تربیتی کلاس اطفال الاحمدیہ آبی جان، آئیوری کوسٹ
جماعت احمدیہ عالمگیر میں ذیلی تنظیموں کی تعلیم و تربیت کے لیے مختلف مواقع پر علمی و ورزشی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں۔ خدام الاحمدیہ آبی جان شہر، آئیوری کوسٹ کو اپنی سالانہ ریجنل تربیتی کلاس مورخہ 26؍دسمبر 2020ءبروز ہفتہ تا یکم جنوری 2021ء بروز جمعۃ المبارک بمقام مہدی آباد سکول میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
تربیتی کلاس کے انعقاد کے دوران اطفال الاحمدیہ کے لیے پنجوقتہ نماز باجماعت لازم تھی۔ ساتھ ہی ساتھ دوران ہفتہ اطفال الاحمدیہ کی تربیت کے لیے مختلف پروگرام مرتب کیے گئے جن میں ایک نصاب یاد کرنا بھی شامل تھا۔ اسلامی دعائیں،یسرنا القرآن کے منتخب اسباق، سیرت رسول کریمﷺ،سیرت حضرت مسیح موعودؑ ،منتخب احادیث نیز احمدیت کے متعلق سوالات اس نصاب کا حصہ تھے۔ تربیتی کلاس کے اختتام پر شاملین اطفال سے نصاب کا امتحان بھی لیا گیا۔
دوران ہفتہ اطفال الاحمدیہ کے لیے ورزشی مقابلہ جات کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ورزشی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ صفائی کی عادت اپنانے کی تربیت کے طور پر اطفال کے لیے وقار عمل کا انتظام بھی کیا گیا۔ چونکہ نئے سال کا آغاز تربیتی کلاس کے دوران ہی ہونا تھا اس لیے سال نو 2021ء کے موقع پر خصوصی طور پر نماز تہجد باجماعت کا انتظام کیا گیا جس میں اطفال بھرپور رنگ میں شامل ہوئے۔ دوران تہجد جماعت احمدیہ،خلافت کی سالمیت کی دعاؤں کے ساتھ ساتھ ملکی سالمیت وکل عالم کے امن کے لئے جہاں دعا کی گئی تو وہیں کورونا وائرس جیسی وبا کے جلد ختم ہونے کی دعائیں کرنے کی توفیق ملی۔
پروگرام کا باقاعدہ اختتام مورخہ یکم جنوری کی صبح ایک پُروقار تقریب کے ساتھ ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب تھے۔ مزید برآں بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے والدین کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا۔ دوران تقریب مہمان خصوصی نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور اپنی اختتامی تقریر میں جہاں والدین کو اپنے بچوں کی تربیت صحیح اسلامی رنگ میں کرنے کی ہدایات دیں تو وہیں انہیں اپنے بچوں کو نظام جماعت کے ساتھ مضبوطی سے جوڑنے اور جماعتی پروگراموں میں مزید ذوق و شوق کے ساتھ شرکت کرنے کی تلقین بھی کی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس تربیتی کلاس کے دور رس اثرات مرتب فرمائے اور آئیوری کوسٹ کے خدام و اطفال کو صحیح معنوں میں خلافت کا سلطان نصیر بنائے۔ آمین
(رپورٹ:منصور احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)