پیغام حضور انورجلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ آئرلینڈ 2021ء کے موقع پر حضور انور کا خصوصی پیغام

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد (یوکے)

20-09-2021

پیارے احباب جماعت احمدیہ آئرلینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ 3 اکتوبر 2021ء کو اپنے جلسہ سالانہ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب فرمائے ، حاضرین جلسہ جو یہاں موجود ہیں اور جو انٹرنیٹ کے ذریعہ شامل ہو رہے ہیں، جلسہ کی کاروائی میں شرکت کرنے سے غیر معمولی روحانی فیض پائیں اوربے انتہا برکتیں حاصل کریں۔ آپ کا تزکیہ ء نفس ہو اور آپ اعمالِ صالحہ کی بجاآوری ، نیکی اور تقوٰی میں ترقی کریں۔

عصر ِحاضر میں لازم ہے کہ آپ تعلیمی اور تربیتی امور کی طرف توجہ دیں تاکہ آپ اسلام اور احمدیت کی تعلیمات کے بارہ میں اپنے علم اور عرفان میں اضافہ کرسکیں اور اپنے ایمان میں ترقی کریں اور مثالی احمدی مسلمان بن سکیں۔

آپ کو کوشش کرنی چاہئے کہ آپ میرے خطباتِ جمعہ کو توجہ سے سنیں اور ان سے پورا فائدہ اٹھائیں۔ آپ سب کو چاہئے کہ آپ ایم ٹی اے باقاعدگی سے دیکھیں کیونکہ اس پرمتعدد اعلیٰ پروگرام نشر ہوتے ہیں جو ہماری روحانیت کو ترقی دینے والے ہیں۔ آپ کو اپنے گھروں میں درس کا باقاعدگی سے اہتمام کرنا چاہئے، جس میں قرآنِ کریم کی تفسیر شامل ہو خاص طور پر تفسیرِ کبیر، اور حضرت مسیح موعود ؑ کے مجموعہ روحانی خزائن سے تحریرات پر مشتمل درس ہو۔

اپنے گھروں کو اللہ کی عبادت کی جگہ بنائیں اور اپنی پنجگانہ نمازوں کو باقاعدگی سے ادا کریں اور باجماعت ادا کریں۔ اپنے گھروالوں میں روزانہ قرآنِ کریم کی تلاوت کرنے کی عادت ڈالیں۔

آپ کی اولاد کی تربیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ آپ کو چاہئے کہ اُن میں خلافت کے ساتھ ایک مضبوط اور خاص تعلق پیدا کرنےکی ضرورت کا احساس پیدا کریں اور یہ کہ وہ ہمیشہ خلافت احمدیہ کےالہی نظام کے ساتھ اخلاص و وفا کے ساتھ وابستہ رہیں۔ اور خلافت کے ساتھ وابستہ رہنے کابہترین ذریعہ ، میں دوبارہ کہوں گا، آپ سب کا ایم ٹی اے بار بار دیکھنا ہے۔ اور میرے خطبات جمعہ ، تقاریراور نصائح کو سنتے رہیں اور کی گئی نصائح پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔

میں پہلے ذکر کر چکا ہوں کہ Covid نے لوگوں کو خدا کی طرف لوٹنے کے متعلق سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ سچا اور زندہ خدا تو اسلام کا خدا ہے۔ پس اللہ تعالیٰ سے ایک خاص اور مخلصانہ تعلق پیدا کرنے کے لئے جدو جہد کریں۔ اور خاص طور پر آپ سب کو ساری دنیا کے لئے دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ انسانیت کو اس وبا سے محفوظ رکھے۔

میں آپ کو یہ یاددہانی کرواتا ہوں کہ تبلیغ کا میدان اب بھی کھلا ہے۔ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ان ممالک میں بغیر کسی روک کے پوری آزادی سے ہم تبلیغ کر سکتے ہیں۔ پس یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اس موقع سے پوری طرح فائدہ اٹھاتے ہوئے ہر ممکن طریق اپناتے ہوئے فعال ہو کر آئرلینڈ کےتمام لوگوں تک اسلام کا پیغام پہنچائیں۔

آخر میں میرے دل کی گہرائی سے یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیم پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے جن کی آمد کی خبر ہمارے آقا و مطاع آنحضرت ﷺ نے خود دی۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت بابرکت اور کامیاب فرمائے اور آپ کو اپنے عہد بیعت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ ہمیشہ خلافت احمدیہ کےنظام کے استحکام کے لئے کوشاں رہیں اور اللہ تعالیٰ آپ کے اندر نیکی ، تقویٰ اور خدمت انسانیت میں ترقی کے لئے ایک حقیقی انقلاب پیدا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ پر فضل فرمائے۔

                والسلام۔    خاکسار
                (دستخط)مرزا مسرور احمد
                خلیفۃ المسیح الخامس 

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button