سیرالیون کے کینیما ریجن میں مسجد کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مورخہ 7؍اپریل 2021ء کوکینیما شہر میں ایک مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
اس مسجد کا سنگِ بنیاد 2006ء میں مکرم لطف الرحمٰن صاحب مرحوم، سابق پرنسپل ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول نے رکھا تھا (آپ 2006ء کے جلسہ سالانہ پر بطور مرکزی مہمان تشریف لائے تھے)۔ اور اُس وقت کینیما ریجن کے مبلغ مکرم اقبال منیر صاحب کی نگرانی میں اس کی بنیادیں اور دیواریں تعمیر کی گئی تھیں۔ مگر بعد میں بوجوہ اس کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی۔
2017ء میں مکرم قاصد احمد وڑائچ صاحب مربی سلسلہ، کینیڈا سے وقفِ عارضی پر کینیما تشریف لائے اور واپس جانے پر انہوں نے اور ان کی فیملی نے اس مسجد کو مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جسے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت منظور فرمایا۔ مکرم قاصد وڑائچ صاحب کی درخواست پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے 4 اینٹیں (ٹائلیں) دعا کرکے عطا کیں جن میں سے ایک اینٹ (ٹائل) اس مسجد کی بنیادوں میں لگائی گئی۔ ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول کی طرف سے اس مسجد کی تعمیر کے لیے 49؍ملین لیونز جبکہ مربی صاحب کی فیملی کی جانب سے 65؍لیونزملین ادا کیے گئے ۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔
مسجد کی تعمیر کی نگرانی کی سعادت مکرم منیر حسین صاحب(مبلغ کینیما ریجن) اور افتتاحی تقریب و دیگر انتظامات کی سعادت مکرم محمد نعیم اظہر صاحب (ریجنل مبلغ کینیما ریجن) کو حاصل ہوئی۔
یہ مسجد کینیما سے فری ٹاؤن جانے والی شاہراہ پر واقع ہے اور دور سے ہی ایک خوبصورت نظارہ پیش کرتی ہے۔ مسجد کا کل رقبہ پانچ ٹاؤن لاٹ ہے اور مسقف احاطہ 55×65 فٹ ہے۔ اس میں قریباً 450 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ مسجد کے منارہ کی اونچائی 60 فٹ ہے۔
مورخہ7؍اپریل کو افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن ساڑھے گیارہ بجے مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ اسداللہ وحید صاحب استاذ جامعۃ المبشرین سیرالیون کو حاصل ہوئی۔ مکرم اسماعیل کوروما صاحب استاذ ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول نے قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ والعرفان پیش کیا۔ ریجنل صدر مکرم محمد شریف صاحب نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔
مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کا تعارف اور مسیح موعودؑ و مہدی معہودؑ کے آنے کا مقصد بتایا کہ جماعت احمدیہ کا کام خلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ دنیا میں اسلام کے امن اور بھائی چارے پر مشتمل پیغام کو فروغ دینا اور لوگوں کو اسلام کی حقیقی تعلیم سے آشنا کرناہے۔ آپ نے سیرالیون میں جماعت کے آغاز اور گذشتہ سوسال میں ہونے والی ترقیات کا بھی ذکر کیا۔
اس کے بعد بعض مہمانوں کی طرف سے خیرسگالی پیغامات دیے گئے۔ پیراماؤنٹ چیف مکرم محمد بانیاں صاحب نائب امیر دوم نے چیفس کی طرف سے امیر صاحب اور جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ گورنمنٹ ہائی سکول کے پرنسپل نے منسٹری آف ایجوکیشن کی طرف سے، مکرم مصطفیٰ سکائیکےصاحب نے لبنانی کمیونٹی کی طرف سے اور مسٹر محمد باہ صاحب انسپکٹر آف پولیس نے ڈی آئی جی کی طرف سے جماعت کو مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔
مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس بابرکت تقریب میں ایک پیراماؤنٹ چیف، ڈسٹرکٹ امام اور ان کی عاملہ کے تین ممبر، چیفڈم سپیکر کے نمائندہ، احمدیہ سکولوں کے سات پرنسپل صاحبان، چار مرکزی مبلغین، سات مقامی معلمین،76 غیر ازجماعت مہمانوں اور 324 احباب جماعت نے شرکت کی۔ پروگرام میں کینیما کی 6 جماعتوں کی نمائندگی ہوئی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اس مسجد کو نمازیوں سے آباد رکھے اور اس کے قیام کے نیک ثمرات ظاہر ہوں۔ آمین
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)