امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
مورخہ 11؍ تا 17؍جنوری 2021ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭… مورخہ 11 و 12؍ جنوری کو فارغ التحصیل مربیان جامعہ احمدیہ یوکے 2020ء کی حضور انور کے ساتھ مسجد مبارک، اسلام آباد میں 35ویں اور 36ویں نشست تھی۔ ان نشستوں میں حضور انور مختلف امور بشمول کتب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بارے میں مربیان کی رہنمائی فرماتے اور ان کا جائزہ لیتے ہیں۔اس وقت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تصنیفِ لطیف چشمۂ معرفت سبقاً پڑھی جا رہی ہے۔
٭… 15؍جنوری بروز جمعۃ المبارک:حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔
حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں آنحضرتﷺ کے عظیم المرتبت خلیفہ ٔراشد حضرت علی بن ابوطالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اوصافِ حمیدہ کا تذکرہ فرمایا۔ نیز ایم ٹی اے کے چوبیس گھنٹے نشر ہونے والے نئے چینل ’ایم ٹی اے گھانا‘کے اجرا کا اعلان فرمایا۔ اسی طرح حضور انور نے خطبہ جمعہ کے آخر میں الجزائر اور پاکستان میں احمدیوں کی شدید مخالفت کے پیش نظر خصوصی دعاؤں کی مکرر تحریک فرمائی۔
٭…حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج بعد نمازِ جمعہ و نمازِ عصر ایم۔ٹی۔اے گھانا کے نام سے ایک نئے چینل کا اجرا فرمایا۔ یہ گھانا میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر چوبیس گھنٹے نشر ہونے والا نیا ملکی ٹی وی چینل ہے۔ ایم۔ٹی۔اے گھانا سیٹلائٹ ڈش کی ضرورت کے بغیر ایک عام ایریل کے ذریعہ دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ گھانا کے لوگ بآسانی عام انٹینا پر بھی اس چینل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں ۔ یہ چینل اسی لوکیشن پر دستیاب ہے جہاں گھانا کے بڑے بڑے چینل موجود ہیں اور اس طرح ملک کے طول وعرض میں لاکھوں گھروں تک اس کی رسائی ہو گی ۔انشاء اللہ۔
٭… 16؍جنوری بروز ہفتہ: آج نمازِ ظہر سے قبل اراکین نیشنل عاملہ و ناظمین اعلیٰ مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کی حضورِ انور کے ساتھ آن لائن میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں حضورِ انور نے ممبران عاملہ سے متعلقہ شعبہ جات کا جائزہ لیا نیز ہدایات عطا فرمائیں۔
٭…17؍جنوری بروز اتوار: آج نمازِ ظہر سے قبل اراکین نیشنل عاملہ جماعت احمدیہ برطانیہ کی حضورِ انور کے ساتھ آن لائن میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں حضورِ انور نے ممبران عاملہ سے متعلقہ شعبہ جات کا جائزہ لیا نیز ہدایات عطا فرمائیں۔
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا