احمد نگر، بنگلہ دیش میں احمدیہ میڈیکل سینٹر کا آغاز
مورخہ 14؍فروری 2021ء بروز اتوار جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ شمالی بنگلہ دیش کی جماعت احمد نگر میں ایک میڈیکل سینٹر کا آغاز کیا ہے۔ یہ جگہ ڈھاکہ سے 450کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
اس میڈیکل سینٹر کے افتتاحی پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، اس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ بعد ازاں افتتاحی تقریب میں معززین اور نمائندگان نے خیر سگالی کا پیغام دیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی کونسلر جناب سعید الاسلام صاحب، مقامی چیئرمین جناب ابو الکلام آزاد صاحب، مکرم مبشر الرحمان صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش، نیشنل سیکرٹری جائیداد جناب محمد فیض اللہ صاحب، نیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت جناب چودھری بشیر افضل احمد خان صاحب، مقامی جماعت کے صدر جناب مطلوب حسین خان صاحب، شالشیڑھی جماعت کے صدر جناب مشتاق احمد صاحب، سیدپور جماعت کے صدر جناب شاہ غیاث الدین صاحب، ڈاکٹر اطہر احمد صاحب، ڈاکٹر منیر الاسلام صاحب مانک، ڈاکٹر ربیقہ سلطانہ صاحبہ اور بعض دوسرے خصوصی مہمانان نے مختصر تقریر کی اور ہمارے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ مقامی احباب جماعت کے نمائندگان بھی اس میں شامل تھے۔
بعد ازیں نیشنل امیر مکرم چودھری عبدالاول خان صاحب نے اپنی تقریر میں احمد نگر میں چھوٹے پیمانے پر میڈیکل سینٹر کھولنے کا پس منظر بیان کیا۔
مجلس شوریٰ 20-2019ءکی سفارش پر پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے بنگلہ دیش میں جماعت کا ایک ہسپتال تعمیر کرنے کی منظوری عنایت فرمائی تھی۔ حضور کا ارشاد ملنے پر یہاں پر ایک کمیٹی اس غرض کے لیے تشکیل دی گئی۔ اس کمیٹی نے ساری صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد چھوٹے پیمانے پر اس کام کا آغاز کروانے کا مشورہ دیا۔ چنانچہ اس کمیٹی کے مشورہ کے مطابق جلسہ گاہ احمدنگر سے ملحقہ ایک جگہ پر چھوٹے پیمانے پر اس کام کو شروع کروانے کا پروگرام بنایا گیا۔ اس پلاٹ پر ایک عام سامکان ہے جس کو پلستر وغیرہ کروا کر تیار کیا جاچکا ہے۔ ایک واقف نو ڈاکٹر اطہر احمد صاحب سوہاگ کو کام شروع کرنے کے لیے یہاں بھیجا گیا ہے۔ اس نوجوان ڈاکٹر نے چین سے MBBSکی پڑھائی کی ہے اور اس کی تکمیل ڈھاکہ میں کی ہے۔ بنگلہ دیش جماعت میں اس قسم کا یہ پہلا پراجیکٹ ہے۔
محترم امیر صاحب نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر صاحب کو آپ سب کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے، امید ہے آپ سب ان سے تعاون کریں گے۔ ہر مذہب و ملت اور ہر قوم کے لوگ یہاں علاج کروا سکتے ہیں۔ بظاہر یہ سینٹر چھوٹا نظر آرہا ہے لیکن مریضوں کے علاج معالجہ اور خدمت میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔ ان شاءاللہ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم مریضوں کو کم خرچہ پر بہترین خدمت مہیا کریں۔
آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اس کے بعد حاضرین نے میڈیکل سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا ۔بعد ازاں ریفرشمنٹ پیش کی گئی۔
اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے اس میڈیکل سنٹر کو بابرکت فرمائے اور اس کے ذریعے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جماعت کو حضورؑ کی تعلیمات کے مطابق بہترین انداز میں خدمتِ انسانیت کے کام کرنے کی توفیق دے۔ آمین
( رپورٹ: نوید احمد لیمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