جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ برازیل کا ستائیسواں جلسہ سالانہ

(وسیم احمد ظفر۔مبلغ انچارج برازیل)

٭… حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… Petropolis شہر کے کونسلر جناب Maurinho Branco کی جلسہ میں شرکت

جماعت احمدیہ میں جلسہ سالانہ کا قیام یقیناً ایک الٰہی سلسلہ ہے اور ملک ملک میں اس کا انعقاد جماعت احمدیہ کی صداقت کا بین ثبوت ہے۔ مورخہ 24 تا 26ستمبر 2021ء بروز جمعہ ہفتہ و اتوار جماعت احمدیہ برازیل کو بھی اپنا 27واں جلسہ سالانہ کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ موجودہ وائرس کی وجہ سے ایک سال کے وقفہ سے منعقد کیا گیا جس کی وجہ سے ایک غیر معمولی جوش اور جذبہ تھا۔ مشن ہائوس میں محدود جگہ اور وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے افراد جماعت کے علاوہ محدود افراد کو اس جلسہ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ امسال جلسہ سالانہ کا موضوع ’’رجوع الی اللہ‘‘ رکھا گیاتھا جسے دنیا میں موجودہ بے امنی کے حالات اور وائرس کے تناظر میں بہت پسند کیا گیا۔

حضو ر انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایمان افروز خصوصی پیغام

ہم سب کے لیےانتہائی سعادت کی بات ہے کہ پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا نہایت ایمان افروز پیغام موصول ہوا ۔

تیاری جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ کی تیاری کا کام کافی عرصہ پہلے شروع کر دیا گیا تھا۔ چنانچہ لجنہ کے تحت مشن ہائوس میں ہی رنگ برنگی جھنڈیاں تیار کی گئیں اسی طرح برتنوں اور کپڑوں کی گنتی، دھلائی و صفائی وغیرہ کا کام کیا گیا۔ خدام الاحمدیہ نے ماحول کی جنرل صفائی، بعض جگہوں پر سفیدی، مختلف بینرز اور پوسٹرز کی تیاری اور ہال کی سیٹنگ، تزئین و آرائش کا کام سرانجام دیا۔ جلسہ والے ہال کو بینرز اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔کچھ جھنڈیاں جماعت اور برازیل کے جھنڈوں کی بھی تیار کر کے لگائی گئی تھیں اسی طرح ہال کی طرف جانے والے رستہ میں مختلف چنیدہ آیات قرآنیہ مع ترجمہ کی پوسٹس لگائی گئی تھیں۔ ہال کے سٹیج کے قریب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بڑے بینر پر تصویر آویزاں کی گئی تھی جس کے اوپر لکھا ہوا تھا ’’مسیح موعود آچکے ہیں‘‘۔ ساتھ ہی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصویر بھی لگائی گئی جس کے اوپر لکھا تھا ’’اسلام کے خلیفہ‘‘۔ اسی طرح جلسہ پر تراجم قرآن کریم و دیگر لٹریچر پر مبنی ایک نمائش بھی لگائی گئی تھی۔

اس سال جماعت احمدیہ برازیل کو پہلی بار تین دن کا جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پیٹروپولس کے علاوہ برازیل کے چھ شہروں سےکم و بیش 80 افراد نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی دوسرے شہروں سے آنے والے تمام افراد جماعت کے قیام و طعام کا تمام تر انتظام مشن ہائوس میں ہی کیا گیا تھا۔ الحمد للہ

جلسہ سالانہ کا پہلاروز

پرچم کشائی

جلسہ سالانہ کے پہلے روز مورخہ 24؍ستمبر بروز جمعہ جلسہ سالانہ کا آغاز جماعتی روایت کے مطابق پرچم کشائی کی مبارک تقریب سے ہوا۔ خاکسار (صدر جماعت و مبلغ انچارج) نے جماعت احمدیہ کا جھنڈا اور مکرم حافظ احتشام مومن صاحب مربی سلسلہ نے برازیل کا جھنڈا لہرایا جس کے بعد خاکسار نے دعا کروائی۔ اس موقع پر موجود افراد جماعت نےخوشی کے جذبات سے پر جوش نعرے لگائے ۔

