امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ اراکین نیشنل عاملہ مجلس انصار اللہ یوکے کی (آن لائن) ملاقات
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ اراکین عاملہ مجلس انصار اللہ یوکے کی 13؍جون 2021ء کو آن لائن ملاقات ہوئی۔
حضور انور نے اس میٹنگ کی صدارت اپنے دفتر اسلام آباد (ٹلفورڈ) سے فرمائی جبکہ ممبران مجلس عاملہ مجلس انصار اللہ یوکے نے بیت الفتوح (مورڈن)سے شرکت کی۔
حضور انور نے مجلس عاملہ کے ہر ممبر سے انفرادی طور پر ان کی ذمہ داریوں اور فرائض کے بارے میں دریافت فرمایا اور ان میں سے ہر ایک کو اپنے شعبہ کی مساعی کی رپورٹ پیش کرکے حضور انور سے راہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملا۔
دوران ملاقات حضور انور نے مجلس انصار اللہ کو ہدایت فرمائی کہ احمدی مسلمان بچوں کو انٹرنیٹ پر موجود ضرر رساں اور خطرناک مواد سے بچانے کے لیے مناسب اقدام اٹھانے چاہئیں۔
حضور انور نے فرمایا: جن انصار کے بچے بڑے ہو کر انصار میں جا چکے ہیں ان کے بھی چھوٹے بچے ہیں۔ بعض ان میں سے ایسے ہیں جو ان بچوں کی طرف توجہ نہیں کرتے۔ وہ آجکل انٹرنیٹ پر بیٹھے رہتے ہیں اور جب سکولوں میں چھٹیاں ہوتی ہیں تو خاص طور پر۔ پھر انٹرنیٹ پر جا کر غلط قسم کے پروگرام دیکھنے کی طرف رجحان زیادہ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ اس کے لیے آپ لوگوں نے کوئی پروگرام بنایا ہے کوئی آپ لوگوں نے؟ خدام الاحمدیہ تو بناتی ہے، انصار کو بھی بنانا چاہیے۔ ان حالات کے مطابق اپنا پروگرام بنانا چاہیے اور اس کی فوری implementation ہونی چاہیے۔
بعد ازاں حضورِ انور نے مجلس انصار اللہ کے ایسے اراکین کے حوالہ سے جو قرآن کریم پڑھنا نہیں جانتے سکیم بنانے کے متعلق ہدایات دیتے ہوئے فرمایا:
ایک confidential report لیں اپنی۔ اگر کوئی شرماتا ہےتو کہہ دیں کہ تمہارا نام disclose نہیں کیا جائے گا، اگر قرآن کریم پڑھنا نہیں آتا تو تم اپنے بارے میں بتا دو، تمہیں قرآن کریم پڑھانے کی کلاس رکھی جائے ۔ ویسے تو قرآن کریم پڑھنے کے بارے میں شرمانا نہیں چاہیے۔ میں خطبات میں بھی بعضوں کے مرحومین کا ذکر کرتا رہا ہوں وہ بڑے ہو کے بھی سیکھتے رہے، پڑھتے رہے۔ اسی طرح ربوہ میں بھی انصار اللہ کی کلاسیں لگ رہی ہیں جن کو قرآن کریم پڑھنا نہیں آتا تھا اور انہوں نے پڑھنا سیکھا۔ تو یہ تو ایسی کوئی ایسی بات نہیں ہے جس پہ شرمایا جائے یا جھجکا جائے لیکن اگر کسی میں جھجک ہے تو اس کو یہ بتا دیں کہ تمہارا نام نہیں بتائیں گے۔ تم نے قرآن کریم پڑھنا ہے تو تمہارے پڑھنے کا انتظام کر دیتے ہیں۔
کتاب دیباچہ تفسیر القرآن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حضورِ انور نے ممبران عاملہ مجلس انصار اللہ یوکے کو مخاطب ہو کر فرمایا انہیں اس بات کو سمجھنا چاہیے کہ مذہب کی ضرورت کیاہے، اسلام کے کیا مقاصد ہیں اور دیگر مذاہب کے موازنہ کی تعلیم سے خود کو روشناس کروانا ضروری ہے۔
حضورِ انور نے فرمایا: دیباچہ تفسیر القرٓان کا پہلا حصہ موازنہ مذاہب سے تعلق رکھتا ہے، مذہب کی ضرورت اور اسلام کی ضرورت ایسے موضوعات ہیں جن میں مجلس انصاراللہ کے ممبران کو خوب مہارت ہونی چاہیے اور ان پر خوب واضح ہونے چاہئیں۔ ان سب کو پتا ہونا چاہیے کہ مذاہب کے باہمی اختلافات کیاہیں اور مذہب کی کیا ضرورت ہے اور اسلام کے قائم کرنے کی کیا ضرورت تھی۔
ملاقات کے اختتام پر مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ یوکے نے Masroor Eye Institute برکینا فاسو کے افتتاح کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت 2016ء میں مجلس انصار اللہ یوکے کو مسرور آئی انسٹیٹیوٹ بنانے اور چلانے کی ذمہ داری برکینا فاسو میں عطا فرمائی تھی۔ 2017ء میں حضور اقدس نے ایک اینٹ پر دعا کر کے خاکسار کو دی جو کہ خاکسار کو برکینا فاسو جا کے اس کی بنیاد رکھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ عمارت کی تعمیر کا کام 2017ء میں شروع ہو گیا۔ اس وقت بلڈنگ تعمیر کے مراحل سے گزرتی ہوئی تقریباً مکمل ہو چکی ہے، اندر سے مکمل ہے۔ اب اس وقت بلڈنگ کے باہر کا کام جاری ہے جو کہ انشاء اللہ اگلے تقریباً ایک ماہ کے دوران مکمل ہو جائے گا۔ یہ عمارت کا حصہ بستان مہدی جو کہ واگاڈو گو (Ouagadougou)برکینا فاسو کا کیپیٹل ہے وہاں سے گھانا جانے والی مین سڑک پر واقع ہے۔ یہ تقریباً ساڑھے چار ایکڑ کا پلاٹ ہے اور دو منزلہ عمارت ہے۔
محترم صدر صاحب مجلس زیرِ تعمیر ہسپتال کی تصاویر حضورِ انور کو دکھاتے اور عمارت اور اس کے اطراف کا تعارف پیش کرتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دو منزلہ عمارت کے اندر دو آپریشن تھیئٹر موجود ہیں جس کے علاوہ چھ کنسلٹیشن رومز ہیں۔ عمارت کے احاطہ میں انشاء اللہ ایک دو گھر بھی بنائے جائیں گے۔ واشنگ facilities اور کچن کی facilities بڑی عمارت سے ملحقہ بلڈنگ کے اندر موجود ہوں گی۔
تصاویر کی پیشکش کے بعد محترم صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے عرض کیا کہ حضور اقدس کی خدمت میں عاجزانہ درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجلس انصار اللہ یو کے کو احسن رنگ میں یہ ذمہ داری نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔
حضور انور نے رپورٹ پر تبصرہ فرماتے ہوئے فرمایا :
جزاک اللہ۔ ماشاء اللہ۔ بڑا اچھا بنا لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو اس کو چلانے کی بھی توفیق دے۔
اللہ تعالیٰ مجلس عاملہ انصاراللہ یوکے کی اس ملاقات کے بابرکت ثمرات پیدا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