جلسہ یوم مسیح موعودؑ جماعت ہائے احمدیہ جزائر فجی
جماعت صُووا، فجی
الحمدللہ مورخہ 28مارچ2021ء کو فجی کی صُووا جماعت کو اپنا کامیاب جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ سے قبل وقار عمل کرکے بینرز وغیرہ کے ذریعہ مسجدکو مزین کیا گیا۔
جلسہ کا آغاز صُبح10:35پر مکرم محمود احمد صاحب امیر ومبلغ انچارج فجی کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ جس کا اُردو ، انگریزی اور فجیئن زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پرجلسہ کی مناسبت سے تین نظمیں مع انگریزی ترجمہ اور تین تقاریر بھی پیش کی گئیں۔ جلسہ کی پہلی تقریر (تعارفی کلمات)مکرم صدر صاحب جماعت نے کی۔ جبکہ جلسہ کی دوسری تقریر ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ از روئے قرآن‘‘ کے عُنوان پر بزبان انگریزی پیش کی گئی اور تیسری تقریر ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق قرآن‘‘ کے عنوان پر خاکسار (مربی سلسلہ صُووا) نے پیش کی۔
آخر پر مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں آیت
مُحَمَّدٌرَّسُولُ اللّٰهِۚ وَالَّذِينَ مَعَهُ أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ
کی وضاحت کرتے ہوئے اپنی اصلاح احوال وباہم پیار و محبت کی طرف توجہ دلائی۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 26مارچ 2021ء کی روشنی میں حضرت مسیح موعودؑ کے مقام و مرتبہ کو بیان کیا۔
جلسہ کے اختتام پر امیر صاحب نے اجتماعی دُعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ کُل حاضری 85 رہی جبکہ جلسہ کا کُل دورانیہ اڑھائی گھنٹے رہا۔
ویسٹرن ریجن، فجی
جماعت احمدیہ مارو: الحمدللہ مورخہ 19؍مارچ 2021ء کو شام پانچ بجے جماعت احمدیہ مارو میں جلسہ یوم مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور اس کے ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ جلسہ میں دو نظمو ں کے علاوہ تین تقاریر بعُنوان صداقت حضرت مسیح موعودؑ، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت سے توقعات اور مسیح موعود کے آنے کی علامات پیش کی گئیں۔ دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ کی کل حاضری 28رہی۔ نماز ِمغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد حاضرین جلسہ کو کھانا پیش کیا گیا۔
جماعت احمدیہ ناندی: الحمد للہ مورخہ 21؍مارچ 2021ء کو نماز عصر کی ادائیگی کے بعدجماعت احمدیہ ناندی میں جلسہ یوم مسیح موعودؑ زیر صدارت مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب فجی منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور اس کے ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ اس جلسہ میں تین نظموں کے علاوہ چار تقاریر پیش کی گئیں۔ تقاریر میں یوم مسیح موعودؑ منانے کا مقصد، شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے روحانی خزائن جیسے موضوعات پر لب کشائی کی گئی۔ مکرم امیر صاحب نے اپنے اختتامی خطاب میں حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنےاند ر تقویٰ پیدا کرنے کے متعلق سیر حاصل گفتگو فرمائی۔ دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب و عشا ءکی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کو کھانا پیش کیا گیا۔ جلسہ کی کل حاضری 65رہی جس میں چارغیر از جماعت مہمان بھی شامل ہیں۔
جماعت احمدیہ لٹوکا:مورخہ 23؍ مارچ 2021ء کو بعد از نماز مغرب و عشا ء جماعت احمدیہ لٹوکا میں جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور اس کے ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ جلسہ میں ایک نظم کے علاو ہ چار تقاریر ہوئیں۔ تقاریر میں مقررین نے قرآن وحدیث سے مسیح موعودؑ کی آمد، شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں، صداقت حضرت مسیح موعودؑ اور حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کے مطالعہ کی اہمیت جیسے موضوعات پر لب کشائی کی۔ دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ کے بعد حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ جلسہ کی کل حاضری 29رہی جس میں دو غیر از جماعت مہمان بھی شامل ہیں۔
جماعت تاویونی، فجی
الحمد للہ مورخہ 28؍مارچ 2021ء کو جماعت احمدیہ تاویونی میں جلسہ یوم مسیح موعودؑ منعقد ہوا۔ جلسہ سے قبل وقار عمل کرکے مسجد کو بینرز وغیرہ کے ذریعہ مزین کیا گیا۔
جلسہ کا باقاعدہ آغاز شام پانچ بجے تلاوت قرآن کریم مع اردو و انگریزی ترجمہ سےہوا۔ جلسہ کی مناسبت سے 2 نظمیں اور 4 تقاریر پیش کی گئیں۔ تعارفی کلمات کے بعد مسیح کی آمد ثانی کے حوالے سے مختلف مذاہب کی کتب سے پیشگوئیوں اور نشانات کے موضوع پر تقریر کی گئی۔ اگلی تقریر میں سیدنا حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کے لیے قائم کردہ دس شرائط کو مختصر وضاحت کے ساتھ پیش کیا گیا۔ جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم طارق احمد رشید صاحب ریجنل مربی سلسلہ نے صداقت حضرت مسیح موعودؑ اور دنیا کے طول وعرض میں اسلام احمدیت کی ترقی کےلیے تبلیغی میدان میں اللہ تعالیٰ کی تائیدات کے عُنوان پر پیش کی۔ جلسہ کا اختتام دُعا کے ساتھ ہوا۔ اس جلسہ میں کُل حاضرین کی تعداد 25تھی جن میں چار عیسائی مہمان بھی شامل تھے۔ جلسہ کے اختتام پر حاضرین جلسہ کو عشائیہ بھی پیش کیا گیا۔
(رپورٹ:عبدالنور بھٹی۔ نیوز سیکشن فجی)