جامعۃ المبشرین گھانا میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین گھانا میں مورخہ 23 مارچ 2021ء بروز منگل جلسہ یوم مسیح موعودؑ کا کامیاب انعقاد ہوا۔ الحمد للہ
جلسہ کا آغازصبح دس بج کر پندرہ منٹ پر ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی مکرم عبد العلی مجید صاحب استاد جامعۃ المبشرین تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو گھانا کے طالب علم عزیزم قاسم الیاسو صاحب نے کی۔ متلو آیات کا ترجمہ گھانا کے ہی طالب علم عزیزم اوبنگ محمد صاحب نے پیش کیا۔ اس کےبعد عزیزم یوسف اوسے صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعودؑ ’’کبھی نصرت نہیں ملتی‘‘ مترنم آواز میں پیش کیا۔
پروگرام کی پہلی تقریر انگریزی زبان میں لائبیریا سے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم ابو بکر شریف نے کی۔ تقریر کا عنوان ’’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد سعید کا مقصد‘‘ تھا۔
تقریر کے بعد عزیزم فردوس اسمانی صاحب جو گھانا سے تعلق رکھتے ہیں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کےعربی قصیدہ
یَا عَیْنَ فَیْضِ اللّٰہِ وَالْعَرْفَانِ
کےچند اشعار پڑھے۔
پروگرام کی دوسری تقریر اردو زبان میں مڈغاسکر کے طالب علم عزیزم حمید ٹاکی صاحب نے کی۔ ان کی تقریر کا عنوان ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق قرآن‘‘ تھا۔
پروگرام کی تیسری تقریر عربی زبان میں تھی اور عنوان تھا
’’مُخْتَطَفَاتٌ مِّنْ سَیْرَۃِ الْمُطَھَّرَۃِ‘‘
یہ تقریر گھانین طالب علم عزیزم نافع عبد الناصر صاحب نے کی۔
اس کے بعد ٹوگو کے طالب علم عزیزم عبد الجلیل بولاٹیٹو صاحب نے اپنےساتھیوں کے ہمراہ منظوم کلام حضرت مسیح موعودؑ ’’خدا کے پاک لوگوں کو خدا سے نصرت آتی ہے‘‘ مترنم آواز میں پیش کیا۔
پروگرام کی چوتھی اور آخری تقریر استاد جامعۃ المبشرین گھانا مکرم طاہر احمد ظفر صاحب نے کی۔ ان کی تقریر کا عنوان ’’حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت و سوانح‘‘ تھا۔
کورونا وائرس کے باعث مدرستہ الحفظ کے طلباء گزشتہ سال گھروں میں تھے اور انہیں علمی و ورزشی مقابلہ جات کے انعامات نہ دیے جا سکے تھے۔ اس موقع پر ان کو یہ انعامات دیے گئے۔
اس کے بعد مدرستہ الحفظ کے طلباء نے حمد کے گیت پیش کیے جس کے بعد صدر مجلس نے اپنے تاثرات پیش کیے۔
عزیزم حسین بوٹنگ صاحب سیکرٹری مجلس ارشاد نے شاملین کا شکریہ ادا کیا اور صدر مجلس نے دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام کیا۔
پروگرام کے بعد اساتذہ اور طلباء کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)