جلسہ سالانہ سیرالیون 2019ءکا بابرکت اور کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعتِ احمدیہ سیرالیون کا جلسہ سالانہ8؍ تا 10؍ فروری 2019ء کوکامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مکرم کمال بروجہ صاحب (بطور نمائندہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز)، مکرم امیر صاحب نائیجیریا، مکرم امیر صاحب گیمبیا اور مکرم امیر صاحب لائبیریا کو بطور مہمان بھجوایا۔ نائیجیریا، گیمبیا،لائبیریا اور گنی کناکری سے بڑے وفود جلسہ سالانہ میں شامل ہوئے۔ا مسال افسر جلسہ سالانہ مکرم عقیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ تھے ۔جلسہ کے انتظامات کو احسن رنگ میں انجام دینے کے لیے جلسہ کے انتظامات کو 25 مختلف شعبہ جات میں تقسیم کیا گیا۔ جامعہ احمدیہ سیرالیون کے طلباء و اساتذہ نے جلسہ کے انتظامات میں بھرپور معاونت کی توفیق پائی ،اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے ،آمین۔ جلسہ سالانہ احمدیہ مسلم سینئرسیکنڈری سکول Boٹاؤن کے احاطہ میں منعقد ہوا۔
پہلا دن
مؤرخہ8فروری2019ءکوآغاز حسب روایت باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔
پہلا اجلاس بروز جمعۃ المبارک :08:30بجے صبح جلسہ کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکرم کمال بروجہ صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ محترم نائب امیر اول سیرا لیون الحاج ڈاکٹر شیخو تامو صاحب نے سیرالیون کا جھنڈا لہرایا۔
امسال سیرالیون کے نئے صدر مملکت نے ہماری دعوت کو قبول کیا اور متعدد وزراء کے ساتھ جلسہ سالانہ کے پہلے دن پہلے اجلاس میں تشریف لائے۔ ان کے علاوہ 3سابق نائب صدورمملکت بھی اس سال جلسہ سالانہ میں شریک ہوئے۔صدر مملکت اپنے قافلہ سمیت 2گھنٹے تک جلسہ گاہ میں موجود رہے اور حضرت مسیح موعودؑ کے اس الہام کی صداقت کی عملی تصویر بنے رہے کہ
“بادشاہ تیرے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے”
مکرم و محترم امیر و مشنری انچارج مولانا سعید الرحمٰن صاحب کی صدارت میں پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم مع کریوزبان میں ترجمہ سے ہوا۔ بعدہٗ حضرت مسیح موعود ؑ کا عربی قصیدہ مع ترجمہ پیش کیا گیا۔ محترم امیر صاحب سیرالیون نے صدر مملکت اور تمام آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
مکرم صدر مملکت نے اپنے خطاب میں جماعت کی خدمات کو سراہا اورکہا کہ
‘‘میں ذاتی طور پر بھی آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے جماعتِ احمدیہ کے جلسہ سالانہ میں شرکت کا موقع دیا… میری حکومت اور سیرالیون کی عوام کی طرف سے جماعتِ احمدیہ کے عالمی سربراہ حضور اقدس کی خدمت میں محبت بھرا سلام پہنچا دیں۔ایک قوم کے طور پر ہم آپ کی بہترین قیادت کو سراہتے ہیں اور ایک سربراہ کے طور پر، ہم حضور اقدس کی امن عالم اور اخوت کے قیام کی انتھک کوششوں پر آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔میں نے حضور اقدس کی کتاب Pathway to Peaceکا بغور مطالعہ کیا ہے،جو کہ اسلام کی تعلیمات کے ذریعہ امن عالم کے قیام کی ایک اعلیٰ کاوش ہے۔
2003ء سے ہونے والے آپ کے Peace Symposium اور شہرہ آفاق کتاب Pathway to Peace اس بارے میں راہنمائی کرتی ہے جس کا عملی نمونہ جماعتِ احمدیہ سیرالیون دکھا رہی ہے۔ایک قوم کے طور پر ہم حضور انور کی خدمت میں شکریہ کا پیغام بھیجتے ہیں۔
1921ء سے لے کر آج تک احمدیہ مسلم جماعت پورے سیرالیون میں لوگوں کی زندگیاں سنوار رہی ہے۔
خواتین و حضرات میں اس بات پر اپنی تقریر کو ختم کرتا ہوں کہ میرا اور میری حکومت کا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہے۔کئی نسلوں سے آپ زندگیاںسنوارتے چلے آرہے ہیں۔ موصوف نے Humanity First اور IAAAEکی خدمات کو بھی سراہا۔
