حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(19؍نومبر۔ 09:00 GMT)

کل مریض: 56,622,547

صحت یاب ہونے والے: 39,416,998

وفات یافتگان: 1,355,905

٭…چین، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت ایشیا بحرالکاہل کے پندرہ ملکوں نے جن میں دنیا کی ایک تہائی آبادی رہتی ہے، اتوار کو ویت نام میں آسیان کانفرنس کے دوران دنیا میں آزادانہ تجارت کے سب سے بڑے علاقائی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ ان ملکوں میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔ مزید دس ملک جنوب مشرقی ایشیاء کی تنظیم آسیان کے ہیں۔ معاہدے کے نتیجے میں ان ملکوں کے درمیان تجارت کی 92 فیصد اشیاء پر ٹیرف ختم کر دیا جائے گا۔

٭… امریکہ نے افغانستان اور عراق میں فوجیوں کی تعداد میں 15؍جنوری تک بڑے پیمانے پر کمی کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ دونوں ملکوں میں فوجیوں کی تعداد اڑھائی اڑھائی ہزار تک لائی جائے گی۔ اس اقدام پر عملدرآمد نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری سے پہلے کیا جائے گا۔ پنٹاگون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع کرسٹوفر ملر کا کہنا تھا کہ امریکہ نے خطے میں زیادہ تر مرکزی اہداف حاصل کرلیے ہیں۔ داعش کو بھی شکست دےدی گئی ہے۔ اب وقت ہے کہ امریکی فوجیوں کو گھر واپس لایا جائے۔

دوسری طرف نیٹو چیف جینز اسٹولٹنبرگ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں اب ایک مشکل فیصلے کا سامنا ہے۔ ہم افغانستان میں تقریباً 20سال سے موجود ہیں اور اب کوئی نیٹو اتحادی ضرورت سے زیادہ وہاں رُکنا نہیں چاہتا، لیکن اس وقت وہاں سے بہت جلدی یا غیر منظم طریق پر واپسی کی بہت بھاری قیمت چکانی پڑ سکتی ہے۔

٭…1967ء سے اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال جاننے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ مشل لینک نے یورپین پارلیمنٹ کی سب کمیٹی برائے انسانی حقوق میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یورپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کی سطح کو نیچے لائے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دباؤ کے بغیر اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اپنا قبضہ ختم نہیں کرے گا۔ اس لئے ضروری ہے کہ یورپ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی بنا پر اس کے ساتھ تجارت، سائنس، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو انتہائی کم کردے۔

٭…شام کے وزیر خارجہ ولید ملائم انتقال کرگئے۔ 79سالہ ولید ملائم کئی سال سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدراتی انتخابات میں شکست کے باوجود فتح کا دعویٰ کردیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کی کہ ’میں امریکی صدارتی انتخابات جیت گیا ہوں۔‘ حالانکہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن کی کامیابی کا بالواسطہ اعتراف کیا تھا۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈائریکٹر سائبر سیکورٹی کرسٹوفر کریبز کو حالیہ صدارتی الیکشن کو تاریخ کے شفاف ترین انتخابات قرار دینے پر عہدے سے ہٹا کر اپنے بیان میں کہا کہ ’الیکشن کی شفافیت سے متعلق کریبز کا بیان انتہائی غلط ہے جس پر انہیں ہٹایا گیا ہے۔‘ کرسٹوفر نے اظہار افسوس کی بجائے ٹوئٹ کی کہ انہوں نے صحیح کام کیا اور انہیں اپنی خدمات کی انجام دہی پر فخر ہے۔

