انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز کے سالانہ سمپوزیم (یوروپین چیپٹر) کے اختتامی اجلاس سے حضور انور کا بصیرت افروز خطاب کا اردو ترجمہ (27؍ اپریل 2019ء)
(فرمودہ مورخہ 27؍ اپریل 2019ء بمقام طاہر ہال مسجد بیت الفتوح مورڈن)
بے کسوں کی تکالیف کو اللہ کی رضا کی خاطر دور کرنا
(اس خطاب کا اردو ترجمہ ادارہ الفضل اپنی ذمہ داری پر شائع کر رہا ہے)
أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ۔
أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ-بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ﴿۱﴾
الحمدللہ، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز (IAAAE ) آج ایک مرتبہ پھراپنا سالانہ سمپوزیم منعقد کررہی ہے اور اب اس کا اختتامی اجلاس جاری ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے حالیہ سالوں میں IAAAEبہت فعال ہوئی ہے اور اس کا دائرۂ کار وسیع ترہوا ہے۔ IAAAE اب صرف انہی چند منصوبوں پر ہی کام نہیں کررہی جو انہیں یہاں برطانیہ میں مرکز کی جانب سے دیے جاتے ہیں یا مرکز سے متعلقہ ہوتے ہیں بلکہ میری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جو میں انہیں وقتاً فوقتاً دیتا رہتا ہوں ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے IAAAEکے ممبران نے کئی نئے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے اور اب یہ دنیا بھر میں وسیع اور پیچیدہ منصوبے بھی کرر ہے ہیں۔ مثال کے طور پر IAAAE دنیا بھر میں ہماری مساجد اور سینٹرز کی تعمیر میں شاندار کردار ادا کررہی ہےاور اس کے ساتھ ساتھ تسلسل سے اپنے فلاحی کاموں کو بھی پھیلا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا میں جہاں بھی IAAAE کام کرہی ہے اس کے ممبران وقف کی حقیقی روح کے ساتھ خدمت کررہے ہیں۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو مسلسل اپنے کام اور خدمات بڑھانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔
IAAAEیورپین چیپٹر کے کئی حالیہ منصوبوں میں سے بڑے منصوبے مالی اور تنزانیہ میں جماعتی کمپلیکس کی تعمیرکے تھے۔ مالی میں جو کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے اس میں مسجد، مختلف دفاتر، گیسٹ ہاؤس اور مربی ہاؤس شامل ہیں۔ اللہ کے فضل سے جو تصاویر میں نے دیکھی ہیں اور جو رپورٹس مجھے ملی ہیں ان کے مطابق یہ نئی مسجد اور ملحقہ عمارتیں بہت خوبصورت ہیں اور بہترین انداز میں ڈیزائن کی گئی ہیں۔ یہاں سے اور دیگر ممالک سے جانے والوں نے بتایا ہے کہ یہ کمپلیکس انتہائی متأثر کن، خوبصورت اور بہترین طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔
اسی طرح جیسا کہ میں نے بیان کیا ہے، تنزانیہ میں ایک اَور کمپلیکس کی تعمیر اب مکمل ہو چکی ہے جس کا آغاز دو یا تین سال قبل کیا گیا تھا ۔ اس کمپلیکس میں ایک خوبصورت مسجد کے ساتھ ایک کثیر المنزلہ عمارت بھی تعمیر کی گئی ہے جس میں مختلف دفاتر اور جماعتی ضروریات کے لیے سنٹر قائم کیا گیاہے۔ یہ کمپلیکس شہر کے ایک ترقی یافتہ حصہ میں تعمیر کیا گیا ہے اور اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ یہ اپنے اردگرد کی شاندار عمارتوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو جائے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ عمارتیں ہماری تبلیغ کے لیے نئی راہیں کھول رہی ہیں اور ان کے ذریعہ مقامی افراد میں ہمارا تعارف بھی بڑھ رہا ہے جو ان نئی عمارتوں اور مراکز سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ وہ دیکھ سکتے ہیں کہ ہم کس طرح ان مراکز کے ذریعہ قومیت اور رنگ و نسل کے امتیاز سے بالا ہو کر انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، کس طرح ہم مشکلوں میں گھِرے لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہترکرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں اور کس طرح ہم معاشرے کے محروم اور کمزور ترین طبقے کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھا رہے ہیں۔
