خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(15؍مارچ ۔09:00 GMT)
کل مریض: 120,452,744
صحت یاب ہونے والے: 97,008,373
وفات یافتگان: 2,666,130
٭…امریکہ میں جمعے کے روز کواڈریلیٹرل سکیورٹی ڈائیلاگ (کواڈ) ممالک کی پہلی ورچوئل کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے۔ کواڈ، جس میں انڈیا، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان شامل ہیں، کو چین کے خلاف رکن ممالک کے درمیان بحری صلاحیت اور تعاون بڑھانے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ انڈیا کی وزارت خارجہ کی ایک پریس ریلیز کے مطابق ’رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور ایک آزاد، کھلے انڈو پسیفک خطے کے لیے باہمی تعاون کے بارے میں گفتگو کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ کووڈ 19 کی سستی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے میں تعاون کے بارے میں بات کریں گے۔ اس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی، آسٹریلوی وزیر اعظم سکاٹ موریسن، جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہائیڈ سوگا اور امریکہ کے صدر جو بائیڈن شامل ہوں گے۔
٭… جمعہ 12؍مارچ کو پاکستان کے ایوانِ بالا (سینٹ) کے نئے چیئرمین کے انتخاب میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے۔ وہ لگاتار دوسری مرتبہ اس عہدے پر منتخب ہوئے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ بھی حکومتی امیدوار کے نام ہوا جس پر مرزا محمد آفریدی 98 میں سے 54 ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔
٭…برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات کے بعد شہزادہ ولیم نے مشرقی لندن میں واقع ایک سکول کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خاندان نسل پرست نہیں ہے۔
٭…افغانستان کے صوبے ہرات میں پولیس آؤٹ پوسٹ پر کار بم دھماکے سے 7عام افراد سمیت کم از کم 8 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ ہرات پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا رہائشی علاقے میں ہوا جس کے باعث ایک درجن سے زائد مکانات بھی متاثر ہوئے۔
٭… نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرائسٹ چرچ مساجد میں حملوں کو دو سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ یادگاری تقریب میں کہا ہے کہ ملک کا یہ فرض ہے کہ وہ مسلم برادری کی حمایت کرے۔15؍ مارچ 2019ء کو مہلک ہتھیاروں سے لیس مسلح شخص کی جانب سے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 51 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔سخت سیکیورٹی میں منعقد ہونے والی اس یادگاری تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔تقریب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے نام پکارے گئے جبکہ حملے کے بعد فوری مدد کے لیے پہنچنے والے پولیس اور طبی عملے کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
٭…امریکی ریاست منی سوٹا میں پولیس کے تشدد سے ہلاک ہونے والے سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کے ورثاء کو میناپولیس شہر کی انتظامیہ کی جانب سے 27 ملین ڈالرز کا ہرجانہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اس نوعیت کے کسی بھی معاملے میں ادا کیا جانے والا سب سے بڑا ہرجانہ ہے۔ یاد رہے کہ مئی 2020ء میں جارج فلوئیڈ ایک دکان میں 20 ڈالر کا نقلی نوٹ استعمال کرنے کے جرم میں دورانِ حراست سانس بند ہونے کی وجہ ہلاک ہو گیا تھا۔
٭…قازقستان میں ایک فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتے میں اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا۔
٭…اردن کے شہر سلط کے سرکاری ہسپتال میں آکسیجن معطل ہونے سے کورونا کے 6 مریضوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
٭…سری لنکا میں مسلمان خواتین کے نقاب پہننے اور مدارس پر پابندی کا منصوبہ اور تجاویز منظوری کے لیے کابینہ کو بھیج دی گئی ہیں۔پبلک سیکیورٹی کے وزیر کا کہناہےکہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر چہرہ مکمل ڈھانپنے پر پابندی اور ملک میں مدارس بند کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
