مالی میں خون کے عطیاتی پروگرام
خدا تعالیٰ نے حضرت اقدس مسیح موعود ؑکو الہاماً فرمایا تھا کہ
’’یَااَحمَدُ فَاضَتِ الرَّحمَۃُ عَلی شَفَتَیک‘‘
اے احمد! تیرے لبوں پر رحمت جاری ہوئی ہے۔
(تذکرہ صفحہ 73-74 ایڈیشن چہارم مطبوعہ ربوہ)
پس اس رحمت نے جہاں روحانی بیماروں کے لیے آپؑ کے دل میں درد پیدا کیا ہوا تھا وہاں اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی جسمانی اور مادی ضرورتوں کے لیے بھی آپ ؑدعا اور تدبیر کے لیے ہر وقت اور ہر لمحہ تیار رہتے تھے۔
اپنے آقا کی متابعت میں جماعت احمدیہ مالی جہاں اسلام احمدیت کا حقیقی پیغام ملک کے طول و عرض میں پہنچانے کے لیے مصروفِ عمل ہے وہاں اپنی بساط کے مطابق دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی کوشاں ہے۔ خدمتِ خلق کا ایک ذریعہ خون کا عطیہ دینا ہے جس سے زندگیوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جاتا ہے۔
ماہ ستمبر 2020ء جبکہ مالی میں ٹائیفائیڈ اور ملیریا کی شدید وبا پھیلی ہوئی تھی،خدام الاحمدیہ مالی نے مورخہ 12؍ستمبر کو ریجن باماکو اور 20؍ستمبر کو ریجن سکاسو میں خون کے عطیہ جات پروگرام منعقد کیا۔ محض اللہ تعا لیٰ کے فضل سے خون کے عطیات اکٹھا کرنے کے پروگرامز بہت کا میاب رہے۔ جس میں شہر کے جنرل ہسپتال کی طرف سے ایک ٹیم احمدیہ مشن ہاؤسز تشریف لائی اور خون کے عطیات اکٹھے کیے، کُل 82افراد کو خون عطیہ کرنے کی توفیق ملی جس میں 6غیر از جماعت بھائی بھی شامل ہیں۔ الحمد للہ علی ذالک
(رپورٹ:واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)