یقیناً مالی اور تنزانیہ میں خدمتِ انسانیت کے کام ان حالیہ منصوبوں سے پہلے بھی جاری ہیں، تاہم ان نئی عمارتوں نے ہمیں اس قابل کیا ہے کہ ہم اپنی کوششوں کو بڑھا سکیں ۔ ان سے مقامی افراد پر بہت مثبت اثر پڑا ہے اور یہ حقیقی اسلام کا پیغام پھیلانے میں ممد ثابت ہورہی ہیں۔
IAAAE کے فلاحی کام بڑھ رہے ہیں اور ترقی کی منازل طَے کررہے ہیں جیسا کہ اب آپ اللہ کے فضل سے 20؍ماڈل ویلیجز کی تعمیر مکمل کرچکے ہیں۔ الحمدللہ۔ گذشتہ سال کی جو رپورٹ مجھے ملی ہے اس کے مطابق IAAAE نے 119؍نئے واٹر پمپ لگائے ہیں جن کے ذریعہ سے دور دراز علاقوں میں صاف پانی میسر آیا ہے، جبکہ مزید 200 واٹر پمپس کی مرمت کر کے انہیں بحال کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ برقی توانائی کی سہولت سے محروم علاقوں میں شمسی توانائی پیدا کرنے والے (solar) پینلز کے ذریعہ سے بجلی فراہم کرنے کے لیے بھی کامیاب کوشش کی گئی ہے۔ اس طرح اَور بہت سے منصوبے ہیں جن پر یہاں یوکے اور دیگر یوروپین ممالک سے جانے والے انجینئرز، آرکیٹیکٹس اور دیگر رضاکار افراد نے کام کیا ہے اور ماشاء اللہ ان کی خدمت کا جذبہ اور ان کی فنی قابلیت مثالی ہے۔
اس طرح IAAAE مختلف جہات میں اچھا کام کررہی ہے اور آپ کی خدمات جماعت کے لیے اور وسیع معاشرے کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو رہی ہیں۔ IAAAE کے ممبران پیشہ وارانہ مہارت، ذمہ داری اور اخلاص سے جماعت کی اور ان لوگوں کی تکالیف دور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جو تنگی اور کس مپرسی کی حالت میں زندگی بسر کرر ہے ہیں۔بعض رضاکار تو اخراجات کا بھی مطالبہ نہیں کرتے اور اس طرح اپنے وقت اور پیشہ وارانہ مہارت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سفر کے اخراجات بھی خود برداشت کر رہے ہیں۔ بلاشبہ ایسے مخلصین وقف کی حقیقی روح کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ میں ان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ان خدمات کی بہترین جزا دے اور ان کی کوششوں میں بے انتہابرکت ڈالے۔ میں پھر دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ IAAAEکے ان کارکنان اور رضاکاروں کوبنی نوع کی خدمت اور جماعتی خدمت میں ہمیشہ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ کے علم، آپ کی صلاحیتوں اور قابلیتوں میں برکت ڈالے تاکہ آپ کے کام اور خدمات اعلیٰ سے اعلیٰ معیار حاصل کرتے چلے جائیں۔
میں آپ کی توجہ ایک بہت ضروری امر کی طرف بھی مبذول کروانا چاہتا ہوں اور وہ یہ کہ آپ اللہ تعالیٰ سے سچا اور دائمی تعلق قائم کرنے کی خاص کوشش کریں، اس کے شکر گزار رہیں اور ہر وقت اپنی عبادتوں کے معیار بڑھانے کی کوشش میں لگے رہیں۔ آپ کی توجہ کا مرکز صرف وہ ظاہری کام ہی نہ ہوں جو آپ کررہےہیں بلکہ اصل توجہ اللہ تعالیٰ سے ذاتی تعلق قائم کرنے پر مرکوز رہے اور یہی ہمیشہ آپ کا حقیقی مقصد ہو۔ اگر آپ حقیقی طور پر اللہ تعالیٰ کا قرب پانے کی کوشش کریں گے تو آپ دیکھیں گے کہ کس طرح اللہ تعالیٰ آپ کی کوششوں میں برکت ڈالے گا اور آپ اپنی محنت کے بہترین پھل پانے والے ہوں گے۔
اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے قرب میں بڑھاتاچلا جائے اور خدمتِ انسانیت کے لیے بہترین انداز میں اپنی کوششوں کو بڑھانے کی توفیق دے۔ اللہ کرے کہ آپ جماعت کے لیے مفید وجود بنیں اور ایک بڑی تعداد میں نوجوان آگے آئیں اور اپنے پیش روؤں کے نقشِ قدم پر چلیں جو کئی سال سے خدمت کررہےہیں۔ اللہ کرے کہ وہ اپنے پیش روؤں کے اچھے نمونوں سے سبق حاصل کریں اور پھر ان سے بڑھ کرجذبہ، ہمت اور صلاحیت کے ساتھ خدمت کریں تاکہ IAAAE کا کام ترقی کرتا چلا جائے۔
اللہ تعالیٰ ہمیشہ IAAAE کے کاموں میں برکت ڈالے اور اللہ آپ سب کو اپنی مخلصانہ کوششوں کی جزا دے۔ جزاکم اللہ۔ آمین۔
(ترجمہ: ٹیم تراجم ادارہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