از مرکز

حضور انور نے اپنے دستِ مبارک سے عربی رسالہ ’التقویٰ‘ کی ویب سائٹ اور الفضل انٹرنیشنل کی جدید ویب سائٹ اور موبائل فون ایپلیکیشن کا اجرا فرما دیا

مورخہ 14؍ جون 2019ء بروز جمعۃ المبارک حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الفتوح میں اخلاص و وفا کے پیکر بدری صحابی حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کی سیرت مبارکہ پر خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ حضورِ انور نے نمازِ جمعہ پڑھانے کے بعد سنّتیں ادا کیں اور پھر سیڑھیوں سے نیچے تشریف لائے جہان عربی رسالہ ’التقویٰ‘ کے ایڈیٹر اور ان کے ممبرانِ ٹیم نیز الفضل انٹرنیشنل کا سٹاف اور دونوں رسائل کے بورڈ ممبران حضورِ انور کے منتظر تھے۔ پہلے محترم ایڈیٹر صاحب ’التقویٰ‘ محترم عبادہ بربوش صاحب کو جو اپنے خاص عربی لباس میں ملبوس تھے حضورِ انور کا استقبال کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ حضورِ انور نے ’التقویٰ‘ کی ویب سائٹ کا افتتاح فرمایا۔ اور اس پر موجود مواد کو ملاحظہ فرمایا۔

رسالہ ’التقویٰ‘ کی ویب سائٹ کا بابرکت افتتاح

بعد ازاں حضورِ انور الفضل انٹرنیشنل کی جدید ویب سائٹ www.alfazl.com اورموبائل فون اپلیکیشن کے اجرا فرمانے کے لیے تشریف لائے۔ یہ اپلیکیشنز آئی فون اور اینڈرائڈ فونز کےلیے الگ الگ تیار کی گئی ہیں۔

اس ویب سائٹ کا باقاعدہ اجرا فرمانے کے بعد حضورِ انور نے اسے کوکچھ دیر ملاحظہ فرمایا اور پھر اجتماعی دعا کے ساتھ اس مبارک تقریب کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں حضورِ انور نے ازراہِ شفقت ’التقویٰ‘ اور ’الفضل انٹرنیشنل‘ کی جانب سے پیش کی جانے والی شیرینی کو قبول فرماتے ہوئے انہیں الگ الگ متبرک فرمایا اور اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔

’الفضل انٹرنیشنل‘ کی جدید ویب سائٹ اور موبائل فون اپلیکیشن کا مبارک اجرا

الفضل کے سفر کا آغازآج سے ایک سو چھ سال قبل حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر الدین محموداحمد (خلیفۃ المسیح الثانی، المصلح الموعود)رضی اللہ عنہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ عنہ کی اجازت اور رہنمائی کے ساتھ قادیان دارالامان سے فرمایا۔ 18؍ جون 1913ءکو اس کا پہلا پرچہ شائع ہو کر منظرِ عام پر آیا۔

آغاز میں یہ اخبار ہفت روزہ تھاجو خلیفۂ وقت کی شفقت بھری رہنمائی کی بدولت آہستہ آہستہ ترقی کے منازل طَےکرتا ہوا بالآخر 8؍ مارچ 1935ءکو روزنامہ میں تبدیل ہو گیا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک موقع پر فرمایا کہ’جماعتی ادارے تو خلافت سے وابستہ ہیں اس لیے اِن کی عمر اُن کے قیام سے ہے نہ کہ کسی ملک کے قیام یا مسائل کا شکار ہونے پر کسی وقفے یا تسلسل نہ رہنے سے۔‘ چنانچہ وقت کے ساتھ ساتھ الفضل کا قافلہ رواں دواں رہا۔ قادیان سےہجرت کے بعد پہلے لاہور سے اور پھر ربوہ سے اس کی اشاعت شروع ہوئی اور ہمیشہ کی طرح خلافت کے زیرِ سایہ یہ ادارہ دن بہ دن ترقی پذیر ہوتا چلا گیا۔ پاکستان میں حالات خرابی کی طرف مائل ہوئے اور جماعتِ احمدیہ پر لگائی گئی پابندیوں کی لپیٹ میں یہ اخبار بھی آتا دکھائی دیا تو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے ارشاد پر لندن سے اس کے انٹرنیشنل ایڈیشن کا باقاعدہ اجرا 7؍ جنوری 1994ء کو ہوا۔

اب صورتحال یہ ہے کہ پاکستان میں یہ اخبار جبری تعطّل کا شکار ہے۔ جبکہ خلیفۂ وقت کی دعاؤں اور رہنمائی کی برکت سے الفضل انٹرنیشنل گزشتہ پچیس سال سے باقاعدگی کے ساتھ شائع ہوتا ہوا ہفت روزہ سے سہ روزہ میں بدل چکا ہے۔

مورخہ 3؍ اکتوبر 2002ء کو یہ اخبار زمانے کے جدید تقاضے پورے کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر میسر ہو گیا۔ اس اخبار کے تب سے اب تک کے شمارے PDF کی صورت میں اس ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ اور لوگ ان شماروں سے خوب خوب فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ الحمد للہ

