عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…لبنانی وزیر اطلاعات نے حوثی باغیوں کی حمایت میں یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مداخلت کو جارحانہ اقدام قرار دیا تھا۔ اس بیان پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے لبنان سے اپنا سفیر واپس بلا لیا اور اماراتی شہریوں کو بھی لبنان کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ جبکہ سعودی عرب نے لبنان کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے کر لبنان سے ہر قسم کی درآمدات کو روک دیا۔ دوسری جانب بحرین اور کویت نے بھی لبنان کے سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

٭…یمن کے شہر مارب کے اطراف سعودی اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں 115 سے زائد حوثی باغی مارے گئے۔سعودی اتحادی فورس کے مطابق حملوں میں باغیوں کی 14 فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ 11؍ اکتوبر سے مارب شہر کے اطراف سعودی اتحادی فورسز کی کارروائیوں میں 2300سے زائد حوثی باغی ہلاک ہو چکے ہیں۔

٭…افغانستان کے نائب وزیرِ اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے افغان دارالحکومت کابل میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ افغانستان سے لاحق خطرات سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو طالبان کو تسلیم کرنا ہو گا۔ طالبان کو تسلیم نہ کرنے پر کسی خطرے سے بچاؤ کی ذمے داری نہیں لے سکیں گے۔ ہم نے امریکا سے جنگ کی کیونکہ انہوں نے ہمیں تسلیم نہیں کیا تھا۔ طالبان کو تسلیم نہیں کیا جاتا تو افغانستان، خطے اور دنیا کے مسائل بڑھیں گے، طالبان کو تسلیم کرنا دو طرفہ ضرورت میں آتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان کسی بھی ملک کو فوجی اڈے بنانے کے لیے جگہ نہیں دے گا۔

٭…ترک صدر اردوان برطانیہ کی جانب سے مطلوبہ سیکیورٹی انتظامات نہ ملنے پر گلاسگو ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کیے بغیر اٹلی کے شہر روم سے واپس ترکی چلے گئے۔ ترک صدر اٹلی میں جی ٹوینٹی سربراہ کانفرنس میں شریک تھے، ترک صدارتی دفتر کی جانب سے ترک صدر کی واپسی کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

٭…گلاسگو کانفرنس سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آگ لگاکر، کھدائیاں کرکے، سرنگیں بناکر اور زمین کو نقصان پہنچا کر انسان اپنی قبریں خود کھود رہے ہیں۔ کرۂ ارض اور انسانیت بچانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔اس موقع پر دلائی لامہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمین کے لیے سائنسی فہم پر مبنی حقیقت پسندانہ اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔کيتھولک پيشوا پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ اب ایک ساتھ کام کرنے کا وقت ہے۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے گلاسگو میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا 2030ء تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 50 سے 52 فیصد کمی کا وعدہ پورا کرے گا۔ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنےکے لیے ترقی پذیر ممالک کی مزید مدد کرنی چاہیے۔ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ عالمی معیشتوں کے لیے ’ناقابل یقین موقع‘ہے۔

٭…یورپی یونین دنیا کے جنگلات کی حفاظت کے لیے آئندہ 5برسوں میں ایک ارب یورو خرچ کرے گا۔ یورپی یونین نے گلاسگو موسمیاتی کانفرنس میں جنگلات کی حفاظت کے لیے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فنڈز غریب ممالک میں جنگلات کی حفاظت کے 12 ارب ڈالر فنانس پیکیج کا حصہ ہے۔ جنگلات کی حفاظت کے فنانس پیکیج کے دیگر ڈونرز میں امریکا، برطانیہ، جاپان اور ناروے بھی شامل ہیں۔

٭…گلاسگو میں کوپ26 کانفرنس میں عالمی رہنماؤں نے 2030ء تک جنگلات کی کٹائی روکنے کے لیے اربوں ڈالر دینے کا عہد کیا ہے۔ برطانوی حکومت کے مطابق منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 20 ارب ڈالرز جمع کیے جائیں گے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ 100 سے زائد ممالک دنیا کے 85 فیصد سے زیادہ جنگلات رکھتے ہیں، مختلف ممالک کی حکومتیں اور پرائیویٹ پارٹنرز فنڈ جمع کرنے میں حصہ لیں گے۔

