سالانہ جلسہ ریجن اپواسو(Appoisso)، آئیوری کوسٹ
کورونا وائرس نے جہاں عمومی طور تمام دنیا کو متاثر کیا ہے وہاں آئیوری کوسٹ میں بھی عوام الناس کواس کے باعث لاک ڈاؤن نیز دیگر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ان پابندیوں میں وقت کے ساتھ نرمی توہوئی لیکن کئی ایک پابندیاں اپنی معمولی حیثیت کے ساتھ تاحال باقی ہیں۔ انہیں پابندیوں کے باعث امسال جماعت آئیوری کوسٹ اپنا ملکی سطح پر جلسہ سالانہ منعقد نہ کرسکی۔ جلسہ چونکہ احباب جماعت کی روحانی تربیت کا باعث ہوتا ہے اس لیےاس تشنگی کو پورا کرنے کے لیے نیشنل عاملہ و جلسہ سالانہ کمیٹی کی منظوری کے ساتھ ریجنل سطح پر جلسہ ہائے سالانہ منعقد کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔ چنانچہ اس سلسلہ کی پہلی کڑی کے طور پر مورخہ 10و 11؍دسمبر 2021ء بروز جمعۃ المبارک و ہفتہ کو اپواسو ریجن(Appoisso) کو اپنا ریجنل جلسہ بعنوان ’’آمد امام مہدی علیہ السلام‘‘ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
جلسہ کے انعقاد سے قبل ریجنل مشنری مکرم کونے ابوبکر صاحب نے ریجنل عاملہ و دیگر جماعتوں کی لوکل عاملہ کے ساتھ وقتاً فوقتاً میٹنگز کیں جس میں جلسہ کے کامیاب انعقاد کے متعلق مشورہ کے علاوہ جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے مقامی طور پر بھی کچھ رقم جمع کی گئی۔ جلسہ کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بروز جمعۃ المبارک شروع ہو گیا۔ چنانچہ اس سلسلہ میں شعبہ حاضری بعد از نماز جمعہ فعال ہو گئی۔
مورخہ 10؍دسمبر بروز ہفتہ جلسہ کا باقاعدہ آغاز اجتماعی نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد درس قرآن کریم کا اہتمام کیا گیا۔ سات بجے کے قریب حاضرین جلسہ میں ناشتہ تقسیم کیا گیا۔ جلسہ کی تقریب کا آغاز پونے نوبجے صبح قرآن کریم کی تلاوت و فرنچ ترجمہ سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے کی۔نظم کے بعد ریجنل مشنری صاحب نے لوکل روایت کے مطابق آنے والے مہمانان کو خوش آمدید کہا۔ مکرم امیر صاحب نے اپنے ابتدائی کلمات میں شاملین جلسہ کو جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصدسے آگاہ کیا۔ جس کے بعد مکرم صدیق جیالو صاحب معلم سلسلہ نے تقریر بعنوان ’آمد امام مہدیؑ‘ کی۔ بعدازاں مکرم بالو احمد صاحب لوکل معلم سلسلہ نے نماز باجماعت کی اہمیت پرتقریرکی نیز مکرم صادق احمد صاحب ریجنل مشنری آبنگرونے مالی قربانی کی اہمیت کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاںمکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر بعنوان ’نظام خلافت کی اہمیت و برکات‘ کی۔ دعا کے ساتھ جلسہ کی تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کی تواضع کھانے سے کی گئی۔ جس کے بعد تمام شاملین جلسہ کو جانے کی اجازت تھی۔
اس جلسہ میں اپواسو ریجن کی کل پانچ جماعتوں نے شرکت کی نیز جلسہ کی کل حاضری 560رہی۔ جبکہ جلسہ میںممبران نیشنل عاملہ، ذیلی مجالس کےنیشنل صدران ومختلف ریجنز کے بعض مبلغین کرام و معلمین کرام نے بھی شرکت کی۔ اسی طرح مقامی طور پر پانچ لوکل غیر از جماعت امام مسجد و کیتھولک مسلک کے مقامی پادری صاحب نے بھی جماعتی جلسہ میں شرکت کی اور جماعت احمدیہ کی تربیت کے اس طریقہ کار کو سراہا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت اپواسو کی اس کاوش میں برکت عطاکرے اور احباب جماعت کو جلسہ کی حقیقی روح کو سمجھتے ہوئے اس سے فیض اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔نیز مستقبل قریب میں دیگر ریجنز کو بھی جلسہ کی روح کو سمجھتے ہوئے ریجنل جلسہ ہائے سالانہ منعقد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)