احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی طرف سے مسرور ہسپتال سینیگال کوجدید طبّی آلات کا تحفہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و رحم سے جماعت احمدیہ کو ہی یہ سعادت نصیب ہو رہی ہے کہ ساری دنیا میں وہ روحانی و جسمانی ہر دو ضروریات پوری کرنے کی توفیق پارہی ہے۔
روحانی طور پر تو اشاعت قرآن، تعمیر مساجد، مبلغین و معلمین کی باہم رسائی وغیرہ سے۔ اور جسمانی طور پر تمام شعبہ ہائے زندگی میں مجبور اور غرباء کی خدمت انسانیت کر کے۔ مثلاًغریب ممالک میں ہسپتالوں کی تعمیر اور ان میں جدید طبی آلات کی فراہمی ، سکولوں کی تعمیر اور اعلیٰ معیار کی تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، طبعی حادثات میں متاثرین کی امداد وغیرہ۔
افریقہ تمام دنیا میں جدید سہولیات سے محروم خطہ ہے۔ مغربی افریقہ کے ملک سینیگال میں صحت کے شعبہ میں ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات کا آغاز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خاص شفقت سے مئی 2019ء میں مسرور ہسپتال کے افتتاح سے ہوا۔
مسرور ہسپتال سینیگال محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے دن بدن ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ لوگوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتال میں وقتاً فوقتاً جدید طبی سہولیات کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ گزشتہ دنوں بھی احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی طرف سے تحفۃً دی گئی مزید جدید مشینری کی تنصیب کی گئی۔ جس کی تفصیل حسب ذیل ہے ۔
ECG Machine, Defibrillator, Cardiac Monitor, Endoscopy Monitors and Cameras, Operation Rooms Lights, Anesthesia Materials, Surgical Instruments.
مذکورہ بالا آلات کی تنصیب کی تکمیل کے بعد شکرانہ کے اظہار کے لیے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مہمان خصوصی سینیگال میں پاکستانی سفارتخانہ میں پاکستان کے سفیر مکرم ڈاکٹر علی احمد آرائیں صاحب تھے۔ ان کے علاوہ میئر رفسق RUIFSQUE، میئر امبورMBOUR اور دیگر معززین علاقہ بھی شامل تھے۔ تمام معززین نے اپنی تقاریر میں ہیومینٹی فرسٹ کی سماجی خدمات کو سراہا۔
معززین اور مہمانان کرام کو ہسپتال کا وزٹ کروایا گیا اور جدید آلات کا تعارف کروایا گیا۔ ان میں سےمتعدد آلات ایسے ہیں جو سینیگال کے معدودے چند ہسپتالوں میں دستیاب ہیں۔ ان تمام جدید آلات کی لاگت تقریباً 90000 ڈالرز ہے۔ مہمانوں نے جن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھی شامل تھے ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات کو بھر پور سراہا۔
مکرم عطاء الرحمان صاحب صدر احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا (AMMA Australia) اور ان کی ٹیم کی ان تھک محنت سے یہ تمام سامان مختلف مراحل سے گزر کر سینیگال پہنچا۔ اس پر ہیومینٹی فرسٹ سینیگال، مسرور ہسپتال سینیگال کےمیڈیکل ڈائریکٹر مکرم ڈاکٹر طاہر منہاس صاحب، تمام کارکنان اور عملہ ان سب کا شکر گزار ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو خدمت انسانیت کی بھرپور جزادے۔ آمین
(رپورٹ:حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )