سائیکل ٹور مجلس انصار اللہ ڈنمارک
مجلس انصار اللہ ڈنمارک گذشتہ سال سے کووڈ 19 کی وجہ سے اپنے ممبران کو چست رکھنے کے لیے ورچوئل سائیکلنگ کا انعقاد کرتی رہی ہے۔ جس میں ممبران آن لائن ایپ Strava کو استعمال کرکے اس میں حصہ لیتے رہے اور ہر ہفتہ لیڈنگ بورڈ انصار للہ کے گروپ میں پوسٹ کیا جاتا رہا تاکہ زیادہ سے زیادہ انصار کو اس میں شامل ہونے کا شوق پیدا ہو۔ ڈنمارک میں اب کووڈ19 کی پابندیاں کافی حد تک ختم ہوچکی ہیں اس لیے مجلس نے ورچوئل سائیکلنگ کی بجائے گروپ کی صورت میں 150 کلو میٹر کوپن ہیگن سے ناکسکو بیت الحمد تک کے سفر کا پروگرام ترتیب دیا۔
مورخہ 20 جون 2021ء کو مسجد نصرت جہاں میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جہاں پر مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت ہونے والی چیریٹی ریس میں مہمان خصوصی ویدور کمون کی لوکل مئیر کو بھی اس پروگرام کے بارہ میں بتایا گیا۔ اُنہوں نے اس پروگرام کو بہت سراہا اور اس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چنانچہ اس موقع پر مئیر کونسل اور محترم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک اور سائیکل ٹور میں شامل ہونے والے انصار و خدام کی ایک گروپ فوٹو بنوائی گئی۔ اس سفر کے لئے مجلس نے خاص طور پر ٹی شرٹس بنوائی جس پر محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں اور مسلم فور پیس آن سائیکل ڈینش زبان میں لکھے گئے۔ ان ٹی شرٹس کی وجہ سے رستے میں ملنے والے لوگوں کو ہمارے بارہ میں تعارف حاصل ہوا۔
مورخہ 26 جون بروز ہفتہ تمام ممبران صبح نو بجے مقررہ جگہ پر جمع ہوئے جہاں دعا کے بعد سفر کا آغاز ہوا۔ کیونکہ کچھ ممبران کے لئے اتنا لمبا سفر نیا تجربہ تھا اس لئے آہستہ رفتار کے ساتھ مختلف جگہ رُکتے ہوئے یہ قافلہ شام چار بجے 80 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کےورڈنگ بورگ پہنچا جہاں ایک ہوسٹل میں رات قیام کیا اور اگلے روز صبح 10 بجے ناکسکو کے لئے روانہ ہوئے جو کہ ورڈنگ بورگ سے 70 کلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔
ناکسکو پہنچنے پر مکرم ڈاکٹر ذیشان بیگ صاحب زعیم مجلس انصار اللہ ناکسکو اور محترم نعمت اللہ بشارت صاحب مربی سلسلہ نے مع احباب جماعت ناکسکو بیت الحمد ناکسکو میں استقبال کیا اور پُرتکلف کھانا پیش کیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد کوپن ہیگن کے لیے واپسی ہوئی۔ اس پروگرام میں 11انصار 5خدام شامل ہوئے۔
الحمد للہ تمام احباب نے اس پروگرام کو پسند کیا۔ اللہ تعالیٰ مجلس کو مزید احسن طریق پر کام کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین
(پورٹ:محمد اکرم محمود۔ مربی سلسلہ، صدر مجلس انصار اللہ)