جماعت احمدیہ مالٹا کی جانب سے سینیٹائزرز اور فیس ماسکس کا عطیہ
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ہم جس مشکل دور سے گزر رہے ہیں اس کا تقاضا ہے کہ ضرورت کے اس وقت میں ہم ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک، خدمت انسانیت اور یکجہتی کا اظہار کریں۔ خدمتِ انسانیت جو کہ اسلام کا خاصہ ہے کے جذبہ کے تحت جماعت احمدیہ مالٹا کو ضرورت مند انسانیت کی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذلاک۔
جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا نے ضرورت مند خاندانوں کے لیے مالٹا کمیونٹی چیسٹ فنڈ فاؤنڈیشن کو 10 ہزار ماسکس کا عطیہ پیش کیا۔ یہ عطیہ صدر مملکت مالٹا کے پیلس میں چیئرپرسن مکرمہ مارلین متسی صاحبہ کو پیش کیا گیا۔ مالٹا کمیونٹی چیسٹ فنڈ فاؤنڈیشن، صدرمملکت مالٹا عزت مآب ڈاکٹر جارج ویلا صاحب کی زیرنگرانی فلاحی کاموں کا ادارہ ہے۔ اور صدر مملکت مالٹا اس کے سربراہ ہیں۔
اسی طرح مہاجرین کے مراکز میں مقیم خاندانوں کے لیے سینیٹائزر اور پانچ ہزار ماسک بطور عطیہ پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ فاؤنڈیشن فار سوشل ویلفیئر سروسز کے سی ای او مکرم الفریڈ گرشتی صاحب کو سینیٹائزر اور پانچ ہزار ماسک بطور عطیہ پیش کیے گئے تاکہ ضرورت مند افراد میں یہ تقسیم کیےجاسکیں۔
ان مواقع پر ان اعلیٰ عہدیداروں کو جماعت احمدیہ کا تعارف اور جماعت کی خدمت انسانیت کے بارہ میں تفصیل سے بتانے کا موقع ملا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کوششوں کو اپنے حضور قبول فرمائے اور ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا)
٭…٭…٭
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مالٹا کی طرف سے خدمتِ انسانیت کی تمام مساعی میں بے انتہا برکت ڈالے اور اسلام احمدیت کے لئے اُن کے دل کھولے۔ آمین