خطبہ جمعہ

پرچم کشائی کی پروقار تقریب کے بعد خاکسار نے خطبہ جمعہ دیا جس میں خاکسار نے جلسہ سالانہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جلسہ عام دنیوی جلسوں کی طرح نہیں بلکہ خود خدا تعالیٰ نے اس نظام کو قائم فرمایا ہے اور اس کا انعقاد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا ثبوت ہے۔ آپ نے قادیان کی گمنام بستی میں جو آغاز فرمایا تھا آج اس کا سلسلہ ملک ملک میں پھیل گیا ہے اسی لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہر اس شخص کے لیے دعائیں کی ہیں جو اس للّٰہی جلسے میں شامل ہوتا ہے خواہ وہ احمدی یا کسی بھی مذہب یا فرقہ سے تعلق رکھتا ہے۔ خاکسار نے برازیل میں جلسہ سالانہ کی تاریخ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں اس کا آغاز 1994ء میں ہوا تھا جس کے بعد سوائے گزشتہ سال کے ہر سال باقاعدگی سے یہ جلسہ منعقد ہوتا رہا ہے اور امسال ستائیسواں جلسہ سالانہ منعقد ہورہا ہے۔ الحمدللہ

جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس

جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس مکرم حافظ احتشام احمدمومن صاحب مربی سلسلہ برازیل کی زیر صدارت شروع ہوا۔ مکرم مدثر احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت پائی۔عزیزم تکریم احمد ظفر نے نظم اور عزیزم مزمل کلیم نے حدیث پڑھی۔ اس کے بعد مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے لیے بھجوایا گیا پیغام اور اس کا ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر خاکسار نے جماعت احمدیہ کے عقائد اور تعلیمات کے بارہ میں کی اور ان اعتراضات کا جواب دیا جو عام طور پر کیے جاتے ہیں۔ آخر میں مکرم صدر مجلس نے نظام جماعت اور اس کی برکات کے موضوع پر تقریر کی اور بتایا کہ آج جماعت احمدیہ ہی وہ جماعت ہے جس کے اندر نظام خلافت ہے اور اس الٰہی نظام کے ساتھ جڑنے میں ہی ساری برکات ہیں۔مکرم صدر مجلس نے اس اجلاس کے اختتام پر دعا کروائی۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہواجو مکرم حافظ احتشام صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد آپ نےدرس قرآن کریم بھی دیا۔

اجلاس خدام الاحمدیہ برازیل

وقفے کے بعد پروگرام کے مطابق جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس ذیلی تنظیموں کے الگ الگ پروگراموں کا تھا۔ چنانچہ خدام کے اجلاس کی صدارت مکرم اعجاز احمد ظفرصاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برازیل نےکی۔ اس اجلاس میں انصار اور اطفال بھی شامل ہوئے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم تکریم احمد ظفر نےکی۔ اعجاز احمد ظفر صاحب نے نظم پڑھی جس کے بعدصہیب کلیم صاحب اور عمر فاروق صاحب نے حدیث پیش کی۔ عزیزم مزمل ذیشان نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ملفوظات میں سے چند اقتباسات پڑھ کر سنائے۔ صدر مجلس نےکھڑے ہو کر حاضرین کے ساتھ عہد دہرایا جس کے بعد مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے نماز اور اس کی اہمیت کے بارہ میں تقریر کی۔ اس اجلاس کی آخری تقریرمکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کی تھی جنہوں نے خدام الاحمدیہ کی تنظیم کی مختصر تاریخ بتائی اور خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی۔

اجلاس لجنہ اماء اللہ برازیل

لجنہ اماء اللہ برازیل کے اجلاس کی صدارت مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل نے کی جس میں ناصرات بھی شامل ہوئیں۔ اس اجلاس میں تلاوت ناعمہ وسیم صاحبہ، نظم آئلہ کنول ظفرصاحبہ، حدیث عقیلہ یاسمین صاحبہ اور ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام شازیہ بشارت صاحبہ نے پیش کیے۔ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے عہد دہرایا جس کے بعد طاہرہ ثمینہ صاحبہ نے دعا اور ندا ندیم صاحبہ نے تبلیغ میں عورتوں کا کردار کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برازیل نے اختتامی تقریر میں لجنہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور مالی قربانی کی اہمیت کے بارہ میں تقریر کی اور اس کی روشنی میں سب خواتین کو چندہ کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ اس اجلاس کے اختتام پر صدر صاحبہ نے دعا کروائی۔

تیسرا اجلاس

جلسہ سالانہ کا تیسرا اجلاس نو مبائعین کی تقاریر اور بیعت کے بعد ان کے تاثرات کے بارہ میں تھا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم ندیم احمد طاہر صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ برازیل نے کی۔ اس اجلاس کاآغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم حافظ احتشام مومن صاحب نے کی۔ جس کے بعد صدر مجلس نے باری باری نومبائعین کا تعارف کروایا اور انہیں سٹیج پر بلایا چنانچہ Sr. Italo صاحب، Sr Ibraheem صاحب اور Sr. Caetano صاحب نے بالترتیب اپنا تعارف کروایا اور ایمان افروز تاثرات بیان کیے اور جماعت میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا۔ صدر مجلس نے اپنے اختتامی کلمات کےساتھ دعا کروائی۔

