سینیگال کے ریجن امبور کے گاؤں گیچیم میں مسجد بیت اللطیف کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے 27 نومبر 2020ء بروز جمعۃ المبارک ریجن امبور کے ایک گاؤں گیچیم میں مسجد بیت اللطیف کے افتتاح کی تقریب ہوئی۔ اس گاؤں کے امام محترم عیسیٰ انجائےصاحب نے چند سال قبل بیعت کی اور جماعت احمدیہ حقہ اسلامیہ میں داخل ہوئے۔ اُس وقت گاؤں میں ایک کچی اور بالکل چھوٹی سی مسجد تھی۔جو دراصل ایک چھوٹا سا کمرہ تھا ۔ بیعت کے بعد گاؤں کے لوگوںکی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں تک کہ جماعت کے معلم سلسلہ اور عیسیٰ انجائے صاحب اپنے ہی گھر میں نمازیں ادا کرنے لگے۔
شروع میں تو یہ دونوں گاؤں میں اکیلے احمدی ہوتے تھے۔ پھر اس گاؤں کے مؤذن محترم داؤد صاحب نے بھی بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ اس طرح آہستہ آہستہ گاؤں کے لوگوں کو جماعت میں شامل ہونے کی توفیق ملتی رہی اور آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے تین گھروں کے سوا جو کہ ایک اور جگہ سے آکر یہاں آباد ہوئے ہیں سارا گاؤں احمدی ہے۔ الحمد للہ
محترم عیسیٰ انجائےصاحب تو اب اس دنیا میں نہیں رہے اور گزشتہ سال وفات پاگئے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک ایکڑ زمین مسجد کے لیے جماعت کے نام کردی تھی۔ ان کے بیٹے مکرم عثمان انجائے صاحب اب قائد مجلس ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے والد صاحب کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مسجد بیت اللطیف مکمل طور پر اپنی مدد آپ کے تحت بنائی گئی ہے اور اس خوبصورت مسجد کی تعمیر میں لجنہ اماء اللہ نے نمایاں کام سر انجام دیا۔ انہوں نے دورانِ تعمیر پانی مہیا کرنے کی ذمہ داری نبھائی۔اسی طرح خدام اور اطفال نے بھی بھرپور وقارعمل کیا۔ مسجد کی تعمیر تین ماہ کے عرصہ میں مکمل ہوئی۔
مسجد میں 150نمازیوںکی گنجائش ہے۔ مسجد میں بجلی اور لاؤڈ سپیکر کا انتظام ہے۔ اسی طرح پانی کا انتظام بھی ہےاور وضو کے لیے ٹوٹیاں باقاعدہ لگائی جارہی ہیں جس پر افتتاح کے دن کام شروع کر دیا گیا ہے۔
مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد حضور انور نے ازراہ شفقت اس مسجد کا نام بیت اللطیف عطا فرمایا۔ افتتاح کے موقع پر حاضری 332 رہی۔ لجنہ نے کھانا تیار کیا جو تمام حاضرین کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں آٹھ دیہات سے امام اور چیف شریک ہوئے ۔محترم امیر صاحب نے افتتاح کے موقع پر مسجد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور دعا کی کہ’ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ نمازیوں سے بھرا رکھے ۔ مسجد کی اصل رونق اورخوبصورتی مسجد کے آباد ہونے میں ہے۔‘ الحمدللہ یہ پروگرام بہت اچھا رہا اور سب گاؤں کے لوگ بہت خوش تھے۔ صدر جماعت مکرم داؤدا صاحب اور خاکسار نے امیر صاحب اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا جو کہ ڈاکار سے آئے تھے۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: ظفراقبال۔ مربی سلسلہ سینیگال)