حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(31؍مئی ۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 171,047,287
صحت یاب ہونے والے: 153,160,778
وفات یافتگان: 3,557,063

٭…اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب جانگ جون نے حالیہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کے پسِ منظر میں سلامتی کونسل میں تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بین الاقوامی امن کی بنیادی ذمہ داری سلامتی کونسل پر عائد ہوتی ہے، اسرائیل فلسطین تنازع کو حل کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ یہ مسئلہ وقت کے ساتھ ساتھ پہلے سے زیادہ گھمبیر ہوتا چلا جا رہا ہے۔ نیز یہ کہ بین الاقوامی سطح پر قانون کی حکمرانی کے لیے یہ خطرناک صورتِ حال ہے، مسئلے کا حل نہ ہونا عالمی ضمیر پر بوجھ ہے۔

٭…امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انتھونی بلنکن نے مقبوضہ غربی اردن میں رام اللہ کا دورہ کیا اور 25؍ مئی کی شام فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد کہا کہ امریکہ فلسطینیوں کے ساتھ اپنے روابط بہتر بنانے کے لیے یروشلم میں نہ صرف اپنے فلسطینی سفارت خانے کو دوبارہ بحال کرے گا بلکہ غزہ شہر کی تعمیر کے لیے مالی امداد بھی فراہم کرے گا۔ فلسطینی صدر سے ملاقات کے بعدبلنکن نے اس معاہدے پر زور دیا جس کے تحت حماس اور اسرائیل کے درمیان حالیہ تنازعہ کا خاتمہ ہوا ہے۔ انہوں نےاس بات پر بھی زور دیا کہ وہ حماس کو اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے۔ اس سے قبل انہوں نے امریکہ کی طرف سے اسرائیل کو دی جانے والی ’مکمل حفاظت‘ کی بھی یقین دہانی کروائی۔

٭…اسرائیل اور حماس کے مابین 10؍ تا 21؍مئی تک جاری رہنے والی حالیہ کشیدگی میں 242 فلسطینیوں اور 13 اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت ہوئی۔ مصر نے گیارہ دن تک جاری رہنے والے اس تنازعے میں اہم ثالثی کردار ادا کیا۔ یاد رہے کہ یہ کشیدگی اسرائیل کی جانب سے مشرقی بیت المقدس میں چند فلسطینی خاندانوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کرنے کے کوششوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔

٭…یورپ کے 28لاکھ سے کم آبادی والے ایک چھوٹے سے ملک لتھوینیا نے چین کی زیر قیادت تنظیم سی ای ای سی (چین، وسطی اور مشرقی یورپ کے ممالک کے مابین تعاون) سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چین کو براہ راست چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ لتھوینیا کے وزیر خارجہ گیبریل لینڈسبرگ نے کہا کہ لتھوینیا اب اس فورم کا رُکن نہیں ہے۔ انہوں نے اس پلیٹ فارم کو تفریق پھیلانے والی تنظیم قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کو چین کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ یورپ کی طاقت اور اثر و رسوخ اس کے اتحاد میں ہے۔دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لجیان نے لتھوینیا سے متعلق سوال کا طویل جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کا یہ باہمی معاونتی فورم معمولی واقعات سے متاثر نہیں ہوگا۔

٭…اسرائیلی وزارت خارجہ سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار نے پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے اس (پاکستان) کی توجہ اپنے ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال کی طرف مبذول کروائی ہے۔ انہوں نے اپنی ایک حالیہ ٹویٹ میں لکھا “انسانی حقوق کا ’چیمپین‘ پاکستان، جو عملی طور پر شیشے کے محل میں رہتا ہے، مشرق وسطیٰ کی واحد جمہوریت (اسرائیل) کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے خصوصی سیشن میں (انسانی حقوق کی) تبلیغ کر رہا ہے۔ یہ منافقت کی بہترین مثال ہے‘‘۔

اپنی اس طنزیہ ٹویٹ کے ساتھ ایلون یوشپز نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے سنہ 2020ء میں جاری کردہ ایک رپورٹ کا لنک بھی چسپاں کیا ہے جس میں پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ایلون یوشپز کی اس تنقیدی ٹویٹ کو اسرائیل کی وزرات خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ری ٹویٹ بھی کیا گیا ہے۔

