نیشنل عاملہ لجنہ اماء اللہ گھانا کی امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے (آن لائن) ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 24؍جنوری 2021ء کو مغربی افریقہ کے ملک گھانا کی لجنہ اماء اللہ کی نیشنل عاملہ کو اپنے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سےایک مواصلاتی ملاقات کی سعادت ایم ٹی اے کے وہاب آدم سٹوڈیو بمقام بستان احمدنصیب ہوئی۔
گو کہ یہ ایک مواصلاتی ملاقات تھی تاہم تمام ممبرات نے ایسا ہی محسوس کیا جیسے حضور انور بذات خود وہاں براہِ راست موجود ہیں۔ الحمد للہ
ملاقات کے آغاز میں حضور انور نے افتتاحی دُعا کروائی جس کے بعد تمام عاملہ ممبرات نے یکے بعد دیگرے کھڑے ہوکر اپنا تعارف کروایا، حضور انور کے ارشاد پر اپنی مختصر رپورٹ پیش کی اور اپنے شعبہ سے متعلق حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے زریں ہدایات لیں۔
جنرل سیکرٹری صاحبہ نے حضور انور کی خدمت میں عرض کی کہ الحمد للہ 27 زونزمیں سے 23سے 26باقاعدگی سے رپورٹ بھیجتے ہیں۔ قبل ازیں سال 19-2018ء میں 12 سے 15 زونز رپورٹ بھیجتے تھے۔ الحمدللہ تمام عاملہ ممبرات ماہانہ اور سالانہ رپورٹس جمع کرواتی ہیں۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مزید استفسار فرمایا کہ ان زونز میں کتنی مجالس باقاعدگی سے رپورٹس بھیجتی ہیں۔ حضور نے فرمایا کہ انہیں لجنہ گھانا سے بہت امیدیں ہیں۔ جس پر جنرل سیکرٹری نے نئے عزم کے ساتھ ارادہ کیا کہ تمام عاملہ ممبرات کی مدد سے وہ غیر فعال مجالس سے بھی رابطہ کریں گی اور جلد سے جلد حضور انور کی خدمت میں رپورٹ پیش کریں گی۔ ان شاء اللہ۔
حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو دنیا بھر کی جماعتوں کا کام دیکھنا ہوتا ہے۔ اس کے باوجود دورانِ ملاقات آپ جس طرح گہرائی میں جاکر ہرشعبہ کے کام اور تجنید اور گھانا کے لوگوں کے رہن سہن کے متعلق ارشادات فرما رہے تھے وہ خارق عادت ہے۔
آخر پرمکرمہ صدر صاحبہ لجنہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس عاملہ کی طرف سے اس عزّت افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سب کو السلام علیکم و رحمۃ اللہ کہا اور یہ میٹنگ اپنے اختتام کو پہنچی۔
اس ملاقات کے دوران کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ہدایات کو مدنظر رکھا گیا۔ اس ملاقات میں کل 41 عاملہ ممبرات نے شرکت کرنے کی سعادت پائی۔ ملاقات میں شامل ہونے والی بعض ممبرات عاملہ کے تاثرات درج ذیل ہیں:
نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ گھانا نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محسوس کر رہی تھیں کہ بہت سعادت کی گھڑی ہے مگر اس کے ساتھ بہت فکر بھی لاحق تھی۔ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ بنصرہ العزیز انتہائی شفقت و محبت سے ہم سے مخاطب ہوئے۔ مثلاً ملاقات کے آخر پر پیارے حضور نے سیکرٹری ضیافت سے استفسار فرمایا کہ انہوں نے ملاقات کے بعد لجنہ کے کھانے کا کیا انتظام کیا ہوا ہے؟ اسی طرح اس بات کی بہت خوشی ہوئی جب حضور نے اپنے گھانا کے من پسندکھانوں کا ذکر فرمایا۔ الحمدللہ کہ یہ ملاقات روحانیت سے بھرپور،بیدار کرنے والی اور بہت بابرکت تھی۔
سابقہ صدر لجنہ نے جنہوں نے 25 سال عاملہ میں خدمات بجالائی ہیں اور اب بھی اعزازی ممبر ہیں کہا کہ پیارے حضور کے دیدار نے ان کے اسلام احمدیت کے شعلۂ ایمان کو کو پھر بھڑکا دیا ہے۔
عاملہ ممبرات کے لیے ایک سوال نامہ تیار کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری ناصرات نے لکھا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ وہ روحانی طور پر بیدار ہوگئی ہیں۔ ایک اور ممبر نے لکھا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ وہ بہت خوش قسمت اور سعادت مند ہیں۔
