نمازِ جنازہ حاضرو غائب 5 جنوری و 12 جنوری 2019ء
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 5جنوری2019ءکو نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدفضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم پروفیسر عبد الشکور اسلم صاحب (ٹوٹنگ۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر:
مکرم پروفیسر عبد الشکور اسلم صاحب (ٹوٹنگ ۔یوکے)
29دسمبر2018ءکو82سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت خدابخش مومن جی صاحب ؓاور حضرت فضل بی بی صاحبہ کے بیٹے تھے۔ آپ کا تعلق پٹیالہ کی مخلص فیملی سے تھا۔ہجرت کے بعد چنیوٹ اور پھر ربوہ شفٹ ہوگئے ۔کچھ عرصہ تعلیم الاسلام کالج ربوہ میں پڑھایا ۔ پھر نصرت جہاں سکیم کے تحت وقف کرکے افریقہ چلے گئے۔افریقہ سے واپسی پر حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کی اجازت سے تیس سال تک ایچی سن کالج میں بطور پروفیسر تعیینات رہے ۔ بہت مخلص، نیک، عبادت گزار اور دعا گوانسان تھے ۔ مرحوم کو خلافت کے ساتھ والہانہ عشق تھا۔احمدیت کے لیے بڑی غیر ت رکھتے تھے۔ اپنی ملازمت کے دوران تبلیغ کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔ آپ ایک کامیاب داعی الی اللہ تھے ۔ یوکے آنے کے بعد بھی تبلیغ کے میدان میں بہت کوشاں رہتے تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
نماز جناز ہ غائب:
مکرم نصیر احمد خان صاحب (کابل افغانستان )
27 دسمبر 2018ء کو 96سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ محترم خان میرخان صاحب (باڈی گارڈ حضرت مصلح موعود ؓ)کے بیٹے تھے ۔ بڑے دعا گو، تہجد گزار ،نیک ، مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ خلافت کے ساتھ مضبو ط اور گہرا تعلق تھا ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور سات بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کے بڑے بھائی مکرم ڈاکٹر محمد احمد کو ٹَل ضلع کوہاٹ میں شہید کردیا گیا تھا۔آپ کے ایک بھائی مکرم شیر احمد خان صاحب313 درویشان قادیان میں شامل تھے اور سب سے چھوٹے بھائی مکرم رحمت اللہ خان شاہد صاحب کو مربی سلسلہ کے طو پر خدمت بجالا نے کی توفیق ملی ۔
اللہ تعالیٰ ان مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اورانہیںاپنےپیاروںکےقرب میں جگہ دے۔
اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 12جنوری2019ءکو بروز ہفتہ 11 بجے صبح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدفضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرمہ شریفاں بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری عنایت اللہ صاحب مرحوم(ارلز فیلڈ۔ یوکے)اور مکرمہ تسنیم شیخ صاحبہ بنت مکرم چوہدری محمود احمد صاحب(راولپنڈی)کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر:
-1 مکرمہ شریفاں بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری عنایت اللہ صاحب مرحوم(ارلز فیلڈ ۔ یوکے)
6جنوری 2019ء کو طویل علالت کے بعد 82سال کی عمر میں وفات پا گئیں ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ اپنے بہن بھائیوں میں سے اکیلی احمدی تھیں۔ سلسلہ کے ساتھ اخلاص ووفا کا گہرا تعلق تھا۔چندہ جات میں باقاعدہ تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے ایک بیتے مکرم ناصر احمد صاحب بھلی (مربی سلسلہ) نظارت اصلاح وارشاد رشتہ ناطہ ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
-2 مکرمہ تسنیم شیخ صاحبہ بنت مکرم چوہدری محمود احمد صاحب(راولپنڈی)
12نومبر2018ءکوان کے شوہر نے انہیںظالمانہ طورپر قتل کردیا تھا۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کی عمر63سال تھی۔ 20 سال جماعت بالھم کی سرگرم رکن رہیں۔ان کے پہلے مرحوم شوہر مکرم امجد شیخ صاحب لمبا عرصہ سیکرٹری مال کی حیثیت سے کام کرتے رہے اور مرحومہ ان کی نظر کی کمزوری کی وجہ سے تمام پیپر ورک کیا کرتی تھیں۔مرحومہ نے اپنا گھر جماعتی میٹنگز کے لیے وقف کیا ہوا تھا۔ چندہ جات اور مالی تحریکات میں دل کھول کر حصہ لیا کرتی تھیں۔ صوم وصلوۃ کی پابند ، دعا گو، رحم دل ،صابرہ وشاکرہ ، غریبوں کی ہمدرد ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔پسماندگان میں دو بہنیں اوردو بھائی یادگار چھوڑے ہیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم عبادہ بربوش صاحب(ایڈیٹر عربی مجلہ التقویٰ )کی نسبتی بہن تھیں۔
نماز جنازہ غائب:
-1مکرمہ امۃ الباسط صاحبہ اہلیہ مکرم محمد ادریس صاحب (گجرات)
16 دسمبر 2018ء کو راولپنڈی میں 61 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ محترم یعقوب امجد صاحب(آف کھاریاں ۔واقف زندگی۔ سابق استاد جامعہ احمدیہ و مترجم قرآن کریم پنجابی)کی بہو تھیں۔کئی سال بیمار رہیں اور بڑے صبر اور ہمت سے وقت گزارا۔ بہت مخلص اور فدائی خاتون تھیں۔خلافت سے بے انتہا محبت کا تعلق تھا۔بچپن سے ہی جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ تربیتی کاموں اور سپورٹس کا بہت شوق تھا۔ اپنی والدہ کے ساتھ مل کر بچوں کو قرآن کریم پڑھاتی رہیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔
-2مکر مہ زینت پروین صاحبہ اہلیہ مکرم مسعود احمد ثاقب صاحب (شاہدرہ ۔لاہور)
23؍دسمبر 2018ءکو قادیان گئی تھیں لیکن وہاں اچانک طبیعت خراب ہونے پر 26 دسمبر کو نورہسپتال قادیان میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ ا ٓپ محترم حکیم غلام حسن صاحب (کارکن خلافت لائبریری)کی بہو تھیں۔ والدین کی وفات کے بعد بڑی بہن ہونے کے ناطے تمام بہن بھائیوں کو ایک ساتھ جوڑ کر رکھا اور انہیں والدین کی کمی محسوس نہیں ہونے دی ۔ اپنے بچوں کی تربیت بہت اچھے رنگ میں کی ۔ انتہائی شفیق ، ملنسار ،ہمسایوں اورضرورت مندوں کا خیال رکھنے والی بہت مخلص خاتون تھیں۔خلافت سے بہت محبت اور پیار کا تعلق تھا ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
-3مکرمہ صدیقہ بشیر صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر الدین احمد خاکی صاحب (ٹوکیو)
21 دسمبر 2018ء کو 86 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ چھ سال سے اپنے بیٹے مکرم ناصر بشیر صاحب کے پا س ٹوکیو میں مقیم تھیں۔بہت متوکل علی اللہ، دعاگو،نظام جماعت اور خلافت کے ساتھ گہرا تعلق رکھنے والی فدائی خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم ڈاکٹر محمد احمد اشرف صاحب (فضل عمر ہسپتال ربوہ )کی خوش دامن تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اورانہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