یہ ٹویٹ پاکستانی وزارت خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک اعلامیہ کے پس منظر میں کی گئی جس میں آگاہ کیا گیا تھا کہ ’آج (27مئی) مقبوضہ فلسطینی علاقے بشمول مشرقی یروشلم میں انسانی حقوق کی خوفناک صورتحال پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کا خصوصی اجلاس ہو گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود اس اجلاس سے خطاب کریں گے اور کمیشن کو پاکستان کی (اس تناظر میں) توقعات سے آگاہ کریں گے۔‘واضح رہے کہ انسانی حقوق کمیشن کے ورچوئل اجلاس میں پاکستان بھی ان 24 ممالک میں شامل تھا جنہوں نے اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

٭…بشارالاسد چوتھی مرتبہ سات سالہ مدت کے لیے شام کے صدر منتخب ہو گئے ہیں، انہوں نے 1کروڑ 30 لاکھ (95.1 فی صد) ووٹ حاصل کیے جبکہ انتخابات میں ووٹنگ کی شرح 78 فیصد رہی۔ ان کے مدمقابل امیدوار اور حکومت کے باغی اتحاد نیشنل فرنٹ کے سابق سیکرٹری جنرل محمود احمد ماری صرف 3.1 فیصد ووٹ حاصل کر سکے جبکہ سوشلسٹ نیشنلسٹ پارٹی کے عبداللہ سالم عبداللہ 1.5 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ امریکی حمایت یافتہ کردوں کے علاقے ادلب میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا گیا۔ بشارالاسد کے مخالفین اور مغربی ممالک نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔

٭…اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر نے پاکستان کے تین روزہ دورے میں وزیر خارجہ شاہ محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مؤثر انداز میں اٹھائے۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندن باگچی نے اس پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت کو بوزکر کے بیان پر ’شدید تحفظات‘ ہیں نیز یہ کہ اس تنازعہ کو کسی اَور عالمی تنازعہ سے تشبیہ دینا درست نہیں ہے۔

٭…جرمنی نے بیسویں صدی کے آغاز میں جرمن نوآبادیاتی دور میں قبضے کے دوران ہریرو اور ناما کے ہزاروں باشندوں کے قتل عام اور نمیبیا میں نسل کشی کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے اور مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے اس قتل عام کو تسلیم کرتے ہوئے نمیبیا کو امداد کی پیشکش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کی تاریخی اور اخلاقی ذمے داری کے طور پر ہم نمیبیا اور قتل عام کا نشانہ بننے والے افراد کے اہلخانہ سے معافی کے طلبگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کو پہنچنے والی اذیت کو تسلیم کرتے ہوئے جرمنی، نمیبیا کے لیے 1.34 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کرتا ہے۔ یہ رقم آئندہ 30 سال کے دوران نمیبیا کے انفرااسٹرکچر، نظام صحت اور تربیتی پروگراموں پر صرف کی جائے گی جس سے علاقے کو فائدہ پہنچے گا۔نمیبیا کی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ جرمنی کی جانب سے غلطی تسلیم کیا جانا صحیح سمت کی جانب پہلا قدم ہے۔ جمعہ 28؍ مئی کو جاری کیا گیا بیان جرمنی اور نمیبیا کے درمیان پانچ سالہ مذاکرات اور بات چیت کا نتیجہ ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق 1904ء سے 1908ء کے درمیان اس علاقے میں 65 سے 80 ہزار کے قریب مقامی باشندوں کو قتل کردیا گیا تھا جن میں ناما قبیلے کی آدھی آبادی یعنی 20 ہزار میں سے 10 ہزار باشندے شامل تھے۔

٭…سعودی عرب کی فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق 27؍مئی بروز جمعرات دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر نظر آیا جسے دیکھ کر دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد قبلے کی درست سمت کا تعین کر سکتے تھے۔ فلکیاتی انجمن کے سربراہ ڈاکٹر ماجد ابو زہرہ نے کہا کہ سورج خانہ کعبہ کے اوپر اس لیے نظر آتا ہے کیونکہ خانہ کعبہ خط استوا اور خط سرطان کے درمیان واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گردش کے دوران مئی کے مہینے میں سورج خط استوا سے خط سرطان کی طرف منتقل ہوتا ہے اور گردش کرتے ہوئے خانہ کعبہ کے اوپر انتہائی بلندی پر تقریباً 90 ڈگری پر ہوتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے کہ جس وقت خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجاتا ہے۔

٭…کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کی سیاسی شوریٰ کے مرکزی رہنما مفتی خالد کو افغانستان کے صوبے کنڑ میں نامعلوم افراد نے دورانِ سفر قتل کر دیا۔ملا فضل اللہ کے قریبی ساتھی مفتی خالد کا تعلق بونیر سے تھا۔ موصوف 2008ء میں انتخابی ریلی پر خودکش آئی ای حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ نیز اس نے اے پی ایس، باچا خان یونیورسٹی اور پی اے ایف بیس بڈھ بیر پر دہشت گرد حملوں کی منصوبہ سازی اور سہولت کاری کی۔ مفتی خالد کو 2013ء میں ملا فضل اللہ کے ذریعے ٹی ٹی پی کی سیاسی شوریٰ کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ سیکیورٹی تجزیہ کار کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ مفتی خالد کی ہلاکت سواتی اور محسود گروپ کے مابین اقتدار کے لیے لڑی جانے والی لڑائی کا نتیجہ ہے۔

