ریفریشر کورس دارالقضاء یوکے
مورخہ 21؍نومبر 2021ء بروز اتوار دارالقضاء یوکے نے قضاتِ سلسلہ اور نمائندگان دارالقضاء کا ریفریشر کورس منعقد کیا۔ ریفریشر کورس کی کارروائی کا آغاز محترم ڈاکٹر حامداللہ خان صاحب کی صدارت میں دوپہر بارہ بجے کے کچھ بعد تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ مکرم مبارز امینی صاحب (مربی سلسلہ دارالقضاء یوکے) نے سورة النساء آیت 136 مع اردو ترجمہ پیش کی۔ بعد ازاں محترم صدر صاحب مجلس نے افتتاحی کلمات کہے۔ انہوں نے قضاء یوکے کی ابتدائی تاریخ کا تذکرہ کرتے ہوئے گزشتہ صدران قضاء بورڈ یوکے کا ذکر کیا۔
یاد رہے کہ دار القضاء یوکے کا انعقاد 1977میں ہوٴا۔اور پہلے صدر قضاء بورڈ حضرت سرمحمد ظفر اللہ خان صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ تھے۔ بعد از اں مکرم عزیز صاحب، مکرم آفتاب خان صاحب، مکرم ڈاکٹر حامد اللہ خان صاحب اور مکرم شیخ مبارک احمد صاحب بطور صدر قضاء خدمت کی توفیق پاتے رہےہیں۔
2001ء سے تا حال مکرم ڈاکٹر زاہد خان صاحب بطور صدر قضاء یوکے خدمات بجا لا رہے ہیں۔ اسی طرح مکرم رشید احمد زاہد صاحب اور سلمان احمد قمر (مربیٔ سلسلہ )بطور ناظم د ار القضاء اور مبارز محمود امینی صاحب بطور مربیٔ سلسلہ دفتر قضاء خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔
صدر صاحب مجلس نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ اس شعبہ میں کام کرنے والے احباب کی تعداد زیادہ نہ تھی۔ لیکن الحمد للہ آج یہ شعبہ بہت مستحکم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قضاء کے معاملات کو طے کرتے ہوئے ہمیں حضورِ انور کی ہدایات کو پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے چند ہدایات کا تذکرہ کیا جس میں شرعی امور کا علم ہونے کے ساتھ ساتھ ہر مرحلے پر بہت زیادہ دعا کرنا شامل ہے۔ اپنی تقریر کے آخر میں محترم صدر صاحب مجلس نے قضا بورڈ میں متعین ہونے والے نئے مربی سلسلہ مبارز امینی صاحب کا تعارف کروایا۔ اور پھر محترم ناظم صاحب دارالقضاء یوکے مکرم سلمان قمر صاحب کو ’’قضا کے سلسلہ میں بعض اہم امور‘‘ کے عنوان پر اظہارِ خیال کرنے کے لیے مدعو کیا۔ انہوں نے قضات و نمائندگان دارالقضا ءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے لیکچر کا آغاز کیا اور بعض عمومی ہدایات دیں۔
بعد ازاں مکرم منصور احمد ضیاء صاحب (ممبر قضا بورڈ) نے ’’حضورِ انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قضاء کے لیے راہنمائی‘‘ کے عنوان پر لیکچر دیا۔
بعد ازاں نمازِ ظہر و عصر اور طعام کا وقفہ ہوا۔
وقفے کے بعد اڑھائی بجے کے قریب ریفریشر کورس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ سب سے پہلے مولانا ظہیر احمد خان صاحب (ممبر قضاء بورڈ یوکے) نے ’’خلع کے معاملات میں حق مہر کا تعین‘‘ کے عنوان پر لیکچر دیا۔
ان کے بعد محترم عبدالماجد طاہر صاحب (ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد) نے ’’انصاف کے تقاضے اور قاضی کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے آن لائن خطاب کیا۔ انہوں نے آیاتِ قرآنیہ، احادیثِ رسولؐ، ارشادات حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور ارشادات خلفائے احمدیت کی روشنی میں اس عنوان پر گفتگو کی۔ انہوں نے ’عدل‘ اور ’قسط‘ کی وضاحت اور فرق بیان کیا۔ ساڑھے تین بجےکے کچھ بعد محترم عبدالماجد صاحب کی مدلل اور مؤثر تقریر اپنے اختتام کو پہنچی۔ بعد ازاں محترم رضا احمد صاحب (قاضیٴ سلسلہ) نے ’’نئے قاضیان کو پیش آنے والی مشکلات‘‘ کے عنوان پر بطور ایک نئے قاضی اپنے تجربات سے مجلس کو انگریزی میں آگاہ کیا۔
ریفریشر کورس کے اختتام پر محترم ڈاکٹر زاہد خان صاحب (صدر دارالقضاء بورڈ یوکے) نے اختتامی کلمات کہے۔ جس کے بعد ہر جماعتی پروگرام کی طرح دعا کے ساتھ اس ریفریشر کورس کا اختتام ہوا جو محترم ڈاکٹر حامداللہ خان صاحب نے کروائی۔ تقریب کے اختتام پر تمام حاضرینِ مجلس کا ایک گروپ فوٹو بھی ہوا۔