قادیان دارالامان میں سالانہ مرکزی اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بھارت
سیدنا حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے امسال مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کا 51واں اور مجلس اطفال الاحمدیہ بھارت کا42واں سالانہ مرکزی اجتماع مورخہ 22 تا 24؍اکتوبر 2021ء کو منعقد کیا گیا۔ ایک سال کے التواء کے بعد امسال کا اجتماع کووڈ پروٹوکولز کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد ہوا جس میں بیرون قادیان کے قریبی پانچ صوبہ جات (جموں کشمیر، ہماچل، ہریانہ، پنجاب اور دہلی NCR)کی مجالس سے خدام کو محدود تعداد میں بلایا گیا۔
امسال حضور انور نے ازراہِ شفقت اجتماع کے لیے ’’ہر اک نیکی کی جڑ یہ اتقا ہے‘‘ تھیم کی منظوری فرمائی تھی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اجتماع کی مناسبت سے خدام واطفال بھارت کے نام اپنا روح پرور پیغام بھی مرحمت فرمایا جو ہندوستان کے خدام و اطفال تک انڈیا کی مختلف علاقائی زبانوں میں ترجمہ کرواکر پہنچایا گیا۔
سالانہ اجتماع کے تینوں روز باجماعت نماز تہجد، خصوصی درس اور مزار مبارک حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر دعا کے پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔ پہلے روزبعد نماز فجر ایوان خدمت (دفتر خدام الاحمدیہ بھارت) میں لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا گیا اور اجتماع کے پروگرامز کا رسمی اجراء عمل میں لایا گیا۔
پہلےروزصبح9 بجےورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جس میں لوائے ہند فضا میں لہرایا گیا۔ اسی روز دوپہر3بجےاجتماع گاہ میں لوائے خدام الاحمدیہ لہرایاگیا۔ بعدہ افتتاحی تقریب کاآغاز ہوا۔ افتتاحی تقریب میں صدرمجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا روح پرور پیغام حاضرین کو پڑھ کر سنایا۔ اس تقریب میں مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ بھارت کی سالانہ کارگذاری رپورٹ پڑھ کر سنائی گئی۔ صدرمجلس کی صدارتی تقریر اور اجتماعی دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔
امسال اجتماع کے موقع پرخصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا ہے جس میںخدام کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی معرکہ آراء تصنیف ’’براہین احمدیہ‘‘ کے مطالعہ کی تلقین کے حوالہ سے حضور انور کے ارشادات کو دیدہ زیب فلیکسز کے ذریعہ آویزاں کیا گیا۔
امسال اجتماع کے موقع پر ہستی باری تعالیٰ کے موضوع پر تینوں روز خصوصی نشستوں کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات کے ماہرین نے خطاب کیا۔ پہلے روز ’’ہستی باری تعالیٰ تخلیق انسان کے آئینہ میں‘‘ کے موضوع پر، دوسرے روز ’’قرآن مجید اور Geneticانجینئرنگ‘‘ کے موضوع پر اور تیسرے روز ’’ہستی باری تعالیٰ اور Unification of Forces‘‘ کے موضوع پر خصوصی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔
امسال چونکہ محدود تعداد میں اراکین Physicallyاجتماع میں شامل ہورہے تھے لہذا اجتماع کی لائیو اسٹریمنگ کا بھی انتظام کیا گیا جو خدام الاحمدیہ کی آفیشیل ویب سائٹ پر نشر کی جارہی تھی۔ اسی طرح جملہ نشستوں کا تامل و ملیالم زبان میں رواں ترجمہ کا بھی انتظام کیا گیا۔ انڈیا کی مجالس میں اجتماعی طور پر بھی لائیو اسٹریمنگ سے استفادہ کا مجالس نے پروگرام بنایا ہوا تھا۔
اجتماع کے تیسرے روز ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بعنوان ’’مجلس خدام الاحمدیہ کے قیام کے اغراض و مقاصد اور خلفا کرام کی توقعات‘‘ دکھائی گئی ۔
تینوں روز خدام اور اطفال کے مابین علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندوستان کی مختلف جماعتوں کے خدام و اطفال نے بھی بذریعہ ویڈیو ریکارڈنگ حصہ لیا۔ اسی طرح خدام کے مابین ورزشی مقابلہ جات کا بھی انعقاد کیا گیا۔
اجتماع کے تیسرےروز اختتامی تقریب محترم شیراز احمد صاحب ایڈیشنل ناظر صاحب اعلیٰ جنوبی ہند کی زیر صدارت رات ساڑھے 9بجے منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے عہد خدام و وعدہ اطفال دوہرایا۔ بعدہٗ صدرمجلس نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم صدرصاحب اجتماع کمیٹی نے احباب کا شکریہ ادا کیا اور پھر مکرم ایڈیشنل ناظر اعلیٰ صاحب جنوبی ہندنے خدام واطفال کو سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں قیمتی نصائح کیں۔ صدارتی خطاب کےبعد تقریب تقسیم انعامات ہوئی۔ موازنہ مجالس میں سال 20-2019ء اور 21-2020ء دو سالوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی مجالس کو علم انعامی اور سندات دی گئیں اور دیگر متفرق انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل اجتماع ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ الحمدللہ