٭… معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر کے ساتھ گزشتہ جمعرات کو اعلیٰ حکام کی میٹنگ میں نائب صدر مائیک پنس، وزیر خارجہ مائیک پومپیو، قائم مقام سیکریٹری دفاع کرسٹوفر سی ملر اور جنرل مارک اے ملی نے شرکت کی۔ میٹنگ کا ایجنڈا بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی رپورٹ پر دیے جانے والے ردّعمل پر غور کرنا بتایا جاتا ہے۔اطلاعات کے مطابق مشیروں نے ٹرمپ کو ایران کے ساتھ براہ راست تصادم نہ کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ ایسا کرنا امریکہ کو ایران کے ساتھ براہ راست سرحدی جنگ میں الجھا سکتا ہے اور کسی بھی قسم کا عسکری یا سائبر حملہ خطے میں ایک نئے تنازع کو جنم دے سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق میٹنگ کے بعد شرکاء کو یقین تھا کہ صدر میزائل حملہ تو نہیں کریں گے البتہ ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کر سکتے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق مشیروں کے مشورے کے بعد ٹرمپ نے ایران پر حملے کا ارادہ ترک کر دیا۔

٭…سابق امریکی صدر باراک اوباما کی آپ بیتی ’اے پرامس لینڈ ‘نامی کتاب منگل کے روز سامنے آئی جس میں امریکی کمانڈوز کی اس کارروائی کے بارے میں حیرت انگیز انکشافات کیے گئے ہیں جو 2 مئی 2011ء کو ایبٹ آباد کے ایک کمپاؤنڈ میں دنیا کے انتہائی مطلوب دہشت گرد اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا سبب بنی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ جو کچھ ہم نے ایبٹ آباد میں اس وقت کیا اس میں ہر ممکن حد تک جارحانہ انداز میں ایک اہم اتحادی کے علاقے کی خلاف ورزی، آپریشنل اور سفارتی مفادات کی پیچیدگیوں میں اضافہ شامل تھا۔

باراک اوباما نے لکھا ہے کہ انہوں نے اس کارروائی میں پاکستان کو شامل کرنے سے انکار کردیا تھا کیوں کہ ان کا خیال تھا پاکستان میں کچھ عناصر طالبان بلکہ شاید القاعدہ سے بھی روابط رکھتے تھے۔

٭…برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن کے دیے گئے پلان ’گرین انڈسٹریل ریوولوشن‘ کے مطابق 2030ء کے بعد خالصتاً پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی نئی گاڑیاں بنانا اور ان کی فروخت روک دی جائے گی۔ بعض ہائبرڈ گاڑیوں کی اقسام اس فیصلے کے زد میں نہیں آئیں گی۔

٭…صومالیہ کے پولیس ترجمان کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے پولیس اکیڈمی کے نزدیک ریستوران میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوگئے۔ دریں اثنا کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

٭…امریکہ کے شہر نیویارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو نے بدھ کے روز کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے جمعرات 19؍ نومبر سے نیویارک کے سکولز بند کرنے کا اعلان کر دیاہے۔

٭… امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے 4 امریکی ریاستوں روڈ آئی لینڈ، ٹیکساس، نیو میکسیکو اور ٹینیسی میں کورونا وائرس کی ویکسین کے ڈلیوری پائلٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ واضح رہے کہ فائزر کی ویکسین کے 95 فیصد تک مؤثر ہونے کا دعویٰ کیا جا چکا ہے۔

٭…صدی کی خطرناک ترین وبا نووَل کورونا وائرس کے منظرِ عام پر آنے پر ایک سال مکمل ہو گیا۔ چین کے شہر ووہان میں 17 نومبر 2019ء کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا اور سب سے پہلے ووہان میں ہی کورونا وائرس پر قابو پایا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ کورونا وائرس جانورں سے انسانوں میں منتقل ہوا۔جب سائنسدانوں نے ایک مریض کے جسم سے لیے جانے والے وائرس کا جائزہ لیا تو سیدھا اشارہ چمگادڑوں کی جانب کیا گیا۔چین نے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال 6 روز میں تعمیر کر دیا جبکہ دوسری جانب ووہان میں ہر قسم کی آمدورفت معطل اور لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا گیا تھا۔ کورونا وائرس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عالمی ادارہ صحت نے 11؍مارچ کو اسے عالمی وبا قرار دے دیا۔

