اَروشا ریجن تنزانیہ میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ اور عطیہ خون کا پروگرام
مکرم محمد شفیع میمن صاحب (ریجنل مبلغ اَروشا) لکھتے ہیں :
تنزانیہ کے شمال میں واقع اَروشا ریجن میں ماہِ نومبر میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔
ان جلسوں کا بنیادی مقصد احبابِ جماعت اور خاص طور پر نئی نسل کو ہمارے آقا و مولیٰ حضر ت محمد مصطفیٰﷺ کی حیاتِ طیبہ کے بارہ میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنا تھا۔ نبی کریم ؐنے دنیا میں آکر لوگوں کو اسلام کی نعمت سے سرفراز فرمایا اور اپنے اُسوۂ حسنہ سے تمام دنیا کو منور کردیا۔
اَروشا ریجن میں کُل 7جماعتیں ہیں۔ الحمدللہ تمام جماعتوں میں دورانِ ماہ جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد ہوا۔ ان جلسوں میں احبابِ جماعت کے علاوہ غیر از جماعت مہمانان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔ جلسوں میں خدام و اطفال نے نظمیں اور قصیدہ (یاعین فیض اللّٰہ والعرفان)خوش الحانی سے پڑھ کر سنایا۔ خاکسار اور دیگر معلمین کرام نے سیرت النبیﷺ کے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں جن میں آنحضورﷺ کی ذاتِ بابرکات ، عبادات، روز مرہ کے معاملات اور دوسروں سے حسنِ سلوک کے موضوعات شامل ہیں۔
بلاشبہ آج جب دنیا کے ایک حصہ میں ہمارے نبی کریمﷺ کی ذات پر ناپاک حملے ہورہے ہیں تو جماعت احمدیہ صفِ اول میں آکر اپنے پیارے آقاﷺ کی سیرتِ طیبہ کے حسین پہلوؤں کو تمام دنیا کے سامنے اجاگر کررہی ہے۔ الحمد للہ
ان جلسوں میں کُل 128 احمدی احباب جبکہ 9 غیر ازجماعت مہمانان کرام نے شرکت کی۔اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ اِن تمام جلسوں کے ثمر آور اثرات ظاہر ہوں اور مولا کریم ہم سب کو عشقِ رسولﷺ کو حقیقی رنگ میں سمجھنے والا اور اس کے رنگ میں رنگین ہونے والابنائے آمین۔
اسی طرح اَروشا جماعت کے خدام کو ’’بلَڈڈرائیو‘‘ کے پروگرام میں شامل ہوکر خون کا عطیہ دینے کی بھی توفیق ملی۔ اس بلَڈ ڈرائیو کا اہتمام لوکل گورنمنٹ کی طرف سے ضرورت مند خواتین اور بچوں کے لیے خون کے عطیات اکٹھے کرنے کی غرض سے کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے چند دن قبل علاقہ کی مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں اعلانات بھی کروائے گئے۔ جماعت احمدیہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر میدان میں خدمت خلق کے مواقع حاصل کرتی ہے۔ گورنمنٹ کی تحریک پر لبیک کہتے ہوئے خدمت خلق کے اس نادر موقع پر جماعتی وفد نے شرکت کی اور 7خدام نے خون کا عطیہ دیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی طرف سے یہ قربانی قبول فرمائے اور جزائے خیر سے نوازے۔آمین
(رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)