محاسبہ مال ایک ہفتہ قبل ہی نیشنل عاملہ میں شامل ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل کبھی حضرت امیرالمومنین سے نہیں ملیں چنانچہ یہ ملاقات ایسی ہی تھی گویاحضور بذاتِ خود ہم میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت ہی خوش قسمت ہیں کہ انہیں حضور انور سے ملاقات کرنے اور بات کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے اس بات پر بھی اظہارِ تشکر کیا کہ ابھی حال ہی میں انہیں عاملہ میں شامل ہوکر خدمت کا موقع ملا اور اتنی جلد حضرت امیر المومنین سے ملاقات کاسبب بن گیا۔یہ ان کی خوش قسمتی ہے۔
سیکرٹری صاحبہ تحریک ِجدید و وقفِ جدید نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہورہا تھا گویا پیارے حضور سے رُو برو ملاقات ہو رہی ہو۔ یہ ان کی زندگی میں حضرت امیر المومنین سے روبرو ملاقات کا پہلا موقع تھا۔ وہ بھی شکرگزار اور ممنون تھیں۔
کماسی، سیفوی، اوبواسی اور سیچرے زونز کی انچارج صاحبہ نے بتایا کہ وہ بیس سال سے عاملہ میں مختلف خدمات بجالانے کی توفیق پا رہی ہیں اور چند مرتبہ پیارے حضور سے شرفِ ملاقات بھی پایا۔ الحمدللہ۔ لیکن اس مواصلاتی ملاقات میں بھی ایسا ہی لگ رہا تھا کہ یہ روبرو ملاقات ہے۔
سیکرٹری صاحبہ تبلیغ نے بتایا کہ حضور کو گھانا سے بہت امیدیں ہیں۔ یہ بات انہیں تبلیغ کے میدان میں مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
نائب سیکرٹری صاحبہ ناصرات نے بتایا کہ جب پیارے حضور نے سیکرٹری ناصرات سے ناصرات کی تجنید کے متعلق استفسار فرمایا تو ان کے جواب میں حضور انورنے فرمایا کہ زیادہ ہونی چاہیے۔ وہ کہتی ہیں کہ گو کہ میں بھی زیادہ خوش تھی کہ مجھے بھی پیارے حضور سے روبرو بات کرنے کی سعادت ملے گی مگر فکر بھی لاحق ہوئی کہ جب مجھ سے میرے شعبے کے متعلق رپورٹ لی جائے گی تو شاید میں تسلی بخش جواب نہ دے سکوں۔
نائب سیکرٹری تجنید چار ماہ قبل عاملہ کی ممبر بنیں۔ ان کا بھی یہی کہنا تھاکہ انہیں اس بات کی انتہائی خوشی تھی کہ انہیں زندگی میں پہلی مرتبہ پیارے حضور سے ملاقات کا شرف مل رہا ہےمگر جس طرح پیارے حضور گہرائی میں جاکر استفسارات فرمارہے تھے اس پر وہ فکرمند بھی تھیں۔
سیکرٹری صاحبہ تبلیغ کہتی ہیں کہ وہ حضرت امیر المومنین سے کبھی نہیں ملی تھیں۔ اور یہ ان کا خواب تھا کہ ایک نہ ایک دن حضورِ انور سے ملیں گی۔ تو یہ ان کی سعادت ہے کہ ایک سال عاملہ میں خدمت کے بعد یہ خواب پورا ہوگیا۔ انہوں نے لکھا کہ الحمدللہ یہ مواصلاتی ملاقات بہت ہی بابرکت ثابت ہوئی۔
ایک عاملہ ممبر نے لکھا کہ حضور سے ملاقات کے بعدوہ چاہتی ہیں کہ ہمیں تمام تر کوشش کرنی چاہیے کہ لجنہ کو ترغیب دیں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں اور ایک ٹیم ہوکر حضرت امیر المومنینکی امیدوں کو جو آپ کو لجنہ گھانا سے ہیں جلد از جلد پورا کرنے کی کوشش کریں۔
اس سوال کے جواب میں کہ آج کی ملاقات کی کس بات نے سب سے زیادہ متاثر کیا۔ تقریباً تمام عاملہ ممبرات نے لکھا کہ سب سے متاثرکن حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ بنصرہ العزیزکا یہ فرمانِ نصیحت تھا اور امیدتھی کہ تمام ممبرات روزانہ پنجوقتہ نماز ادا کرنے والی ہوں، مثالی مسلمہ ہوں، بچوں کی اچھی پرورش کرنے والی ہوں تا وہ نیک بنیں۔ ان شاء اللہ۔
الحمدللہ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ سے لجنہ اماءاللہ گھانا کی مواصلاتی ملاقات انتہائی بابرکت رہی، روحانی بیداری کاموجب بنی اورانتہائی مشفقانہ تھی۔ اس ملاقات نے سبھی عاملہ ممبرات کے اس جذبے کو ابھارا کہ مزید محنت کرنی ہے۔ اللہ تعالیٰ لجنہ اماء اللہ گھانا کو دنیا کی بہترین مجالس میں سے بنائے۔ آمین