جماعت احمدیہ کی طرف سےبینن میں قائم یتیم خانہ میں فرانسیسی سفیرکی آمد
جماعتِ احمدیہ عالمگیر کی انسانی خدمات کا اعتراف دنیا بھر کے ہر تعلیم یافتہ اور صائب الرائے طبقے کی جانب سے گاہے بگاہے کیا جاتا ہے اور بالخصوص حضور ِانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے عالمی سطح پر لیکچرز اور خطابات نے ایک بڑے پیمانے پر عوام الناس کے علاوہ خواص الناس کی توجہ کھینچی ہے۔ یہ بھی ایک وجہ ہے کہ دنیا کے ہر کونے میں جماعت احمدیہ ایک منفرد اور اچھی پہچان رکھتی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 27؍مئی 2021ء کو ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تحت تشریف لانے والے ڈاکٹرز کی فرانسیسی سفیر سے ایک ملاقات ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب بینن نے ملک کے غریب طبقہ کے لیے ہیومینٹی فرسٹ کے زیرِانتظام کیے جانے والے امدادی پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔ دورانِ ملاقات امیر صاحب کی دعوت پر مکرم سفیر صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ ہی کے تحت کام کرنے والے جماعتی یتیم خانہ دارالاکرام پورتونووو کے دورہ پر رضامندی کا اظہار کیا۔
چنانچہ مورخہ 31مئی 2021ء بروز سوموار فرانسیسی سفیر اپنے 3رکنی وفد کے ساتھ کوتونوCotonou سے 45 کلومیٹردور پورتونووو PortoNovoتشریف لائے۔ ان کے وفد میں پورتونو کے میئر بھی شامل تھے۔
مکرم امیر صاحب بینن نے یتیم خانہ میں 12رکنی وفد اور یتیم خانہ کے بچوں کے ساتھ معزز مہمانان کا استقبال کیا۔
امیر صاحب کے ساتھ مکرم ابراہیم راجی صاحب نائب امیر اول ،ڈاکٹر ولید صاحب و اہلیہ،مکرم بکری مصلحو صاحب چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ،مکرم حسنی مالکی صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ،مکرم حافظ توصیف صاحب مبلغ سلسلہ،مکرم پوکپولا قاسم صاحب صدر جماعت پورتونووو، ڈاکٹر مبارک احمد صاحب، مکرم مبرور احمد نوید صاحب ڈائریکٹر احمدیہ سکول پورتونووو اورمکرم ڈاکٹر محمود احمد بھُنو صاحب شامل تھے۔
احباب جماعت اور آنے والے مہمانان کےآپس میں تعارف کے بعد یتیم خانہ کے ایک بچے نے یتیم خانہ کا مکمل وزٹ کروایا۔ پوری عمارت اور گرد و نواح کی صفائی، ڈسپلن اور دیکھ بھال کے عمدہ معیار کودیکھ کر تمام مہمانان بہت متاثر ہوئے اور خوشی کا اظہار کیا۔
یتیم خانہ کےہال میں چیئر مین صاحب ہیومینٹی فرسٹ نے بینن میں ہیومینٹی فرسٹ کے پراجیکٹس کاتعارف کروایا اور احمدیہ دارالاکرام کے بارے میں ایک بریفنگ دی۔
بعد ازاں دونوں موجود ڈاکٹرز نے انسانی خدمت کے حوالے سےجماعتی ہسپتالوں میں ہونے والے اہم کاموں سے محترم سفیر صاحب کو آگاہ کیا جس کے بعدیتیم خانہ کی ایک بچی نےادارہ دارالاکرام کی طرف سےتمام معزز مہمانان کا روایتی انداز میں شکریہ ادا کیا۔
اپنے تاثرات میں ایمبیسڈر صاحب نے بہت اچھے انداز میں جماعت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس ادارے کا معیار بہت عمدہ ہے اور ہم خوش ہیں کہ آپ ان بچوں کو سنبھال رہے ہیں جو کل کا سرمایہ ہیں اور بلاشُبہ آپ کی یہ خدمت دنیا بھر میں غیر معمولی قدرسے دیکھی جانے والی خدمت ہے۔ جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ مبارکباد کے حقدار ہیں۔
میئر پورتونو نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں جماعت کے فلاحی کاموں سے پہلے سے واقف ہوں لیکن یتیم خانہ کا انتظام دیکھ کر بہت خوش ہوا ہوں اور ہم جماعت کے فلاحی کاموں میں ہر خدمت کے لیے تیار ہیں۔
مکرم امیر صاحب بینن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ہر مذہب میں یتیموں کی خدمت قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اور اسلام نے تو یتامیٰ کی خبر گیری،پرورش اور خدمت پر غیر معمولی زور دیا ہے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دور کے سفر اور مصروفیات سے خصوصی وقت نکال کرآنے والے مہمانان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے آخر پر مہمانان کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بچوں کے ہاتھ کی بنائی ہوئی مختلف اشیاء پیش کی گئیں جن کو معزز مہمانان نے بہت خوشی سے تناول کیا۔
(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