روکوپر ٹاؤن سیرالیون میں ورلڈ چلڈرن ڈے کے حوالہ سے اطفال ڈے
مکرم ذیشان محمود صاحب مربی سلسلہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ 20؍نومبر 2021ء کو اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی یوم اطفال منایا گیا۔ اس حوالہ سے مجلس اطفال الاحمدیہ روکوپر ٹاون سیرالیون میں ایک اطفال ڈے منایا گیا۔ تمام اطفال کو پروگرام کی باقاعدہ اطلاع کی گئی اور باقاعدہ یونیفارم میں آنے کی تلقین کی گئی۔
مورخہ 20 نومبر 2021ء بروز ہفتہ کو احمدیہ بیت الذکر روکوپر ٹاؤن میں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح 9 بجے تلاوت اور نظم سے ہوا۔ جس کے بعد خاکسار نے مجلس اطفال الاحمدیہ کا تعارف اور اطفال الاحمدیہ کی اس عمر کی اہمیت کے بارہ میں بتایا نیز اس عمر میں قرآن کریم سیکھنے، نماز کی فرضیت اور تاریخ اسلام میں بچوں کے کردار سے متعلق بھی آگاہی دی۔ خصوصاً حضرت معاذؓ اور حضرت معوذ ؓکی کم سنی میں جنگ بدر میں شجاعت دکھانے کا واقعہ دلچسپی کا باعث بنا۔ خاکسار کے ساتھ لوکل مشنری مولوی محمد سعید فوفانہ صاحب نے ٹمنی زبان میں ترجمہ کیا۔ جس کے بعد خاکسار نے دعا کروائی۔
پروگرام کے مطابق اطفال کو ایم ٹی اے سیرالیون کی تیار کردہ درج ذیل موضوعات پر مشتمل مختصر ڈاکومینٹریز دکھائی گئیں۔
نماز اور نماز باترجمہ، کورونا وائرس سے آگاہی، جامعہ احمدیہ سیرالیون کا تعارف، سیرالیون میں جماعت احمدیہ کے سو سال اور مختلف نظمیں۔
اس کے ساتھ سید طالع احمد شہید کا یوکے اطفال ریلی کے موقع پر دیا گیا انٹرویو بھی دکھایا گیا۔ اس سے قبل ان کا تفصیلی تعارف بھی بتایا گیا۔
اس کے بعد اطفال کے مابین درج ذیل علمی مقابلہ جات کروائے گئے: تلاوت، اذان، نماز سادہ، نماز باترجمہ، مقابلہ دینی و عام معلومات۔
پروگرام کے آخر میں اعزاز پانے والے اطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے اور اختتامی دعا کے بعد ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
پروگرام میں دو غیر مسلم بچوں سمیت حاضری 45 رہی۔
(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)