خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(29؍نومبر ۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 261,859,016
صحت یاب ہونے والے: 236,514,566
وفات یافتگان: 5,219,726
٭…تاج برطانیہ کے ماتحت رہنے والا کیریبین جزیرہ بارباڈوس اب ایک آزاد جمہوری ریاست بننے جارہا ہے۔ اس نئی ریاست کو ابتدائی مراحل میں عالمی وباکورونا وائرس اور بادشاہت سے جڑے اپنے تلخ ماضی کی وجہ سے سیاحت کے شعبے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بارباڈوس اپنے ساحلوں اور کرکٹ سے محبت کے لیے مشہور ہے۔ یہ اپنی سربراہ مملکت ملکہ الزبتھ دوم سے تعلقات منقطع کرکے اپنی موجودہ نمائندہ گورنر جنرل سینڈرا میسن کو اپنی نئی آزاد جمہوری ریاست کا صدر منتخب کرے گا۔ بارباڈوس میں بطور صدر سینڈرا میسن کے اعزاز میں پیر سے منگل تک فوجی پریڈ اور دیگر تقریبات کاانعقاد کیا گیا۔
بارباڈوس کی آبادی 285,000ہے۔بارباڈوس کے باشندوں میںبرطانیہ کے صدیوں سے قائم اثر و رسوخ پر بحث ہوئی جس میں 1834ء تک جاری رہنے والا 200سال سے زائد طویل غلامی کا دور شامل ہے۔بارباڈوس بالآخر 1966ء میں آزاد ہواتھا۔
٭…افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے قطر کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، تعلیم اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان عبدالقہار بلخی کا کہنا ہے کہ افغان وفد نے کہا اچھی حکمرانی اور تعلیم کی طرف اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ افغان وفد نے قطر کی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔
٭…سویڈن کی نومنتخب پہلی خاتون وزیراعظم میگڈیلینا اینڈرسن نے بجٹ پاس نہ ہونے اور حکومت سے اتحادی پارٹی کے الگ ہونے پر تقرری کے چند گھنٹے بعد ہی استعفیٰ دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب اتحادی پارٹی ساتھ چھوڑدے تو مخلوط حکومت کواستعفیٰ دینا ہوتا ہے۔ ایسی حکومت کی قیادت نہیں کرناچاہتی جس کی قانونی حیثیت پر سوالیہ نشان لگ جائے۔ صرف بطور سربراہ سوشل ڈیموکریٹس پر مشتمل اقلیتی حکومت کے طور پر جلد دوبارہ اس عہدے پر منتخب ہونےکی امید ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم میگڈیلینا کے حق میں 117 اور مخالفت میں 157 ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ دیا جبکہ 57نے ووٹ نہیں ڈالا۔ سویڈش نظام کے تحت وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو پارلیمنٹ میں اکثریت درکار نہیں ہوتی بلکہ امیدوار کی مخالفت میں زیادہ ووٹ نہیں آنے چاہئیں۔
٭…متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے 50ویں قومی دن سے قبل صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 870 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیاہےجبکہ سزا یافتہ قیدیوں کے قرضے اور جرمانے بھی ادا کیے جائیں گے۔ قیدیوں کی رہائی کا حکم 50ویں قومی دن سے قبل جاری کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے رہنما قومی دن اور عیدالاضحی کے موقع پر مجرموں کو باقاعدگی سے معاف کرتے ہیں۔
٭…امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن ایجنسی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام نے میامی کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 26 سالہ شخص کو پکڑا ہےجو طیارے کے لینڈنگ گیئر کے حصے میں چھپ کر گوئٹے مالا سے یہاں پہنچا تھا۔ وہ ڈھائی گھنٹے کی پرواز کے دوران محفوظ رہا۔ امریکی ایئر لائن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوئٹے مالا سے میامی کے لیے اس کی پرواز کو سیکیورٹی کے مسئلے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
٭…فرانس سے برطانیہ جانے کی کوشش کے دوران ’کالئے‘کی شمالی بندرگاہ کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے جبکہ 26 تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے۔ ایک فرانسیسی جہاز نے پانی میں بے ہوش افراد اور لاشوں کو تیرتا دیکھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا۔ تلاش میں تین ہیلی کاپٹرز اور تین کشتیوں نے حصہ لیا۔
٭…یورپ کا سب سے بڑ ا 260 فٹ اونچے جھولا کیروسل انگلینڈ میں افتتاح کے چند گھنٹوں بعد ہی ٹوٹ گیا۔ جھولا ٹوٹنے کے بعد درجنوں افراد زمین سے 250 فٹ بلندی پر 8 منٹ تک ڈولتے رہے جنہیں باحفاظت نکال لیا گیا۔ مقامی فوٹوگرافر کی جانب سے جھولا ٹوٹنے کے مناظر کو عکس بند کیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے پارک میں موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ جھولا بجلی کی بندش کے خلل کے سبب ٹوٹا۔
٭…روس کے ریجن سائبیریا میں کوئلے کی کان میں آگ لگنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ۔35کارکن اب بھی کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ہلاک افراد میں 6 ریسکیو ورکرز بھی شامل ہیں، حادثےکے وقت کان میں 285 افراد موجود تھے۔ روسی صدر پیوٹن نے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا جب کہ حکومت کی جانب سے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