٭…ملائیشیا کی ایک عدالت نے مسیحیوں پر خدا کا ذکر کرتے ہوئے ’اللہ‘ کا لفظ استعمال کرنے کے حوالے سے لگی پابندی ختم کر دی ہے۔ یہ فیصلہ کئی دہائیوں سے جاری قانونی جنگ کے بعد سنایا گیا ہے۔ یہ کیس چند ایسے مسیحی افراد کی جانب سے دائر کیا گیا تھا جن کی مذہبی کتب اس لیے ضبط کر لی گئی تھیں کیوںکہ ان میں خدا کے لیے لفظ ’اللہ‘ استعمال ہوا تھا۔
ملائیشیا میں ماضی میں بھی غیر مسلم افراد کی جانب سے اس لفظ کے استعمال پر تنازعات کھڑے ہونے کے علاوہ ہنگامہ آرائی بھی ہوچکی ہے۔ ملک میں مسلمان آبادی کا تقریباً دو تہائی ہے تاہم مسیحی برادری کی بھی ایک بڑی تعداد وہاں بستی ہے۔
٭…میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف ملک کے دارالحکومت ینگون میں جاری مظاہروں میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جبکہ اقتدار سے بے دخل کیے جانے والے سیاسی رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’انقلاب‘‘ لانے کے لیے اپنی مزاحمت جاری رکھیں۔ینگون کے علاقے ہلائینگ تہریار میں حکام نے مظاہرین کے اجتماع پر فائرنگ کھول دی جس کے جواب میں مظاہرین میں ڈنڈے اور چھریوں کا استعمال کیا۔واضح رہے کہ عوام نے علاقے میں چین سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کی دکانوں پر حملہ کیا جس کے بعد حکام نے وہاں پر مارشل لا نافذ کر دیا تھا۔
٭…افغانستانی فوج کے لیے 50کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت سے خریدے جانے والے 20 میں سے 16 ٹرانسپورٹ طیارے صرف چند ہی سال میں ناکارہ قرار دیے جانے کے بعد صرف 40 ہزار ڈالرز میں فروخت کر دیے گئے۔ یہ طیارے اٹلی سے خریدے گئے تھے۔ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ مالی امداد پر نظر رکھنے کے لیے بنائے گئے امریکی ادارے سپیشل انسپکٹر جنرل آف افغان ری کنسٹرکشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق امریکہ کی مالی امداد سے افغانستان کی تعمیر نو کے منصوبوں میں دو اعشاریہ چار ارب ڈالرز کے منصوبے تباہ و برباد ہو گئے ہیں۔
٭…ترکی کی بیٹسن باقر نامی کمپنی نے جینیوا میں قائم دنیا کی پانچ بڑی کمپنیوں میں سے ایک مرکیوریا کمپنی کے ساتھ تین کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے عوض دس ہزار ٹن خام تانبے کا سودا کیا لیکن تانبے کی بجائے جہازوں میں پتھر بھر کر چین پہنچا دیے۔ ترک پولیس نے اس سلسلےمیں ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کے کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق مرکیوریا انرجی گروپ کو اس دھوکے کا اس وقت علم ہوا جب ان کے آرڈر کی بجائے پتھرچین کی بندرگاہ پر پہنچنا شروع ہوئے۔
٭… تھائی لینڈ اور چند یورپی ممالک کی جانب سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کردہ ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال روکے جانے کے بعد یورپ میں ادویات کے نگراں ادارے نے کہا ہے کہ اس ویکسین سے بلڈ کلاٹس یا خون جمنے کا خطرہ نہیں ہے۔
یہ اقدامات ایک ایسے وقت میں کیے گئے جب ایسے دعوے سامنے آئے تھے کہ اس ویکسین کے استعمال کے بعد خون جمنا شروع ہو جاتا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی سائنسی شواہد موصول نہیں ہوسکے۔ یورپ میں ادویات کے نگران ادارے ای ایم اے کے مطابق ویکسین حاصل کرنے والوں میں بلڈ کلاٹنگ کی شرح عام عوام سے زیادہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی ادارۂ صحت نے بھی کہا تھا کہ ایسٹرا زنیکا ویکسین اور خون جمنے کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔
٭… پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے ملتوی شدہ میچز اس سال جون میں کراچی میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کے پی ایس ایل کے چھ فرنچائز مالکان کے ساتھ ہونے والے ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