متعدد معزز شخصیات نے خیر سگالی کے پیغامات دیے اور جماعت کی خدمات کا احسن رنگ میں ذکر کیا۔مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے دعا کروائی ۔اس طرح یہ پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
نماز جمعہ:۔
خطبہ جمعہ مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا نے دیا جس میں آپ نے خطبہ میں درود شریف کی برکات بیان کیں۔
پہلا دن، دوسرا اجلاس :۔
دوسرا اجلاس خواتین کے لیے مخصوص تھا جس کی صدارت محترمہLilian Songoصاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ سیرالیون نے کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ، لجنہ کے عہد اور حدیث سے ہوا اورلجنہ اماء اللہ کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی۔
خلافت کی برکات کے موضوع پر پہلی تقریر ہوئی۔اس کے بعد لجنہ اماء اللہ کے کچھ معاملات پر گفتگوہوئی اور ایک نظم اردو زبان میں پیش کی گئی۔اس کے بعد بیرون ملک سے آنے والی مہمان خواتین نے مختصر خطاب کیے۔ اس اجلاس کے آخر میں محترم امیر و مشنری انچارج صاحب سیرالیون نے لجنہ اماء اللہ کو چند نصائح سے نوازا اور دعا کروائی۔
نماز مغرب وعشاء کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے تازہ خطبہ جمعہ کاانگریزی زبان میں ترجمہ سنوایا گیا۔
دوسرا دن
مؤرخہ 9فروری 2019ءکو آغاز حسب روایت باجماعت نماز تہجد ، درس اور نماز فجرسے ہوا ۔
پہلا اجلاس :۔
دوسرے دن پہلے اجلاس کا آغاز 10:00بجے مکرم و محترم امیر صاحب نائیجیریا کی صدارت میں ہوا۔تلاوت قرآن مجید اور اس کا کریو زبان میں ترجمہ پیش کیا گیا اور اس کے بعد نظم ‘‘ہے دست قبلہ نما’’ انگریزی ترجمہ کے ساتھ پیش کی گئی۔
اس اجلاس میں پہلی تقریر کاموضوع ‘‘عربوں میں قبول احمدیت ’’تھا جبکہ دوسری تقریر‘‘خلافت کی برکات’’ کے موضوع پرہوئی۔آخری تقریر‘‘خاتم النبیین از تحریرات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام ’’کے عنوان پر تھی۔ بعد ازاں معزز مہمانان نے اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا۔
آخر پرمحترم امیر صاحب نائیجیریانے اختتامی کلمات کہے جن میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ان برکات کے حصول میں بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
دوسرا دن ، دوسرا اجلاس :۔
نماز ظہر و عصر کے بعد دوسرا اجلاس مکرم محترم امیر صاحب گیمبیاکی صدارت میں شروع ہوا۔تلاوت قرآن مع کریو زبان میں ترجمہ اور نعتِ رسول کریم ﷺ ‘‘بدرگاہ ذی شان خیر الانام’’مع ترجمہ پیش کی گئی۔
دو تقاریر‘‘صحابہ کرام رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ’’ اور‘‘انفاق فی سبیل اللہ’’کے موضوع پر ہوئیں ۔
اس کے بعد سیکرٹری صاحب تعلیم سیرالیون نے امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں تعلیمی کارکردگی کی اسناد تقسیم کیں۔
محترم امیر صاحب گیمبیا نے اختتامی کلمات میں کہا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز گذشتہ کئی خطبات میں صحابہ رضوان اللہ علیھم اجمعین کے حالات زندگی بیان فرما رہے ہیں اور ہمیں باربار نصائح کر رہے ہیں کہ ہمیں صحابہ کرام کی قربانیوں اور طرز زندگی کی پیروی کرنی چاہیے۔اس اجلاس کا اختتام دعا سے ہو اجو محترم امیر صاحب گیمبیا نے کروائی۔
تیسرا دن
مؤرخہ 10فروری 2019ءکو آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ اس کے بعد درس دیا گیا اور نماز فجر ادا کی گئی۔
اختتامی اجلاس :۔
یہ اجلاس مکرم و محتر م مو لانا سعید الرحمان صاحب امیر و مشنری انچارج سیرا لیون کی زیر صدارت صبح 10:00بجے شروع ہوا۔تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعود ؑکا اردو کلام‘‘ ہے شکر رب عز وجل…’’ مع کریو ترجمہ پیش کیے گئے۔
اس تقریر کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے لیے بھجوایا گیا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
خصوصی پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
برائے جلسہ سالانہ سیرالیون
جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت ایک خصوصی پیغام عطا فرمایا جس کا اردو ترجمہ حسب ذیل ہے۔
‘‘پیارے ممبران احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا56 واں جلسہ سالانہ 8، 9 اور 10 فروری 2019 کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب فرمائے اور تمام شاملین جو اس منفرد اور خاص مذہبی اجتماع میں شرکت کر رہے ہیں، خدا کے نمایاں فضل اور بے انتہا برکتیں حاصل کرنے والے ہوں۔
یہ ذہن میں رکھیں کہ ایک احمدی مسلم پیدا ہونا یااپنے آپ کو احمدی کہلانا کافی نہیں ہے۔یقیناً، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ماننا تو صرف احمدیت کی طرف پہلا قدم ہے۔بلکہ ایک با عمل احمدی بننے کے لیے بے انتہا کوشش کرنے کی ضرورت ہے کہ ان افعال پر مکمل لگن اوریکسوئی کے ساتھ عمل کیا جائے جوایک احمدی سے توقع کیے جاتے ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام واضح طور پر فرماتے ہیں، بیعت کا مطلب اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کردینا ہے۔
اللہ تعالیٰ کا یہ ہم پر بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں اپنے فضل سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو ماننے کی توفیق عطا فرمائی ہے، جسے آنحضرت ﷺ نے‘‘ہمارے مہدی’’ کے الفاظ سے خطاب فرمایا ہے۔ یہ پیار اور قرب کے اظہار کا اعلیٰ مقام ہے جو آنحضرت ﷺ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور مہدی معہود علیہ السلام کو عطا فرمایا ہےجن کو آخری دنوں میں اسلام کے احیاء اور قیام امن کے لیے دنیا میں آنا تھا۔
آپ علیہ السلام نے اپنے ماننے والوں کو بڑے درد کے ساتھ اپنی بیعت کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی طرف رہنمائی فرمائی ہے تا کہ ہم حقیقی احمدی بن سکیں ۔ یہ وہ ارشادات ہیں جنہیں ہمیں باقاعدہ اپنے سامنے رکھنا چاہیے اور یہی ہماری روحانی تربیت کا ذریعہ ہیں۔اسی کے ذریعہ ہم دین کا ادراک بھی حاصل کر سکتے ہیں اوراسی کہ ذریعہ سے ہم خدا تعالیٰ کے قرب پانے کے راستے بھی تلاش کر سکتے ہیں۔ یہی ذریعہ ہے جس سے ہم قرآن کریم کے اسرارو معارف تک پہنچ سکتے ہیں۔ اور یہی ذریعہ ہے جس سے ہم اپنی اعتقادی اور عملی حالتوں کو درست کرسکتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ بڑی بدقسمتی ہوگی اگر ہم اس خزانے کے ہوتے ہوئے اس سے فائدہ نہ اٹھائیں۔پس جماعت کے ہرفرد کا یہ فرض ہے کہ وہ آپ علیہ السلام کے الفاظ کو ہدایت کے حصول کے لیے پڑھے اور غور کرے اور ان پر عمل کرے تا وہ ان اعلیٰ روحانی مدارج کو حاصل کرنے والا ہو جس کی حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہم سے توقع رکھتے ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بار بار یہ الہام ہوا۔‘‘ان اللّٰہ مع الذین اتقوا والذین ھم محسنون’’(النحل:129)
یعنی اللہ تعالیٰ ان کی حمایت و نصرت میں ہوتا ہے جو تقویٰ اختیار کریں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
‘‘خدا جانے یہ الہام دو ہزار مرتبہ ہوا ہو۔ اس سے غرض یہی ہے کہ تا جماعت کومعلوم ہو جاوے کہ صرف اس بات پر ہی فریفتہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم ا س جماعت میں شامل ہو گئے ہیں یا صرف خشک ایمان سے راضی ہو جاؤ۔ اللہ تعالیٰ کی معیت اور نصرت اس وقت ملے گی جب سچا تقویٰ اور پھر نیکی ساتھ ہو۔’’
