عوامی جمہوریہ کونگو کے طول و عرض میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا با برکت انعقاد
تمام عالم میں سال 2020ء وبا کے اثرات کی نذر رہا اور جماعتی سرگرمیاں بھی اس کی وجہ سے محدود سے محدود تر ہوتی چلی گئیں۔ اس سال کے اختتام اور نئے سال 2021ء کے آغاز کے ساتھ حالات میں ایک گو نہ بہتری کے آثار نمایاں ہوئے تو کونگو کنشاسا کی جماعتی سرگرمیوں کو تیز سے تیز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ اس ضمن میں ماہ فروری میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کو منانے کے لیے پہلے سے پروگرام بنائے گئے۔ ان پروگرامز کی تیاری کے دوران احباب جماعت کا جوش پہلے ہی دیدنی تھا مگر 19؍فروری 2021ء کے خطبہ جمعہ فرمودہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس جذبہ کو دو چند کر دیا۔
فرزند دلبند گرامی ارجمند کی پیشگوئی کے مبارک دن کی مناسبت سے ملک کے طول و عرض میں مبلغین و معلمین واحباب جماعت مرد و خواتین نے مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مبلغ انچارج کونگو کنشاسا کی ہدایات کے مطابق جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد کیا۔ ان جلسوں میں احمدی احباب تو شامل تھے ہی ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا گیا کہ غیر از جماعت اور غیر مسلم احباب بھی ان جلسوں میں شریک ہوں اور ان کے سامنے صداقت اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس عظیم المرتبت نشان کو بالتفصیل بیان کیا جائے۔ جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کے انعقاد کی تفصیل حسب ذیل ہے:
Bukavuریجن
کونگو کے مشرقی حصہ میں واقع جماعتیں Bukavu ریجن میں شامل ہیں۔ اس تمام علاقہ میں جماعتیں انتہائی فاصلہ پر واقع ہیں اور ذرائع نقل و حمل اس قدر محدود ہیں کہ گویا نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ایسے دور دراز علاقوں میں پسر موعود کا شاندار تذکرہ ہونا پیشگوئی کے اس حصہ کی عملی تصویر ہے کہ وہ ’’زمین کے کناروں تک شہرت پائے گا‘‘۔ اس ریجن کے ریجنل مبلغ مکرم حافظ مزمل شاہد صاحب نے معلمین حمید احمد Malalaصاحب،حسن Balesiصاحب اور مصطفیٰ محمود صاحب کے ساتھ مل کر کل 15جماعتوں میں جلسے منعقد کیے۔ ان جماعتوں میں Uvira, Karomo, Walungu, Kilungutwa, Chikoni, Chirongo, Ninja, Burihni, Botembo, Nzabira, Lekeli, Saidi, Kindu, Kisangani اور Ihembe شامل ہیں۔ شاملین کی کل تعداد 416رہی۔
ان جلسوں میں جن موضوعات کو بیان کیا گیا ان میں سیرت حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ ،پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے کارہائے نمایاں شامل تھے۔
Kanangaریجن
یہ ریجن کونگو کے وسطی حصہ میں موجود جماعتوں پر مشتمل ہے۔ یہاں بھی نقل و حمل کی سہولیات بہت قلیل ہیں۔ اس ریجن میں 6مختلف جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد ہوا۔ اس ریجن کے ریجنل مبلغ مکرم رمیض احمد محمود صاحب نےمعلمین کرام عیسیٰ Kapumbangiصاحب،احمد عیسیٰ Chimalaصاحب، ابوبکر Mbuyiصاحب، اسماعیل Nkashamaصاحب اور یحییٰ Kayembiصاحب کے ساتھ مل کر اس ریجن کے پروگرام ترتیب دیے۔ جن جماعتوں میں یہ پروگرامز ہوئے ان میں حلقہ بیت محمود Kananga،حلقہ بیت بشارت Kananga, Mbuji-Mayi, Luiza, Tshikapa اور Ilebo شامل ہیں۔ شاملین کی کل تعداد 520رہی۔ جن موضوعات کا بیان ہوا ان میں پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے کارناموں کا مختصر تذکرہ شامل تھے۔
