے کام کرنا بہت ہی پیارا لگا،الحمد للہ علی ذالک۔

بے شک یہ پروگرام آن لائن تھا لیکن یوں لگا جیسے حضور سے واقعی ملاقات ہو گئی ہو۔ تمام عاملہ کے ساتھ مشفقانہ پیار بھرا انداز،حکمت سے نصیحت کرنا ثابت کرتا ہے کہ پیارے حضور حقیقی Man of God ہیں۔

(روبینہ اظہر۔ نیشنل سیکرٹری تربیت)

٭…الحمدللہ، ثم الحمدللہ کہ آج ہم لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کی عاملہ کو پیارے حضور اقدس سے ملاقات کی توفیق ملی۔اور وائرس کے اس دور میں جبکہ ملنے جلنے کے رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس ڈیجیٹل دور کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے اورپیارے حضور کی براہ راست ہدایات کو سننے کی توفیق دی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں پیارے حضور کی نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(شمیم مظہر۔ نائب صدر لجنہ اما ء اللہ ہالینڈ )

٭…خاکسار بھی لاک ڈاون کے دوران اکثر سوچتی تھی کہ کب کوئی ایسا موقع بنے گا کہ لجنہ مسجد میں اکٹھی ہو کر مل سکیں گی۔ کتنا اچھا سماں ہوگا جب ہم بہنیں دوبارہ ایک دوسرے کو دیکھ سکیں گی۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے حضور انور کے ساتھ آن لائن ملاقات سے ہی دوبارہ ملنے کا موقع ملا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی ہم اس قابل ہو ئے کہ حضور کو دیکھ کر بات چیت کر سکیں، حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نیشنل عاملہ کو جو نصائح فرمائیں اللہ تعالیٰ ہمیں ان پر عمل کرنے کی بھر پور توفیق عطا فرمائے۔آمین

یہ ویک اینڈ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کے لیے بہت با برکت تھا کہ دو دن اپنے پیارے خلیفہ ایدہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ آن لائن ملاقات ہوئی۔ ہم سب نے ذاتی طور پر خلیفہ وقت کی جماعت کے لیے محبت کا نظارہ دیکھا۔ الحمد للہ

اللہ ہمارے پیارے آقا کو صحت والی لمبی عمر عطا فرمائے، اللہ ہمیشہ تائید و نصرت فرمائے اور جماعت کو کامیابی عطا فرمائے۔آمین

ملاقات نو مبائعات اور طالبات

23؍ اگست 2020ء کو جماعت احمدیہ ہالینڈ کی چند طالبات اور نو مبا ئعات کو حضور انور ایدہ اللہ کے ساتھ آن لائن ملاقات کی سعادت نصیب ہوئی۔

ملاقات کا آغاز مقررہ وقت سے دو منٹ قبل ہالینڈ کے مقامی وقت کے مطابق ایک بجکر 43؍ منٹ پر ہوا۔ پروگرام کے آغاز میں محترمہ امینہ احمد صاحبہ نے سورۃ التغابن کی چند آیات تلاوت کیں اور بعد ازاں اس کا ڈچ ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد محترمہ نورین رضا صاحبہ نے اردو ترجمہ پیش کیا۔ دو بہنوں امتۃالنور محمود اور شافعہ محمود نے منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ترنم سے پیش کیا جبکہ ڈچ نظم اگنس سٹیرک نے سنائی۔

اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ نے سوال کرنے کی اجازت مرحمت فرمائی۔

اس مرحلے کا آغاز ایک کُرد نومبائعہ بہن کے حضورِ انور کی خدمت میں سوال پیش کرنے سے ہوا۔ بعد ازاں دیگر نومبائعات اور طالبات نے پیارے حضور کی خدمت میں مختلف نوعیت کے سوالات پیش کر کے رہ نمائی حاصل کی۔

یہ بابرکت مجلس قریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ دو بج کر 40؍ منٹ پر کلاس کا اختتام ہوا۔