ہم پر، جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کا دعویٰ کرتے ہیں، لازم ہے کہ نا صرف ہم آپؑ کے الفاظ کو پڑھیں اور سنیں بلکہ ان پر عمل کرتے ہوئے اپنی روحانی حالتوں کو اس درجہ پر لے آئیں جس کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہم سے کی ہے۔ اور سب سے ضروری یہ کہ ہم اللہ تعالیٰ سے ایک ذاتی تعلق بناتے ہوئے اپنی روحانی حالت کو بہتر کریں، اور مسلسل اپنے عملوں کو بہتر کریں اور تبلیغ کی نئی راہیں کھولیں۔ ہمیں اس حقیقت پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے کہ ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مان لیا ہےجو کہ آنحضرت ﷺ کے ایک کامل پیرو تھے، جنہوں نے اسلام کا دفاع اور اس کی عظمت کو بحال کرنا تھا۔ہمیں اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور کوشش کرنی چاہیے اور اپنی روحانی حالتوں کو بہتر کرنا چاہیے اور اپنی عبادتوں کے معیار کو اس درجہ تک لے جانا چاہیے جو اللہ تعالیٰ ہم سے چاہتا ہے۔ اور تمام قسم کی بدیوں کو چھوڑتے ہوئے مکمل ایمانداری سے نیک اعمال بجالانے چاہئیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بابرکت الفاظ اور نصائح پر توجہ دینے کی توفیق عطا فرمائے، اور وہ آپ کے جلسہ کو بہترین طور پر کامیاب فرمائے اور آپ سب کو بیعت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ ہمیشہ نظام خلافت سے وفادار رہیں۔ اور اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لاتے ہوئے آپ کو نیکی، تقویٰ اور اسلام اور انسانیت کی خدمت میں بڑھانے والا ہو۔اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔’’
……………………………………
اس کے بعد ڈپٹی منسٹرآف واٹر ریسورسز Mr Edward H. Sandyنے مختصر خطاب کیا۔
اس اجلاس میں ‘‘سوشل میڈیا کے نقصانات ’’ اور ‘‘نماز کی اہمیت ’’پر تقاریرکی گئیں۔آخر پر مکرم امیر و مشنری انچارج سیرا لیون نے حاضرین کو چند نصائح سے نوازا ۔
اس کے بعد معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات پیش کیے۔
اختتامی دعا:۔
محترم امیر و مشنری انچارج صاحب سیرا لیون نے آخر پرتمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورمتعدد امور کی طرف توجہ مبذول کروائی۔ جلسہ کے شعبہ تجنید کے مطابق امسال جلسہ سالانہ سیرا لیون میں22,718افراد نے شرکت کی ، الحمدللہ علیٰ ذٰلک۔دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ۔
میڈیا کوریج:
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ سیرا لیون کو ملک گیر میڈیا کوریج دی گئی، جلسہ سالانہ کے دوران کل 30ریڈیو اور TVچینلز کے نمائندگان موجود رہے جن میں سے 22؍ریڈیو چینلز بشمول احمدیہ مسلم ریڈیو نے جلسہ کی کاروائی براہ راست نشر کی جبکہ8ریڈیو چینلز جلسہ کی ریکارڈنگز مختلف انداز میں اب تک نشر کر چکے ہیں۔ ریڈیو کے علاوہ ملک کے قومی TVچینل SLBCنے بھی جلسہ سالانہ سیرالیون کو ملک گیر کوریج دی جبکہ دیگر TVچینلز میںFTNٹی وی نے جلسہ کی کارروائی اپنے3چینلز پر براہ راست نشر کی۔ اس کے علاوہAYV ٹی وی نے یہ کارروائی اپنے 9 چینلز پر نشر کی۔
آڈیو وڈیو سیکشن سیرالیون نے اپنے Youtubeچینل پر جلسہ سالانہ کی تمام کارروائی براہ راست نشر کی اور بعد میں جلسہ کی تمام کارروائی اسی چینل پر چڑھادی گئی ہے۔
اس کے علاوہ آڈیو وڈیو کے Facebook Page پر پہلے اجلاس کی کارروائی براہ راست دکھائی گئی۔ Twitterاور Instagram پر جلسہ سالانہ کی تصاویر روزانہ چڑھائی گئیں جن سے بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کیا۔
اس کے علاوہ پرنٹ ذرائع ابلاغ نے بھی جلسہ سالانہ سیرالیون کو قومی و مذہبی تہوار کی طرح پیش کیا، کل 25اخبارات نے جلسہ سالانہ سے قبل اور جلسہ سالانہ کے بعد خبریں شائع کیں۔
بک سٹال :
جلسہ کے موقع پر بک سٹال کا بھی اہتمام کیا گیا ۔
اس جلسہ میں شرکت کے لیے دیگر ممالک سے وفود اور مہمانوں کی شمولیت:
گنی کناکری، نائیجیریا ، گیمبیا ،لائبیریا، جرمنی، ناروے، برطانیہ، امریکہ، گھانا، آسٹریلیا سے وفود اور مہمان تشریف لائے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعتِ احمدیہ سیرالیون کو خلافتِ احمدیہ کی برکت سے پہلے سے بڑھ کر ترقیات سے نوازے اور جماعت کی تعلیم و تربیت کے لیے مزید پروگرامز کے انعقاد کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین ۔
(رپورٹ آصف محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)
٭…٭…٭