Bomaریجن
کونگو کنشاسا کے جنوب مغربی صوبہ Kongo Central کے انتہائی مغربی حصہ میں واقع جماعتوں کو Boma ریجن میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہاں کی اکثر جماعتیں نئی ہیں اور سال 2019ء کے آخر میں یہاں مرکزی مبلغ مکرم ریاض احمد خان صاحب کی تقرری ہوئی۔ اس ریجن کی 6جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد ہوا اور 80احباب جماعت اور 180غیر از جماعت احباب نے شرکت کی۔ اللہ کے فضل و کرم سے جلسوں کے انعقاد کے نتیجہ میں 40سعید روحوں کو حلقہ بگوش اسلام احمدیت ہونے کی توفیق ملی۔ ریجنل مبلغ صاحب کے ساتھ معلم سلسلہ مکرم انس Mavi صاحب نے جلسوں کو کامیاب بنانے کی سعی کی۔ جن جماعتوں میں یہ جلسے منعقد ہوئے ان میں Boma Ville, Pita, Sengi, LwangoNzambi, Kidima اور Sekedia Mbunguشامل تھیں۔
Matadiریجن
یہ ریجن بھی کونگو کے صوبہ Kongo Central میں واقع ہے اور اس کی حدود دار الحکومت کنشاسا سے ملتی ہیں۔ اس ریجن میں ریجنل مبلغ مکرم فرہاد احمد کاہلوں صاحب نے معلمین کی ٹیم کے ہمراہ جن میں عبد السلیم Mukendi صاحب، عیسیٰ Kitanoصاحب، ابوبکر Nyathصاحب اور محمد Kapingaصاحب شامل تھے، ان جلسوں کا انعقاد کیا۔ اس ریجن میں کل 4جماعتوں میں جلسے ہوئے جن میں 185احباب جماعت اور 66غیر از جماعت احباب نے شرکت کی۔ جن جماعتوں میں جلسے ہوئے ان میں Mbanza-Ngungu, Songololo, Kinzao-Mvuete اور Seke Banza شامل ہیں۔
احمدیہ ریڈیو سٹیشن: Radio Islamique Ahmadiyya Kinzao-Mvuete
جماعت احمدیہ کونگو کے ریڈیو سٹیشن نے اس مبارک موقع پر پورے ہفتے کے دوران دس گھنٹے کی خصوصی نشریات کا اہتمام کیا۔ یہ نشریات قریباً 25000افراد تک پیشگوئی مصلح موعود کے بارہ میں معلومات پہنچانے کا موجب بنیں۔
Bandundu ریجن
کونگو کنشاسا کے مغربی حصہ میں واقع صوبہ Kwiluکا صدر مقام Bandunduشہر ہے۔ اس سے قبل اس علاقہ کو جو اب تین صوبوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے ایک صوبہ تصور کیا جاتا تھا اوراس صوبہ کا نام بھی Bandunduتھا۔ اسی لیے اس علاقہ میں واقع تمام جماعتیں Bandunduریجن کی جماعتیں کہلاتی ہیں۔ اسی طرح شمال مغربی حصہ میں واقع جماعتیں جو صوبہ South Ubangi میں واقع ہیں وہ بھی جماعتی انتظام کے تحت Bandundu ریجن میں ہی شمار کی جاتی ہیں۔ اس ریجن میں کل 20جماعتوں میں جلسے منعقد ہوئے اور ان مقدس اور با برکت جلسوں میں 744احمدی احباب اور 470غیر از جماعت احباب نے شرکت کی۔ اس ریجن کے مرکزی مبلغ مکرم فرید احمد بھٹی صاحب نے معلمین کی ٹیم کے ساتھ مل کر یہ جلسے منعقد کروائے۔ ان معلمین میں احمدBolemeصاحب، احمدIwiniصاحب، نور الدین Mingetiصاحب، علی Takala صاحب، نور Tengaba صاحب، سلیمانTombembe صاحب اور جعفر Ndukute صاحب شامل تھے۔ اس صوبہ میں بعض ایسی جماعتیں بھی ہیں جن تک پہنچنے کا کوئی زمینی راستہ نہیں۔ ان جماعتوں تک رسائی صرف کشتی کے ذریعہ ممکن ہے۔ وہاں پر بھی اللہ کے فضل و کرم سے اس عظیم الشان پیشگوئی کی برکات کا بیان کیا گیا۔ اس ریجن کی جن جماعتوں میں جلسے ہوئے ان کے نام یہ ہیں۔