٭…بدھ 27؍ اکتوبر کی شام قوم سے خطاب میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھانی پڑیں گی۔ عمران خان نے 120 ارب کے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت پاکستان کی تاریخ کا سب بڑا ’فلاحی پروگرام‘ ہوگا جو ملک کے فلاحی ریاست بننے کی جانب ایک قدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر 120 ارب روپے کا ریلیف پیکج دے رہی ہیں، جس میں آٹے، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ یہ سبسڈی آئندہ چھ ماہ تک ہوگی۔ انہوں نے مہنگائی کے حوالے سے میڈیا کی کوریج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا کام تنقید کرنا ہے لیکن اس حوالے سے متوازن رپورٹنگ کی ضرورت ہے۔

٭…روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے بھارت سے کہا ہے کہ اپنا علاقہ کچھ مواقع کے لیے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کو دیدے۔ افغانستان کے پڑوسی ممالک میں عدم استحکام روکنا ہوگا۔ دہشت گردوں اور منشیات کا افغانستان سے پڑوسی ممالک جانا بند کرنا ہوگا۔ افغانستان کے پڑوسی ممالک اپنے علاقوں میں نیٹو فوج کی موجودگی روکیں۔ وسطی ایشیا میں امریکی فوجی اڈوں کےمخالف ہیں، امریکی حکام فوجی اڈوں کے معاملے پر مختلف طریقے سے بات کرتے رہیں گے۔

٭…امریکی بحریہ نے بحیرہ عمان میں ایران کے تیل بردار بحری جہاز کوقبضے میں لے لیا۔ امریکہ آئل ٹینکر سے تیل دوسرے بحری جہاز میں منتقل کرنا چاہتا تھا۔ پاسداران انقلاب نے بروقت آپریشن کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سپیشل فورسز جہاز پر اتار کر ، جہاز کا کنٹرول واپس حاصل کیا اور اسے ایرانی پانیوں میں لے آئے۔ امریکہ ہیلی کاپڑز اور جنگی جہاز کے ذریعہ جہاز کا پیچھا کرتا رہا جبکہ دوسری بار جہاز پر قبضے کی کوشش میں ناکام رہا۔

٭…لبنانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر کی ممکنہ ثالثی ہی فی الحال سعودی لبنان تنازع کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی کابینہ حزب اللہ کی قوت کم نہیں کرسکتی، یہ لبنان کا داخلی معاملہ ہے۔ لبنان اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کی نئی حکومت کے قیام کے بعد سعودی عرب سے اب تک کوئی رابطہ نہیں۔ واضح رہے کہ لبنانی وزیر اطلاعات کے یمن جنگ پر بیان کے بعد سے سعودی عرب اور لبنان کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

٭…امریکا میں حکمران جماعت کو جاری ایگزٹ پولز کے مطابق نیویارک میئر کے انتخاب میں بڑی کامیابی مل گئی۔ ڈیموکریٹک امیدوار ایرک ایڈمز نیویارک میئر کا انتخاب جیت گئے۔ انہوں نے ری پبلکن امیدوار کرٹس سلیوا کو شکست دی۔ ایگزٹ پول کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار ایرک ایڈمز کو 72 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔ریاست ورجینیا اور نیوجرسی میں گورنر جبکہ کئی شہروں میں میئر انتخا ب کے لیے ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

٭…جاپان کے شہر ٹوکیو میں اتوار31؍ اکتوبر کی شام جوکر کا روپ دھارے ایک 24 سالہ نوجوان نے ایک ٹرین میں مسافروں پر چاقو سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے۔ اس وقت اکثر لوگ شہر میں ہیلووین تہوار کے موقع پر پارٹیز میں جا رہے تھے۔ حملہ آور کو پولیس نے موقع پر گرفتار کر لیا۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اسے بیٹ مین فلم کا سپر ولن جوکر کا کردار بہت پسند ہے۔ مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ وہ ’جون سے کسی کو قتل کرنا چاہتا تھا‘ کیونکہ اُس نے اپنی ملازمت چھوڑ دی تھی اور اُس کی کئی دوستیاں ختم ہو گئی تھیں۔ ملزم نے بتایا کہ اُس نے جوکر جیسا روپ اس لیے دھارا کیونکہ وہ ’اُس سے متاثر‘تھا۔

