افریقہ (رپورٹس)حضور انور کے ساتھ ملاقات

نیشنل مجلس عاملہ نیز مبلغین کرام جماعت احمدیہ گیمبیا کی امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے (آن لائن) ملاقات

(سید سعید الحسن شاہ۔ نائب امیر و مبلغ انچارج دی گیمبیا)

الحمد للہ مؤرخہ 14؍فروری 2021ء بروز اتوار گیمبیا کی تاریخ کا خوش قسمت ترین دن تھا جب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت نیشنل مجلس عاملہ کو ملاقات کا وقت عنایت فرمایا۔ گیمبیا کی تاریخ میں یہ پہلی ورچوئل ملاقات تھی اور افریقی ممالک میں گیمبیا دوسرا خوش قسمت ملک بن گیا جس نے براہ راست حضور انور سے فیض پایا۔ ملاقات کا یہ اہتمام ہیڈکوارٹر ٹیلنڈنگ بانجل میں مسجد بیت السلام میں کیا گیا تھا۔ ملاقات کا شرف حاصل کرنے والوں میں نیشنل مجلس عاملہ،ریجنل پریذیڈنٹ ،ایریا مشنریز اور ہسپتالوں،سکولز ، پرنٹنگ پریس کے سربراہان ، ہیومینٹی فرسٹ گیمبیا چیپٹر کے چیئرمین اور نصرت جہاں سکیم کے سیکرٹری شامل تھے۔ دن کےسوا بارہ بجے شروع ہونے والی یہ ملاقات ڈیڑھ بجے کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نے مجلس عاملہ کے اراکین سے ان کا تعارف حاصل کیا اور ان کے شعبے کے سلسلے میں استفسار فرما کر کام کو درست اور بہتر انداز میں کرنے کی بابت رہنمائی فرمائی۔ حضور انور کے براہ راست مخاطب ہونے پر حضور انور کی پُر رعب شخصیت کی وجہ سے بعض سیکرٹریان جواب دیتے ہوئے کچھ پریشان ہونے لگتے تو حضور شفقت فرماتے ہوئے مزید گہرائی میں جا کر بات سمجھاتے تاکہ آئندہ اپنے شعبے کے کام میں آسانی ہو۔ اگرچہ قواعد تحریک جدید میں ہر شعبے کے متعلق رہنمائی موجود ہے لیکن حضور انور کا سیکرٹریان سے سوالات اور رہنمائی کے طریق سے یوں لگتا تھا کہ گویا بالکل نئے پیرائے میں فرائض ادا کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اسی طرح ہسپتالوں،سکولز کی رہنمائی بھی فرمائی۔ دوران ملاقات حضور انور کی خدمت میں ایم ٹی اے گیمبیا، احمدیہ ہسپتال ٹیلنڈنگ ہیڈکوارٹر، بیت السلام کمپلیکس اور احمدیہ پرنٹنگ پریس اور حالیہ دنوں میں آنے والی فائیو کلر (five colour)پرنٹنگ مشین کا تعارف دو ویڈیوز کے ساتھ کروایا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر امیر جماعت گیمبیا مکرم بابا ایف ٹراولے صاحب نے حضور انور کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ بعض نوجوان جوخدام الاحمدیہ کی ڈیوٹی کر رہے ہیں اور سینٹرل سٹاف کے افراد جن میں سکولز اور پرنٹنگ پریس میں فرائض ادا کرنے والے شامل ہیں وہ بھی حضورِ انور کی خدمت میں سلام پیش کرنا چاہتے ہیں۔ چنانچہ یہ سارے احباب مقام ملاقات پر اندر آگئے اور حضور انور کی زیارت کر کے اپنی آنکھوں کو ٹھنڈا کیا اور دل کا سکون پایا۔

اس ملاقات کے بعد تاثرات بہت ہی ایمان افروز تھے۔ ہر شخص کی خوشی دیدنی تھی۔ اور اس میٹنگ کے بعد توجذبات کا ایک طوفان تھا جو امڈ آیا۔ حضور انور کی شفقتوں کا ذکر کرنے والوں میں مرکزی مبلغین کے علاوہ مقامی احباب کی کثرت تھی۔ سب شاملین نے ملاقات کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دی کہ آج مدتوں بعد کئی پیاسی روحوں کو آقا کا دیدار نصیب ہوا ہے۔

ایک واقف نو خادم جو میٹنگ کے اختتام پر آئے تھے بڑے پرجوش تھے کہ آج پیارے آقا کے دیدار کے ساتھ ساتھ حضور انور کے سلام کا تحفہ نصیب ہوا ہے۔ اسی طرح ڈیوٹیوں پر موجود خدام نہایت خوش تھے اور ان کے تصور میں بھی نہیں تھا کہ اس طرح پروگرام کا حصہ نہ ہونے کے باوجود حضورِ انور کی شفقت کے باعث حضور انور کے رخ تاباں کا دیدار کرنے کی سعادت پائیں گے۔ بہت سے احباب حضورانور کے رُخِ انور سے از حد متأثر نظر آتے تھے۔

مبلغین کرام آپس میں ذکر کر رہے تھے کہ حضور انورایدہ اللہ نے نہایت پیارے انداز میں ہم سب کو ہماری ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور بہت پیارے انداز میں سمجھایا کہ ہم نے کیسے کام کرنا ہے۔ نیز مربیان اورمعلمینکی رہنمائی فرمائی کہ انہوں نے کیسے احباب جماعت اور عہدیداران کی تربیت کرنی ہے۔ اسی طرح واقفین نو کے لیے تربیتی پروگرام بھی نہایت اہم ہے۔ حضور انور نے اس خواہش کا اظہار فرمایا کہ احمدی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے جماعت کی خدمت کریں۔

حضورِ انور نے سیکرٹری ضیافت سے ازراہ شفقت ناشتے اور دوپہر کے کھانے کا مینیو پوچھا۔ اس پر بہت سارے مقامی افراد بہت فخر محسوس کر رہے تھے کہ ہمارے حضور کو ہمارا کتنا خیال ہے۔

ایک دوست سے ملاقات کی سب سے ایمان افروز چیز کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے برجستہ جواب دیا کہ حضور انور کا چہرہ مبارک دیکھ لینا ہی ایمان افروز ہے اور کسی نے صحیح کہا ہے کہ اگر کسی پر حضورِ انور کی نظر کرم پڑ جائے تو اس کی دین و دنیا سنور جاتی ہے۔ بلاشبہ سب کے ایسے ہی خیالات تھے۔

کسی نے کہا کہ آج حضورِ انور کی شفقتوں کا انداز دیکھ کر درخواست کرنے کو جی چاہتا ہے کہ اگر حضورِ انور خدام الاحمدیہ، انصار اللہ،لجنہ اما اللہ، واقفین نو، مربیان و معلمین اور سینٹرل سٹاف کو بھی علیحدہ علیحدہ ازراہ شفقت ملاقات کا وقت عنایت فرمائیں تو گیمبیا دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا اور ایک نیا گیمبیا بن کر ابھرے گا۔

سیکرٹری تربیت کہنے لگے حضور انور نے تربیت پلان کا فرما کر تربیتی امور کی طرف توجہ دلائی۔ اورخاص طور پر ملک میں نماز باجماعت کی مجموعی صورت حال پر توجہ دینے کا ارشاد فرمایا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جماعت احمدیہ گیمبیا اس ملاقات سے کماحقہ فیض اٹھانے والی اور اس کی برکت سے دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرنے والی ہو۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button