الفضل کی جدید ویب سائٹ

مورخہ 13؍ مارچ 2017ءکو محترم فرّخ راحیل صاحب مربی سلسلہ و ممبر ایڈیٹوریل بورڈ الفضل انٹرنیشنل لندن نےحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے الفضل انٹرنیشنل کی ویب سائٹ اور موبائل فون ایپلیکیشن بنانے کے لیے اجازت کی درخواست کی جس پر حضورِ انور نے ازراہِ شفقت اجازت عطا فرمانے کے ساتھ زرّیں ہدایات سے بھی نوازا۔

حضورِ انور کی ہدایت پر ایم ٹی اے کی آئی ٹی ٹیم کے انچارج مکرم عادل منصور صاحب سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ اس پروجیکٹ پر کام کرنا شروع کر دیا۔

وقت کے ساتھ ساتھ اس پروجیکٹ پر کام ہوتا رہا اور ہر مرحلہ پر حضورِ انور سے رہنمائی لی جاتی رہی۔ اردو زبان کے فونٹ اور سیٹنگ وغیرہ کی پیچیدگیوں کے بہت سے مسائل آئے۔ کبھی ایک چیز ڈیسک ٹاپ پر درست ہوتی مگر اپلیکیشن میں درست طور پر نہ دیکھی جا سکتی اور کبھی معاملہ اس کے برعکس ہوتا۔ ان معاملات کو حل کرنے کے لیے بہت سے تجربہ کار احباب سے مشورے کیے گئے۔ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خاص توجہ کی بدولت اللہ تعالیٰ ادارہ الفضل انٹرنیشنل پر اپنے فضل فرماتا رہا اور تمام تکنیکی معاملات ایک ایک کر کے قابلِ قبول حد تک حل ہوتے چلے گئے۔ اوربالآخر9؍ جون 2019ء کو ہونے والی ایک ملاقات میں اس ویب سائٹ کی فائنل شکل حضورِ انورکی خدمت میں بغرضِ ملاحظہ و اجازت برائے اجرا پیش کی گئی۔ حضورِ انور نے اسے ملاحظہ فرمایا اور انتہائی شفقت فرماتے ہوئے اس کے اجرا کی اجازت عطا فرمائی۔ نیز مورخہ 14؍ جون 2019ء بروز جمعہ مسجد بیت الفتوح میں نمازِ جمعہ کے بعد اس ضمن میں تقریب کرنے کا ارشاد فرمایا۔

اس موقع پر ایم ٹی اے کی معاونت سے ایک پرومو تیار کیا گیا۔ نیز ایم ٹی اے کی آئی ٹی ٹیم اور پروڈکشن ٹیم کی معاونت سے تقریب کے دیگر انتظامات مکمل کیے گئے۔ اس تقریب کے لیے بڑے سائز کی ٹچ سکرین (touch screen)کا انتظام کیا گیا تھا۔

نمازِ جمعہ کے لیے حضورِ انو رکی تشریف آوری سے قبل محترم انچارج صاحب مخزنِ تصاویر اور ایم ٹی اے ٹیم کی ہدایات کی روشنی میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔اور جیسا کہ ذکر ہو چکا ہے نمازِ جمعہ کے بعد یہ مبارک لمحات الفضل انٹرنیشنل کے نصیب میں آئے۔

اس ویب سائٹ اور موبائل فون اپلیکیشن میں اب الفضل کا تمام مواد الگ الگ مضامین کی صورت میں موجود ہے جسے نہ صرف کمپیوٹر، موبائل فون اور ٹیبلٹ وغیرہ پر بسہولت پڑھا جا سکتا ہے بلکہ اپنی پسند کے مضامین کو ڈھونڈنے، اس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے یا تبصرہ کرنے، اس کو ایک دوسرےکو بھجوانے یا شیئر کرنے نیز اس کی عبارت کو کاپی (copy)کر کے اپنے پسند کے کسی ایسے سافٹ ویئر میں پیسٹ(paste) کرنے کی سہولت بھی موجود ہے جو یونی کوڈ فونٹ (Unicode Font)کو سپورٹ کرتا ہو۔

اس ویب سائٹ کی تیاری اور اس کے اجرا کے سلسلہ میں ادارہ الفضل انٹرنیشنل محترم عادل منصور صاحب(انچارج آئی ٹی ٹیم ایم ٹی اے انٹرنیشنل)، محترم طارق انعام غوری صاحب اور محترم خرم خالد صاحب (ممبران آئی ٹی ٹیم ایم ٹی اے انٹرنیشنل)،محترم فرخ راحیل صاحب (نائب مدیر الفضل انٹرنیشنل، پروجیکٹ مینیجر)، محترم احسن مقصود صاحب(مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل)، محترم مسعود ناصر صاحب و ممبران ٹیم www.alislam.org، اور دیگر احباب جنہوں نے کسی بھی طرح اس کام کی تکمیل میں تعاون فرمایا کا تہِ دل سے ممنون ہے۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر سے نوازے اور ادارہ الفضل انٹرنیشنل کوبہترین انداز میں اپنے مفوضہ کاموں کو سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

موبائل فون پر اپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لِنک:
آئی فون؍IOS پر درج ذیل لِنک سے ایپ ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے:

https://apps.apple.com/gb/app/al-fazl/id863280430

Androidکے ساتھ چلنے والے ڈیوائسز پر درج ذیل لِنک سے ایپ ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے:

https://play.google.com/store/apps/details?id=com.alfazlintl.android

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button