٭… بھارت میں سکھوں کے لیے الگ ریاست کے مطالبے سے متعلق برطانیہ میں خالصتان ریفرنڈم ہوا۔ سکھ کمیونٹی نے اپنے الگ پرچم بھی لہرا دیے۔ سکھ رہنماؤں کوپچاس ہزار سے زائد ووٹ پڑنے کی امید ہے۔ ریفرنڈم کا آغاز برطانوی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ہوا، بھارتی دباؤ کے باوجود برطانوی حکومت نےرائے دہی کی اجازت دے دی۔ ریفرنڈم کے لیے برطانوی سپریم کورٹ کے عقب میں واقع سرکاری عمارت مختص کی گئی تھی جس پر خالصتان کے جھنڈے لہرائے گئے۔ووٹ ڈالنے والے سکھوں کا کہنا تھا کہ مودی کے بھارت میں اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں رہی۔ جمہوری اصولوں کے تحت خالصتان کا قیام ناگزیر ہوگیا ہے۔

٭…فوج میں شمولیت سے انکار پر اسرائیلی حکام نے ایک خاتون کو تیسری بار بھی جیل بھیج دیا۔ اسرائیلی خاتون شاہر پاریٹس کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ کے لاکھوں مسلمانوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم کے احتجاج میں فوج میں شامل ہونے سے انکار کیا۔ اس انکار پر اسرائیلی فوج نے انہیں ایک بار پھر 18 دن کے لیے جیل منتقل کر دیا ہے۔واضح رہے کہ زیادہ تر اسرائیلی کم از کم 2 سال تک فوجی خدمات انجام دیتے ہیں تاہم بھرتی کی مخالفت کرنے کے لیے نظریاتی موقف اختیار کرنے والی مختصر تعداد کو فوجی جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔

٭…اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی جانب سے دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف جرائم کرنے والوں کو سزا سے استثنا ختم کرنے کے مطالبے کے دن کے موقع اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر جاری اشتہار میں کہا کہ ’صحافی کے خلاف ہر خطرہ، آپ کی آزادی کے لیے خطرہ ہے۔‘ اس اشتہار میں مزید کہا گیا ہے کہ ’خطرات کو اس وقت روکو جب وہ شروع ہو رہے ہوں۔‘دوسری جانب یونیسکو نے بتایا ہے کہ اوسطاً ہر 5دن میں ایک صحافی کو عوام تک معلومات پہنچانے پر قتل کر دیا جاتا ہے۔میڈیا کے پیشہ ور افراد پر یہ حملے اکثر تصادم کے حالات کے بغیر کیے جاتے ہیں اور یہ حملے منظم جرائم کے گروہوں، ملیشیا، اور پولیس اور سرکاری اہلکاروں کی جانب سے بھی کیے جاتے ہیں۔

٭…انگلینڈ کے جنوبی علاقے میں ٹرینوں کی ٹکر سے ایک ٹرین کی آخری بوگی پٹری سے اتر گئی۔ حادثے کے بعد 17 لوگوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں ٹرین کا ڈرائیور بھی شامل ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے ٹرین حادثے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ملٹری ہسپتال پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25ہوگئی جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ہسپتال کے دروازے پر دھماکوں کے بعد حملہ آور اسپتال میں گھس گئے۔طالبان سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

٭…نائجیریا کے دارالحکومت لاگوس میں کثیر المنزلہ زیر تعمیر عمارت گرنے سے 20 افراد ہلاک ہو گئےجبکہ 9 افراد کو عمارت کےملبےسے زندہ نکال لیا گیا۔ حادثے کے وقت عمارت میں ممکنہ طور پر تقریباً 100مزدور موجود تھے جن کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

٭…افغانستان میں غیر ملکی کرنسی کے استعمال پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے ترجمان طالبان نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال اور قومی مفاد کے لیے تمام افغان اپنے کاروبار میں افغان کرنسی کا استعمال کریں۔ واضح رہے کہ افغان مارکیٹوں میں بڑے پیمانے پر امریکی ڈالر کا استعمال ہوتا ہے جبکہ سرحدی علاقوں میں تجارت کے لیے پڑوسی ممالک کی کرنسی استعمال ہوتی ہے۔

٭… چین کے شنگھائی ڈزنی لینڈ کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آنے پر پارک کو بند کردیا ہے۔ پارک میں ہفتہ 30؍ اکتوبر کےروز ایک خاتون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیاہے ، جس کےبعد پارک کی انتظامیہ نےحفاظتی اقدامات کو مدِ نظر رکھتے ہوئےپارک کو پیر اور منگل دو دن کے لیے بند کردیا ہے۔خیال رہے کہ چین میں ستمبر کےبعد سے کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

٭…برطانیہ میں مارچ کے بعد کورونا وائرس سے ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ 2؍نومبر کو برطانیہ میں کورونا سے 293 افراد کا انتقال ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 33 ہزار 865 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button