”سنوٹاؤن“ ایڈیلیڈ ساؤتھ، آسٹریلیا میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال
جماعت احمدیہ مسلمہ کا مشن پوری دنیا میں اسلام کے پرامن پیغام کو پہنچانا ہے۔ اس ضمن میں، اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ساؤتھ ، آسٹریلیا کو ایک ریجنل ٹاؤن ”سنوٹاؤن“ (Snow Town) میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگانے کا موقع ملا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ٹاؤن میں سب سے پہلے جماعت احمدیہ کوہی اسلام کا پرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی ہے اور جب سے کورونا وائرس آیا ہے اس کے بعد سے یہ کسی بھی ریجنل ٹاؤن کا پہلا دورہ تھا۔ سنو ٹاؤن ایڈیلیڈ شہر سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال میں واقع ہے اور اس ٹاؤن کی کل آبادی تقریباً 400 نفوس پر مشتمل ہے۔
مورخہ 20جولائی 2021ء کو چھ داعیان خصوصی صبح ساڑھے پانچ بجے مسجد نورمیں اکٹھے ہوئے۔ خاکسار (مربی سلسلہ ایڈلیڈ) نے تبلیغ کے حوالے سے بعض ضروری باتوں کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی اور اس کے بعد داعیان خصوصی کا ہمارا یہ گروپ تقریباً اڑھائی گھنٹے کے سفر پر روانہ ہوا۔
وہاں پہنچ کرٹاؤن کی مین مارکیٹ میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگایا گیا۔ مقامی لوگوں کی جانب سے اس میں بہت زیادہ دلچسپی دکھائی گئی۔ جماعت کے logo سے مزین مارکی بھی بہت سارے لوگوں کے لئے دلچسپی کا موجب بنی۔
اس نمائش میں قرآن کریم کے دس تراجم، مختلف جماعتی کتب و پمفلٹس جیسے ’’Life of Muhammad (saw)‘‘، ”اسلامی اصول کی فلاسفی“، ”عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘، ’’سلام اور عصر حاضر کے مسائل“، ’’Muslim for peace’’، ‘‘Muslim for loyalty’’ ،‘‘Muhammad (saw) in bible‘‘ اور ’’Messiah has come‘‘ کو display کیا گیا۔
اردگرد کے علاقوں سے تقریباً 230سے زائد لوگوں نے قرآن کی نمائش اور بک سٹال کو مشاہدہ کیا۔ تقریباً 60 لوگ جنہوں نے بک سٹال کو وزٹ کیا ان سے اسلام کی پرامن تعلیم، اسلام میں عورتوں کے حقوق، اسلام اور دوسرے مذاہب میں مماثلت، اسلام معاشرے میں کس طرح انصاف قائم کرسکتا ہے اور مقصد حیات جیسے موضوعات پر تفصیلی بحث ہوئی اور ان کے ان کو تسلی بخش جواب دیئے گئے۔
کیتھولک سکول کے ایک استاد نے بک سٹال کو وزٹ کیا اور وہ جماعت سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نےکہا کہ ’’I knew I have to visit this bookstall and I will get something from there‘‘ موصوف کو حضرت مسیح موعود ؑ کی کتاب ”اسلامی اصول کی فلاسفی“ اور اسلام کے بارے میں کچھ پمفلٹس دئیے گئے۔ کل چار کتب اور کچھ پمفلٹس مختلف لوگوں میں تقسیم کئے گئے۔ دوپہر دو بجے بکسٹال کااختتام ہوا اور اس کے بعد داعیان خصوصی کے اس گروپ نے ایک پارک میں نماز ظہر اور عصر ادا کی اور پھر واپسی کے سفر پر روانہ ہوئے۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تبلیغی وزٹ انتہائی کامیاب رہا اور اس دورہ کے دوران تائید الٰہی کے بہت سارے نشانات دیکھنےکو ملے جو پورے گروپ کے لئے ازدیاد ایمان کا موجب تھے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احباب جماعت کی اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ، آسٹریلیا)