٭…سکاٹ لینڈ میں آرنڈل کے قلعے سے سکاٹ لینڈ کی ملکہ میری کی طلائی تسبیح دس لاکھ پاؤنڈ مالیت کے نوادرات سمیت چوری ہو گئی۔ قلعے کے عملے کو جمعہ 28؍ مئی کی رات ساڑھے دس بجے چوری کی اطلاع اس وقت موصول ہوئی جب قلعے میں نصب خطرے کی گھنٹیاں بجنا شروع ہو گئیں۔ ملکہ میری نے سنہ 1587ء میں موت کی سزا پانے کے وقت اس تسبیح کو اپنے ہاتھ میں رکھا تھا۔ دیگرتاریخی نوعیت کی مسروقہ اشیاء میں نقرئی پیالے بھی شامل ہیں۔

٭…پاکستان اور روس نے کراچی سے قصور تک گیس کی ترسیل کے لیے ڈالی جانے والی پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے لیے ایک معاہدے (آئی جی اے) پردستخط کر دیے۔ روس میں پاکستانی سفارتخانے نے کہا کہ ماسکو میں روسی وزیر توانائی نِکولائی شلگینوو اور پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے شمال۔ جنوب گیس پائپ لائن منصوبے پر معاہدے میں ترامیم کے پروٹوکولز پر دستخط کیے۔ پروٹوکول کے مطابق منصوبے کا نام تبدیل کرکے ’پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن‘ کردیا گیا ہے۔

٭…نئی دہلی میں واقع مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر کے دفتر پر بھارتی پولیس کے دورے کے بعد ویب سائیٹ انتظامیہ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ ان دنوں ٹوئٹر اور بھارتی حکومت کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں اور مودی انتظامیہ کی جانب سےبھارتی وزیراعظم کے خلاف تنقید سمیت کورونا وائرس کے بحران سے متعلق موجود کچھ مواد کو ٹوئٹر سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

٭…پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تمام اقسام کی موجودگی باعث تشویش ہے۔ ان سب سے احتیاطی ایس او پیزپر عمل کا ایک ہی طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ کے پہلے مرحلہ میں لوگ رضاکارانہ طور پر ویکسی نیشن کروارہے تھے۔ دوسرے مرحلہ میں ہم مختلف صنعتوں، لائن آف ورکس اور روزگار دینے والے بڑے اداروں تک پہنچیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن ہوسکے۔ اس وقت روزانہ پونے تین لاکھ سے زائد ویکسینز لگ رہی ہیںجبکہ ہمارا ہدف روزانہ پانچ لاکھ ڈوز لگاناہے۔

٭…برازیل کے صدر جائیر بولسونارو نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ان کے ملک میں جو مقامی گورنمنٹ لاک ڈاؤن لگائے گی فوج اس کے خلاف کارروائی کرے گی۔ برازیل میں اب بھی روزانہ ہزاروں افراد کورونا سے ہلاک ہورہے ہیں لیکن برازیلین صدر لاک ڈاؤن ختم کرنے پر بضد ہیں۔ مقامی حکومتوں کے خلاف فوجی آپریشن کی دھمکی دینے کے ساتھ موصوف نے خود کو سب سے زیادہ جمہوری اور عوام کے دکھ درد کا خیال رکھنے والا رہنما بھی قرار دیا۔

٭…ہانگ کانگ کی 44 سالہ خاتون کوہ پیما سانگ ین-ہنگ نے کم ترین وقت میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا عالمی ریکارڈ بنالیا۔ ایورسٹ بیس کیمپ کے سرکاری افسر گیانیندر شریستھا نے بتایا کہ ہنگ نے گزشتہ اتوار 23؍مئی کو 25گھنٹے اور 50 منٹ میں 8848.86 میٹر بلند میٹر پہاڑ کو سر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوہ پیما سانگ ین – ہنگ کو گنیز ورلڈ ریکارڈز سے سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے اپنے دعوے کا ثبوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ نیپالی حکومت دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کرنے والے کوہ پیماؤں کی تصدیق تو کرتی ہے لیکن ریکارڈز بنانے پر سرٹیفکیٹس جاری نہیں کرتی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button