کرونا وائرس کی عام علامات میں نظام تنفس کے مسائل (کھانسی، سانس پھولنا، سانس لینے میں دشواری)، نزلہ، نظام انہضام کے مسائل (الٹی، اسہال وغیرہ) اور تھکاوٹ جیسی علامات شامل ہیں۔ شدید انفیکشن نمونیہ، سانس نہ آنے یہاں تک کہ موت کا سبب بن سکتا ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کی مزید روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈاؤن، سفری پابندیاں، قرنطینہ، کرفیو، اجتماعات اور تقریبوں کا التوا یا منسوخی، عبادت گاہوں اور سیاحتی مقامات کو مقفل کر دینے جیسے اقدامات بھی کیے گئے۔ تعلیمی ادارے بھی لمبے عرصہ بند رہنے کی وجہ سے طلبا کی تعلیم بہت زیادہ متاثر ہوئی تاہم آن لائن کی صورت میں اداروں نے تعلیمی نقصان کو کم کرنے کی کوشش کی۔ اسی طرح آن لائن آفس ورک میں بھی اضافہ ہوا۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ یورپ اور امریکہ متاثر ہوئے جبکہ ایک سال کے دوران مہلک وائرس 13 لاکھ سے زائد جانیں نگل چکا ہے اور دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ساڑھے 5کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

٭بیلجیم کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کیسز 23 ہزار سےکم ہو کر یومیہ 4 ہزار پر آگئے ہیں۔

٭ترکی میں ویک اینڈز پر کرفیو لگانے کا اعلان کرتے ہوئے ترک صدر طیب اردگان کا کہنا تھا کہ ہم تشویشناک صورتحال سے گزر رہے ہیں، کورونا کیسز اور اموات کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے کے سبب اس ویک اینڈ سے رات 8 بجے سے صبح 10 بجے تک کرفیو ہوا کرے گا۔ صورتحال کنٹرول نہ ہوئی تو پابندیاں مزید سخت کی جا سکتی ہیں۔ کیفے اور ریستوران صرف ڈلیوری سروسز کریں گے۔ سکولوں میں آن لائن تعلیم سال کے آخر تک جاری رہے گی۔

٭…برطانوی حکومت کے سائنسی مشیروں کے مطابق ملک میں پہلی لہر کے مقابلے میں دوسری لہر کے دوران کورونا وائرس سے متاثر سکول جانے والی عمر کے بچوں کی تعداد نمایاں طور پر بڑھی ہے۔ نیشنل ایجوکیشن یونین کا کہنا ہے کہ بچوں میں وائرس کی مثبت تعداد پریشان کن ہے۔ حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ستمبر میں 16 سے 24 سال کے افراد میں وائرس سے متاثر ہونے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

٭… امریکہ نے پاکستان کو پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کرلی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کو موصولہ مراسلہ کے مطابق امریکی کمپنی نے ویکسین فراہمی کی درخواست پر جواب نہیں دیا جبکہ امریکہ کی جانب سے جواب دیا گیا ہے کہ کمپنی پہلے فیز میں ویکسین کی مقامی ضرورت پورا کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کورونا ویکسین برآمد کی جائے گی۔

٭…کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 2020ء (PSL) کا فائنل میچ جیت لیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 135 رنز کا ہدف بابراعظم کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 18 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیاگیا۔

پاکستان سپر لیگ 5 میں کراچی کنگز کے بلے باز بابر اعظم نے 59 کی اوسط سے سب سے زیادہ 473 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی کے پاس ہے جنہوں نے 12 میچوں میں 19 کی اوسط سے 17 وکٹیں لیں۔ بابراعظم کو بہترین بیٹسمین اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا، شاہین شاہ آفریدی بہترین بولر قرار پائے جبکہ فخر زمان کو بہترین فیلڈر کا اعزاز ملا۔ پشاور زلمی کے نوجوان بلے باز حیدر علی کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button