سب طالبات اور نو مبائعات کے چہروں سے مسرت جھلک رہی تھی کہ انہیں ان حالات میں بھی اپنے پیارے آقا سے اس طرح ملاقات کر کے رہ نمائی لینا نصیب ہوئی۔ یہ محض اللہ تعالیٰ کا خاص فضل اور حضورِ انور کی شفقت کی بدولت ہی ممکن تھا۔

تاثرات شاملین ملاقات

٭…غزالہ مظفرکہتی ہیں کہ میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی کہ میں کتنی شکر گزار ہوں کہ مجھے حضورِ انور کے ساتھ ایک بار نہیں بلکہ دو بار ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ایک دفعہ عاملہ ممبر ہونے کی حیثیت سے اور ایک دفعہ طالبہ ہونے کی حیثیت سے۔الحمد للہ

جب مجھے یہ علم ہوا کہ ہم اپریل میں انگلینڈ نہیں جائیں گےتو بہت اداس ہوئی۔لیکن اس ملاقات نے سب کچھ بھُلا دیا۔حضور انور نے ہر سوال کا جواب بہت خوبصورتی سے دیا۔ صرف مذہبی معاملات پر ہی نہیں بلکہ دنیاوی معاملات پر بھی بہت ساری ہدایات دیں۔یہ بہت ہی خوبصورت تجربہ تھا۔

٭…بقعۃ النور محبوب نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:آج اللہ تعالیٰ کے خاص فضل کے ساتھ خاکسار کو حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ کی مبارک صحبت میں بیٹھنے کی توفیق ملی۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ہونے والے حالات کے پیشِ نظر حضور انور کے ساتھ اس طریقے سے ملاقات بہت ہی خوبصورت،تاریخی اور ایمان افروز تھی۔ اگرچہ ذاتی ملاقات کرنے کی اپنی اہمیت ہے، ذاتی ملاقات کو ابھی بھی یاد کیا جاتا ہے۔ لیکن حالات کے پیشِ نظر یہ بہت ہی بہترین حل ہےاور اللہ کا بہت فضل ہے۔ الحمد للہ

تأثرات نو مبائعات

ہیوی بامرنے اور امینہ احمدنے کہا:میں بہت خوش ہوں، سب کچھ بہت بہترین ہو گیا الحمدللہ۔مجھے اپنا سوال پوچھنے کا موقع ملا اور بہت ہی خوبصورت جواب بھی ملا۔میں اس کے لیے اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہوں۔جزاک اللہ

آرین مجیدکہتی ہیں:میں اس پروگرام سے بہت لطف اندوز ہوئی ہوں۔شروع میں، مَیں بہت ڈری ہوئی تھی۔میں نے بہترین سوالات اور ان کے خوبصورت جوابات سنے۔ترجمہ کا انتظام بہت اچھا تھا۔میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے ہمیں وقت دیا۔

سابریہ مجید کے خیالات کچھ یوں ہیں:

میں سابریہ ہوں، میں المیرے جماعت کی ایک کُردی خاتون ہوں۔یہ ملاقات بہت دلچسپ تھی۔میں نے بہت عمدہ سوالات اور حضورِانور ایدہ اللہ سے اُن کےبہت خوبصورت جوابات سنے۔ میں یہاں اپنی بیٹی، والدہ، بہن، کزن اور ایک دوست کے ساتھ آئی ہوں۔ میں حضورِانور کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے ہمیں وقت دیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ پیارے حضور کو صحت و تندرستی والی عمر دراز عطا فرمائے اور افرادِ جماعت کے حصے میں ہمیشہ اپنے پیارے امام سے ملاقات اور ان سے براہِ راست رہنمائی حاصل کرنے کی سعادت قائم و دائم رکھے۔ آمین

(رپورٹ: عطیہ اسلم۔ صدر لجنہ اماء اللہ ہالینڈ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button