آن لائن علمی ریلی2021ء۔ لجنہ اماءاللہ فن لینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال لجنہ اما ء اللہ فن لینڈ کو پہلی مرتبہ اجتماع کی بجائے آن لا ئن علمی ریلی منعقد کر نے کا مو قع ملا۔ موجودہ حالات کے پیشِ نظر کسی بھی جگہ پر اکٹھے ہو کر اجتماع کرنا ممکن نہیں تھا۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہو ئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خد متِ اقدس میں تین دن کے آن لائن اجتماع لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کی منظوری کے لیے لکھا گیا، جس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 18، 19 اور 20 جون کی تاریخوں کی منظوری دیتے ہو ئے ارشاد فر ما یا :
’’آن لائن اجتماع تو نہیں ہو سکتا کیو نکہ اجتما ع میں ورزشی مقابلہ جات بھی ہو تے ہیں جو آن لائن منعقد نہیں ہو سکتے، ہاں اگر علمی پروگرام کر نے ہیں تو آپ کو اسکی اجا زت ہے۔‘‘
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجا زت کے ساتھ ہی علمی ریلی کی انتظامیہ تشکیل دی گئی اور باقاعدہ طور پر علمی ریلی کی تیاری کا آغا ز کیا گیا۔
سب سے پہلا اور ضروری کام لجنہ و نا صرات کے مقابلہ جات کا تعین کر کے نصاب تیار کر نا اور ممبرات تک پہنچانا تھا۔ اس ضمن میں نیشنل سیکریٹری تعلیم مکرمہ کنزہ محمود صاحبہ اور نیشنل سیکریٹری ناصرات مکرمہ سعدیہ مبشرہ صاحبہ نے اہم ذمہ داری ادا کی۔ جنہوں نے خاکسار (نیشنل صدر لجنہ) اور نیشنل جنرل سیکریٹری مکرمہ عفت سعید صاحبہ سے راہنمائی لیتے ہوئے اس نصاب کو تر تیب دیا۔ نصاب کی تیا ری کے لیے متعدد میٹنگز ہوئیں جس کے بعد پورے نصاب کو کتاب کی حتمی شکل دے کر تمام لجنہ و نا صرات کے ساتھ شیئر کیا گیا۔ اس با ت کو یقینی بنا یا گیا کہ یہ نصاب تمام لجنہ و ناصرات تک پہنچ جائے اور وہ اس کے مطا بق ہی تیا ری کریں۔
نصاب کی تفصیل اور تیاری سے متعلق لجنہ و ناصرات کے ماہانہ اجلاس میں لجنہ کی راہنمائی کی گئی۔ نصاب کی تیا ری کےلیے نیشنل شعبہ تعلیم نے ایک الگ کلاس کا انعقاد کیا جس میں لجنہ ممبرات کو نصاب کی تیاری کروائی گئی اور نصاب سمجھانے کے ساتھ ساتھ قواعد و ضوابط سے آگا ہ کیا گیا۔ مقابلہ جا ت کی پلاننگ اور حصہ لینے والی لجنہ کی آسانی کےلیے اُن لجنات کے نام پہلے سے اکٹھے کر لیے گئے جو مقابلہ جات میں حصہ لینا چاہتی تھیں۔
لجنہ کو دو معیار وں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر دو معیار کے آٹھ آٹھ مقابلہ جات ان کے معیار کے نصاب کے مطابق کروائے گئے۔ جبکہ پانچ مقابلہ جات دونوں معیاروں کے اکٹھے کروائے گئے۔ مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ، نظم، قصیدہ، درود شریف، حدیث، ادعیہ، اردوتقریر، فنش تقریر، تقریر فی البدیہ، شرائظ بیعت، دینی معلومات، مشاہدہ معائنہ اور بیت بازی شامل تھے۔
اس کے علاوہ لجنہ اور ناصرات کے مقابلہ کیلیگرافی اور ہینڈی کرافٹ بھی علمی ریلی میں شامل کیے گئے، جن میں تمام شاملین نے بھرپور حصہ لیا اور پہلے سے اپنی کاوشیں بھجوا دیں۔
ناصرات کے لیے تین معیاروں کے مطابق نصاب تیار کیا گیا۔ تینوں معیار کے الگ الگ آٹھ علمی مقابلہ جات ہوئے۔ سا ت سال سے کم عمر بچوں کو دو گروپس میں تقسیم کیاگیا اور ہر گروپ کے چارچار مقابلہ جات کروائے گئے۔
تینوں ایام میں نشستوں کے دوران وقتاً فوقتاً بچوں کی ویڈیوز بھی چلائی گئیں جن میں بچوں نے اپنی پسند سے کوئی بھی سورت، حدیث یا دعا سنا کر علمی ریلی کے لیے بھجوائی تھیں۔
اس سال کچھ نئے مقا بلہ جا ت بھی علمی ریلی کا حصہ بنے، جن میں مقا بلہ قصیدہ، درودشریف، مقا بلہ ادعیہ، شرائط بیعت اور حدیث شا مل ہیں۔ ان مقابلوں کا مقصد علمی پرو گراموں کو زیادہ سے زیادہ مفید بنا نا تھا تاکہ لجنات اس سے علمی استفادہ حاصل کر سکیں۔ ان مقابلہ جات میں لجنا ت کی دلچسپی، ان کی بھرپور شرکت کے صورت میں دیکھنے میں آئی ۔