Bandundu, Nkasala, Bonzil, Bemu, Mbali, Nioki, Mushie, Mitiene, Ntown, Kimbanda, Nsimukuni, Nsakiey, Nkwab, Gemena, Masambio, Camp-Banku, Maku-Maku, Ferme Lubwa, Bagata، Mushie Pentanne۔
Kikwitریجن
اس ریجن کے ریجنل مبلغ مکرم عطاء القیوم صاحب نے اپنے ریجن کے معلمین ہارون Kongolo صاحب، عبداللہ Manoevre صاحب اور عیسیٰ Museju صاحب کے ہمراہ ریجن کی 7جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد کیا۔ ان جلسوں میں شاملین کی کل تعداد 330 رہی۔ اس ریجن کی جن جماعتوں میں جلسے منعقد ہوئے ان کے نام یہ ہیں: Kikwit, Kenge, Idiofa, Masi-Manimba, Mangai1, angai2 اور Kibengi-Sakivuvu۔
Inongoریجن
کونگو کنشاسا اور کونگو برازاویل کے سرحدی علاقہ میں کونگو کنشاسا کا صوبہ Mai-Ndombe واقع ہے۔ اس صوبہ کا صدر مقام Inongoشہر ہے۔ اس ریجن کی زیادہ تر جماعتیں ایسی ہیں جن تک رسائی کا کوئی زمینی راستہ نہیں ہے۔ اسی طرح یہاں کے اکثر مقامات پر انٹر نیٹ اور ٹیلیفون کی سہولیات یا مفقود ہیں یا بہت واجبی سی ہیں۔ اس ریجن کے ریجنل مبلغ مکرم محمد ذکی خان صاحب نے بہت محنت و جانفشانی سے 6جماعتوں میں جلسوں کا انعقاد کیا۔ اس کام میں مکرم مبلغ صاحب کو جن معلمین کرام کا تعاون حاصل رہا ان کے نام یہ ہیں: شمسBokunguصاحب، مرکزی مبلغ مکرم ظفر Lonkele صاحب اور مکرم حبیب Bongo صاحب۔
یہاں پر شاملین کی کل تعداد 191تھی جس میں 47غیر از جماعت احباب شامل ہوئے۔ جن جماعتوں میں یہ جلسے منعقد ہوئے ان میں جماعت Inongo شہر، جماعت بارہ کلومیٹر، Ngongo، Kiri, Bosele اور Ibamba شامل ہیں۔
Kinshasaریجن
کنشاسا شہر عوامی جمہوریہ کونگو کا دار الحکومت ہے۔ جس صوبہ میں یہ شہر واقع ہے اس صوبہ کا نام بھی کنشاسا ہی ہے۔ اس ریجن میں کل 9جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد ہوا۔ شاملین کی کل تعداد 498تھی جن میں سے 15غیر از جماعت احباب تھے۔ موسیٰ Leleصاحب، انس محمد Musuصاحب، مکرم علی Nkashama صاحب، ابراہیم Kulemfa صاحب اور منصور Luvundaصاحب پر مشتمل معلمین کرام کی ٹیم نے خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) کے ساتھ مل کران جلسوں کے انعقاد کو ممکن بنایا۔ جن جماعتوں میں یہ جلسے منعقد ہوئے ان میں Barumbu, Masina, Kimbanseke, Mpasa, Selembao, Ndjili, Mokali, Karoاور Bita شامل ہیں۔
مورخہ 20فروری 2021ء بروز ہفتہ مرکزی مسجد و مشن ہاؤس بیت الاحد Barumbuمیں منعقد ہونے والے جلسہ میں مکرم امیر صاحب کونگو کنشاسا نے شرکت کی اور پیشگوئی کی اہمیت پر تقریر کی۔
اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پرکل 66جلسہ ہائے یوم مصلح موعود منعقد ہوئے اور کل حاضری 3350رہی جن میں 2572 احمدی احباب و خواتین اور 778غیر احمدی و غیر مسلم احباب و خواتین شامل ہوئے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان مساعی کو با برکت فرمائے اور تمام احباب جماعت پر اپنے افضال کی بارش برسائے اور جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کو ترقیات عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین۔
(رپورٹ: شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)