جماعت احمدیہ سُرینام کی مساعی
کورونا کی عالمی وبا میں میل جول اور سماجی فاصلوں کے مسائل کی وجہ سے ورچوئل ملاقاتیں اور آن لائن میٹنگززندگی کا حصہ بن گئی ہیں۔ خدا تعالیٰ کے فضل اور اُس کی دی ہوئی توفیق سے جماعت احمدیہ سُرینام بھی اس نظام کا حصہ اس وقت بنی جب جماعتی تاریخ میں پہلی بار 20؍فروری 2021ءکی شام ’’یوم مصلح موعودرضی اللہ تعالیٰ عنہ‘‘ کے حوالے سے آن لائن جلسہ منعقد ہوا۔اس مقصد کے لیے افراد جماعت سے رابطہ کرکے انہیں پروگرام میں شامل ہونے کا طریق سمجھایا گیا۔بفضل خدا یہ پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور جلسہ کے آخر پہ تمام شاملین نےخوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
مورخہ 23؍مارچ 2021ء بروز منگل یوم مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے حوالے سے جماعت کا دوسرا آن لائن جلسہ منعقد ہوا۔ جو افراد جماعت یوم مصلح موعود کے پروگرام میں شامل نہیں ہو سکے تھے ان سے بھی رابطہ کیا گیا اور انہیں جلسہ میں شمولیت کی تلقین کی گئی اور اس کا طریق سمجھایا گیا۔
پروگرام کی ابتدا سورۃالجمعہ کی ابتدائی آیات کی تلاوت اور ترجمے سے ہوئی، جس کے بعد منظوم کلام پیش کیا گیا۔ محترم شمشیر علی صاحب نےاشتہار تکمیل تبلیغ،لدھیانہ میں پہلی بیعت اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی زندگی کے بعض دیگر واقعات کے حوالے سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دی۔ اس کے بعد خاکسار نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا دعویٰ اور نئی جماعت کے قیام کے حوالے سے حضرت اقدس علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بعض تحریرات پیش کیں۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کچھ نصائح پڑھ کر سنائی گئیں۔ آخر پہ خاکسار نے افراد جماعت کو رمضان المبارک کی آمد کی تیاری کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔ یوں یہ کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
ملک کے مشہور اخبار روزنامہ ’’داخ بلاد سُرینام‘‘ (Dagblad SURINAME) کے نمائندہ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا دعویٰ،تعلیم اور جماعت احمدیہ کی موجودہ ترقیات کے حوالے سے محترم صدر صاحب جماعت کا انٹر ویو لیا،جو مورخہ 24؍مارچ 2021ءکے اخبار میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شبیہ مبارک کے ساتھ شائع ہوا۔
قارئین الفضل انٹر نیشنل سے جماعت سُرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
(رپورٹ: لئیق احمد مشتاق، مبلغ انچارج سرینام)