حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(15؍اپریل ۔08:00 GMT)

کل مریض: 138,899,975

صحت یاب ہونے والے: 111,678,970

وفات یافتگان: 2,987,155

٭…دنیا بھر کے مسلمان انتہائی عقیدت و احترم اور قربانی کے جذبہ کے ساتھ رمضان کے بابرکت مہینے میں داخل ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے مختلف سربراہان مملکت نے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دی۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ٹوئٹ میں مسلمانوں کو ماہِ مقدس کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’اس سال، دوبارہ ہمیں محفوظ رہنے کے لیے تمام اصولوں پر عمل کرنا ہوکا لیکن مجھے امید ہے کہ رمضان کے اس مہینے میں، دعا اور صدقات سے تمام مسلمان بہت زیادہ پُرسکون ہوں گے‘۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ویڈیو پیغام کا آغاز سلام سے کرتے ہوئے کہا کہ اس سال بھی کورونا وائرس رمضان میں ہمیں باہم ملنے سے روک سکتا ہے لیکن یہ مسلمانوں کو اسلام کی اقدار پر عمل کرنے سے نہیں روک سکتا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اگرچہ اس عالمی وبا میں دوست اور پیارے ابھی تک خوشیاں منانے کے لیے اکٹھے نہیں ہوسکتے اور بہت سارے گھرانے اپنے جدا ہو جانے والے پیاروں کے بغیر افطار کریں گے لیکن اس کے باوجود مسلمان اس ماہ کا آغاز نئی اُمید کے ساتھ کریں گے۔

٭…یورپی یونین نے ایران میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2011ءسے عائد پابندیوں کو اپریل 2022ء تک بڑھانے کا فیصلہ کردیا۔ دستاویز کے مطابق ایران کے تین بڑے جرنیلوں سمیت 8 مزید افراد پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

٭…ایرانی اور روسی وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ اسرائیل نے ایرانی جوہری تنصیب نطنز پر سائبر حملہ کر کے ’بہت بُرا جوا‘ کھیلا ہے۔ جس سے جوہری معاملے پر عالمی طاقتوں کے ساتھ بات چیت میں ایران کو فائدہ ہوگا۔ اس حملے کے بعد اب نطنز میں یورینیم کو افزودہ کرنے والی زیادہ جدید سینٹری فیوجز نصب کی جائیں گی۔اس موقع پر روسی وزیر خارجہ نے ایران پر یورپی یونین کی نئی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں حساس جوہری مذاکرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

٭…واشنگٹن سے نکلنے والے امریکی اخبار کے مطابق صدر جو بائیڈن نے 9 ستمبر کو امریکہ کی جانب سے افغانستان پر فوج کشی پر بیس سال پورے ہونے سے قبل افغانستان سے تمام امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہےجس کا اعلان وہ بدھ کے روز کرسکتے ہیں۔ گزشتہ سال 20؍ فروری کو طے پانے والے طالبان امریکہ معاہدے کے مطابق افغانستان میں موجود اڑھائی ہزار سے زائد امریکی فوجیوں کو یکم مئی سے پہلے وہاں سے نکلنا تھا۔

٭…تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی سمیت اس مذہبی و سیاسی جماعت کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ جس کے مطابق مذکورہ افراد سمیت دیگر نے سوشل میڈیا اور مسجدوں سے اعلانات کے ذریعے عوام کو پُرتشدد احتجاج اور پورے پاکستان کے نقل و حرکت کے نظام کو مفلوج کرنے پر اکسایا اور ان کارروائیوں کے دوران کئی پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔یاد رہے کہ پیر 12؍ اپریل کو لاہور پولیس کی جانب سے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو حراست میں لیے جانے کے بعد سے ملک کے مختلف شہروں میں پر تشدد مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔

٭…جاپان کی حکومت نے فوکوشیما جوہری پلانٹ کا آلودہ پانی ٹریٹمنٹ کے بعد سمندر میں چھوڑنے کی منظوری دیدی۔ آلودہ پانی سمندر میں چھوڑنے کے حوالے سے مقامی مچھیروں، چین اور جنوبی کوریا کو تحفظات ہیں۔

٭…10 اپریل کو انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں 5.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی جہاں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی جبکہ متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔زلزلے کے جھٹکے کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔

٭…امریکہ کے جنوبی ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث ہونے والے مختلف حا دثات میں 2 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

٭…مغربی آسٹریلیا میں کیٹگری تھری کی شدت والے سمندری طوفان سیروجا کے باعث تیز ہواؤں اور طوفانی بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ جبکہ 70 فیصد گھروں کو نقصان پہنچا۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے طوفان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو سنگین قرار دیا ہے۔

٭…جبوتی (مشرقی افریقہ)میں 60 تارکین وطن کو لیکر جانے والی کشتی سمندر میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں نامعلوم خواتین اور بچوں سمیت 34 افراد ہلاک ہوگئے۔

٭…امریکہ میں پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں 20سالہ سیاہ فام نوجوان ڈونٹے رائٹ کی ہلاکت پر منی سوٹا شہر میں مظاہرے جاری ہیں۔ دوسری جانب بروکلین سینٹر پولیس چیف ٹم گینن نے 20 سالہ نوجوان کی موت کو ’حادثاتی فائرنگ ‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

٭…پاکستانی وزیراعظم عمران خان نےاقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل فورم برائے ترقی کے لیے مالی معاونت کے خصوصی اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ترقی پذیر اقوام کو کورونا وبا کے منفی معاشی اثرات سے لڑنے میں مدد دینے کے لیے قرضوں کی معطلی، ریلیف اور لیکویڈیٹی فراہم کی جائے۔

٭…برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا۔ جس کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں دکانیں، جم، حجام، بیوٹی ، آؤٹ ڈور ریسٹورنٹ، چڑیا گھر، تھیم پارکس، ڈرائیوان سینما، لائبریریاں اور کمیونٹی سینٹرز بھی کھل گئے۔ جنازے میں 30 جبکہ شادی کی تقریبات میں 15 افراد شامل ہوسکیں گے۔

٭…پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عید کے بعد تمام پاکستانیوں کو ویکسین لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے اب تک صرف 10 فیصد سے بھی کم لوگوں نے رجسٹریشن کروائی ہےجبکہ روزانہ کی بنیاد پر 60 سے 70 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین سے ویکسین کی مزید 5 لاکھ خوراکوں پر مشتمل تحفہ رواں ہفتے ملنے کی توقع ہے۔

٭… سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے کپتان بابر اعظم کی سنچری اور محمد رضوان کی نصف سنچری کی بدولت 204 رنز کا ریکارڈ ہدف 18 ویں اوور میں حاصل کرتے ہوئے سیریز میں 2-1کی برتری حاصل کر لی۔ اس سے قبل پاکستان نے اسی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 189 رنز ک کا ہدف حاصل کر کے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں اپنا سب سے زیادہ رنز کے ہدف کو پورا کرنے کا ریکارڈ توڑا تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button