علمی ریلی کے پروگرام کو تین ایام میں پانچ نشستوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلی نشست میں افتتاحی اجلاس کی کارروائی تلاوت قرآن کریم حدیث اور عہد سے ہوئی۔ جس کے بعد خاکسار نے لجنہ کو مخاطب کرتے ہوئے، ان کو جماعتی پروگراموں میں شمولیت کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔ خاکسار نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تازہ ارشاد کا حوالہ دیا جس میں حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لجنہ اماءاللہ کو صد سالہ تقریبات کے لیے اس بات کا بھی ٹارگٹ دیا کہ 100 فیصد لجنہ جماعتی پروگراموں میں شامل ہوں۔ خاکسار نے علمی ریلی کے انعقاد کے مقصد کو واضح کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اپنے بچوں کی دینی تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ مائیں اپنی دینی تعلیم پر توجہ دیں اور اس کو بہتر بنائیں۔ علمی مقابلہ جات کے انعقاد کا اصل مقصد لجنہ کے علمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ فا لستبقو الخیرات کے مضمون کو سامنے رکھتے ہوئے اس دینی علم کو مقابلہ جات کا رنگ دیا جاتا ہے۔
علمی ریلی کی کارروائی کے دوران مقابلہ جات کے نتائج کی تیاری ایک اہم کام ہوتا ہے جو ناظمہ نتائج مکرمہ عافیہ مقصود صاحبہ اور ان کی ٹیم نے بروقت انجام دیا۔ علمی ریلی کی کارروائی کی رپورٹ کی تیاری ساتھ ساتھ جاری رہی جو ناظمہ رپورٹ مکرمہ سعدیہ شہزاد صاحبہ نے اختتامی اجلاس سے قبل مکمل کی تاکہ اختتامی اجلاس میں پیش کی جا سکے۔
ہر نشست کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا رہا۔ علمی ریلی کی کارروائی کی کمپئیرنگ مکرمہ عفت سعید صاحبہ اور مکرمہ درثمین صاحبہ نے کی۔ ہر نشست میں ہونے والے پروگرام اور مقابلہ جات سے متعلق presentation slides بھی بنائی گئی تھیں جومکرمہ فائزہ منیر صاحبہ ساتھ ساتھ شاملین کو دکھا رہی تھیں۔ اتوار کے روز آخری نشست میں شعبہ جات اور علمی ریلی کی رپورٹ پیش کی گئی اور مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔
خاکسار نے اختتامی خطاب میں لجنہ کو مختلف تربیتی امور کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اللہ اور رسول کے ارشادات کی روشنی میں بچوں کی تربیت کرتے وقت اپنی خداداد صلاحیتوں سے، پورا زور لگا کر ابتدا سے ہی بچوں میں پیوست کرنے کی پوری کوشش کریں، اپنی سستیاں دور کریں، پہلے دین کے مسائل خود سیکھیں، اور پھر بچوں کو سکھائیں۔ اللہ اور اس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی محبت کے بارے میں چھوٹے چھوٹے واقعات پڑھیں بچوں کو سنائیں اور اپنی عملی زندگی میں اس پر کاربند بھی ہوں تاکہ بچوں کو ہمارے قول وفعل میں تضاد نظر نہ آئے۔ پہلے خدا تعالیٰ کی محبت خود اپنے اندر پیدا کریں تب بچوں میں خدا تعالیٰ کا ادراک اور محبت پیدا کر سکیں گی۔ ساتھ ہی لجنہ کو پردہ کی طرف بھی خصوصی توجہ دلائی۔
آخر پر خاکسارنے علمی ریلی کی انتظامیہ اور تمام کارکنات کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ جنہوںنے اس پروگرام کی تیا ری سے لے کر اس کو کا میاب بنا نے تک بہت ہی لگن اور محنت سے کام کیا ۔علمی ریلی کے تینوں دن انتظامیہ کی سب ممبرات سارا وقت مستعدی کے ساتھ ہر ایک کام کا بغور جائزہ لیتی رہیں اور کسی اچانک آجانے والے کام کو بھی بروقت انجام دیا اور مسلسل تینوں دن اپنے وقت کو خدا تعالیٰ کی راہ میں وقف کیا۔
حاضری کی صورتحال کچھ اس طرح رہی:
لجنہ : 78 (83%)
ناصرات : 14 (70%)
بچے:66
خدا تعالیٰ سب شاملین کو بہترین اجر دے، اسی جذبے کو برقرار رکھے ا ور ہمیں اور ہماری آئندہ نسلوں کو خلافت کے ہر حکم پر لبیک کہتے ہوئے اس کا سچا اور پکا وفادار بنائے۔ آمین۔
(رپورٹ: ریحانہ کوکب ۔ صدر لجنہ اماء اللہ فن لینڈ)