٭…برطانیہ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں شدید برفباری اور ’آروین طوفان‘ سے اسکاٹ لینڈ میں تقریباً 80,000 گھر بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ برطانیہ میں 3 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
٭…بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا اور چٹاگانگ سمیت دیگر شہروں میں علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیو لوجیکل سروے کے مطابق بنگلہ دیش، بھارت اور میانمار کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 6.1ریکارڈ کی گئی۔ بھارتی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پورے شمال مشرقی بھارت میں بھی محسوس کیے گئے، زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی اور اس کا مرکز شمال مشرقی بھارت سے 140 کلو میٹر دور تھا۔
٭…بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشوں کی وجہ سے ساحلی اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ چنئی میں 1 ماہ میں 1 ہزار ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ چنئی میں ہونے والی بارشوں سے سیلابی صورتِ حال کے باعث نشیبی علاقوں سے لوگوں کا انخلاکرایا گیا ہے۔
٭…عالمی ادارہ صحت نے جنوبی افریقہ سے سامنے آنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کو ’اومی کرون‘ کا نام دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق پریشانی کی بات یہ ہے کہ نئی قسم میں مجموعی طور پر 50 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ اس کی نسبت کچھ عرصہ قبل دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کورونا کی ڈیلٹا قسم میں صرف 2 جینیاتی تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔ برطانوی طبی ماہرین کے مطابق بھی کورونا کی یہ قسم اب تک سامنے آنے والی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔
اس خطرناک وائرس کی جنوبی افریقہ، یورپ اور اسرائیل میں تصدیق ہوچکی ہے۔ وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنےکے لیے عالمی سطح پر ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ برطانیہ، امریکہ ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، آسٹریا اور یورپی یونین نے جنوبی فریقہ کے ممالک پر سفری پابندیاں لگادیں جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش نے بھی سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ آسٹریلیا میں اومی کرون قسم کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں جنوبی افریقہ سے سڈنی آنے والے 2 مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
٭…ویکسین بنانے والی کمپنیاں اومی کرون ویرینٹ کے خلاف مؤثریت جانچنے کے لیے فعال ہوگئی ہیں۔ موڈیرنا نے اس کی بوسٹر ویکسین کی تیاری کا اعلان کردیا ہے۔ بایو این ٹیک کا کہنا ہے کہ سو روز کے اندر اپنی کورونا ویکسین کا تازہ ترین ورژن تیار کرکے اس کی شپمنٹ کرسکتے ہیں۔ جانسن اینڈ جانسن کا کہنا ہے کہ وہ اس نئے ویرینٹ کے خلاف اپنی ویکسین کی افادیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ایسٹرا زینیکا نے بھی نئی قسم کے خلاف کارکردگی دیکھنے کے لیے تحقیق شروع کردی۔ فائزر کا کہنا ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کے خلاف ان کی ویکسین کی موثریت کا دو ہفتوں میں پتا چل جائے گا۔
٭…یورپی یونین کی میڈیسن ایجنسی نے 5 سے 11 سال کے بچوں کے لیے فائزر بائیوٹیک کی کورونا ویکسین لگانے کی منظوری دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ اس نے یہ فیصلہ اس نتیجے پر پہنچنے کے بعد کیا ہے کہ 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں میں اس ویکسین کے فوائد خطرات سے کہیں زیادہ ہیں، خاص طور پر ان حالات میں جو شدید کووڈ 19 کے خطرے کو بڑھاتے ہیں۔ یہ فیصلہ تقریباً 2,000 بچوں پر کی گئی ایک تحقیق کی بنیاد پر کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ویکسین علامات والے کووڈ 19 کے خلاف 90.7 فیصد مؤثر ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا جب اس ہفتے کے شروع میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یورپ اور وسطی ایشیا میں یکم مارچ تک کووِڈ سے ہونے والی اموات 20 لاکھ تک پہنچ سکتی ہیں۔
٭…جنوبی افریقہ کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ بعض ملکوں کے رد عمل غیر منصفانہ ہیں۔ یہ مسئلہ دنیا بھر کو درپیش ہے لیکن انہیں قربانی کے بکرے کی تلاش ہے۔ انہوں نے سفری پابندیوں کے اعلانات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے پابندیوں کو ڈریکونئین(Draconian)، غیر سائنسی اور عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے برعکس قرار دے دیا ہے۔
دوسری طرف انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے جنوبی افریقا میں 5 دسمبر سے شروع ہونے والا جونیئر ہاکی ورلڈ کپ معطل کردیا ہے۔