جماعت احمدیہ سری لنکا کا عبادات کے ساتھ نئے سال کا آغاز
حضرت امیر المومنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کے ارشاد کے مطابق جماعت احمدیہ سری لنکا نے بھی نئے سال کا آغاز باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کے ساتھ کیا۔ بعد ازاں باجماعت نماز فجر ادا کی گئی اور درس کا بھی انتظام کیا گیا۔ اِس سلسلہ میں مربیانِ کرام کی مدد سے تمام مساجد میںیہ انتظام کیا گیا تھا۔
ایسے احباب جن کو صبح سفر کرکے مسجد آنا مشکل تھا انہوں نے 31؍دسمبر کی رات کو مسجد میں آ کر قیام کیا اور صبح نماز تہجد میں شامل ہوئے۔
جماعت احمدیہ کولومبو میں مشنری انچارج مکرم اے بی مشتاق احمد صاحب نے اپنے درس میں حضور انور کے ارشاد کی روشنی میں احباب جماعت کو روزانہ نماز تہجد کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ کولومبو جماعت میں دیا جانے والا یہ درس یوٹیوب کے ذریعہ لائیو نشر بھی کیا گیا جس کے ذریعہ ایسے احباب جو مسجد نہ آسکے وہ بھی اس سے مستفیض ہوئے۔ اسی طرح لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ جن کو کووِڈ کی پابندیوں کی وجہ سے مسجد آنے کی اجازت نہیں ہے وہ بھی اس درس میں آن لائن شامل ہوئیں۔ اِس پروگرام کے بعد ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔
(رپورٹ: جاوید رحیم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)