مقابلہ جات

جلسہ سالانہ کے پہلے اور دوسرے روز مردوں اور عورتوں کے الگ الگ کچھ دلچسپ مقابلہ جات بھی کروائے گئے جن میں میوزیکل چیئرز، کلائی پکڑنا، ثابت قدمی، نشانہ بازی، اشاروں کی زبان، رسہ کشی اور مشاہدہ معائنہ کے مقابلے شامل ہیں۔ اس سے جلسہ کی رونق اور دلچسپی میں مزید اضافہ ہو گیا اور سب نے بڑے شوق اور جذبے کے ساتھ ان میں حصہ لیا۔ پوزیشن لینے والوں کوجلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس میں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے انعامات بھی دیے ۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا روز

جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کا آغازبھی نماز تہجد باجماعت سےہواجومکرم حافظ صاحب نےپڑھائی۔ خاکسار نے نماز فجر پڑھانے کے بعد درس قرآن کریم دیا اور سورۃ فاتحہ کے مطالب کو بیان کیا۔

اختتامی اجلاس

وقفہ کے بعدصبح 11 بجے جلسہ سالانہ کا چوتھا اور اختتامی اجلاس خاکسار کی صدارت میں شروع ہوا اس اجلاس میں شہر کے ایک معروف کونسلر جناب Maurinho Branco مہمان خصوصی تھے ان کے علاوہ کافی تعداد میں لوکل افراد نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔ اس اختتامی اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا جو مکرم ابراہیم صاحب نے کی اور اس کا پرتگیزی زبان میں ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا جس کے بعد مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام

کس قدر ظاہر ہے نور اس مبدء الانوار کا

خوش الحانی کے ساتھ پڑھ کر سنایااور اس کا ترجمہ بھی پیش کیا۔ بعدازاںایک نو مبائع مکرم Italo Bruno Araujo صاحب نے اسلام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کے بعد مکرم حافظ احتشام مومن صاحب مربی سلسلہ نے خلافت احمدیہ کے تعلق میں تقریرکی۔ آپ نے بتایا کہ ہر نبی کے بعد اس کے مشن کی تکمیل کے لیے اس کے خلیفہ آتے ہیں اس ضمن میںآپ نے آنحضرت ﷺ کی پیشگوئی کا بھی ذکر کیا جس کے مطابق جماعت احمدیہ میں نظام خلافت قائم ہوا ہے اور جس کی قیادت میں جماعت احمدیہ ساری دنیا میں کام کررہی ہے۔ آپ کی تقریر کےبعد سٹیج سیکرٹری مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا اس جلسہ کے لیے خصوصی پیغام کا پرتگیزی ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد انہوں نے ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف کروایا اور برازیل میں انسانی خدمت کی کچھ مساعی کا ذکر کیا۔ اس کےبعد انہوں نے باری باری معزز مہمانوں کا تعارف کروایا اور انہیں سٹیج پر آکر اظہار خیال کرنے کا موقع دیا۔ ان مقررین میں مہمان خصوصی جناب Maurinho Branc(کونسلر) عیسائیوں کے روحانیت فرقہ کے نمائندہ Celso Antonio، ایک تحریک No-Ie Seicho کے نمائندہ Cristiano Muller، ایک یونیورسٹی کی پروفیسر Pra. Marcia Varrichio اور ہمارے شہر کے میئر کی کیبنٹ کے شعبہ ٹورزم کی نمائندہ May-lin Falconi شامل ہیں۔

اختتامی تقریر میں خاکسار نے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، جماعت کا تعارف کروایا اور بتایا کہ بانی جماعت احمدیہ ہی وہ مسیح موعود ہیں جنہوں نے آنا تھا نیز خاکسار نے رجوع الی اللہ کے بارہ میں قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں بتایا کہ حقیقت میں تب رجوع ہو گا جب ہم بدیوں اور گناہوں سے نکل کر پاک زندگی شروع کریں گے اور تبھی ہم کہہ سکتے ہیں کہ خدا ہمارا ہے اور ہم اس کے ساتھ ہیں کیونکہ خدا جو مجسم نور ہے اس کے ساتھ رہتے ہوئے اندھیرے نہیں ہو سکتے۔ خاکسار نے بتایا کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نےدنیا کو زلزلوں اور مختلف آفات اور وباؤں کی تنبیہ کی تھی جس کا مقصد خوف پھیلانا نہیں بلکہ بنی نوع انسان کو مصائب اور ہلاکت کی راہوں سے بچانا ہے جیسے کوئی کسی راستے میں گڑھے دیکھے تو دوسرو ں کو انذار کرتا ہے تا کہ وہ تکلیف اور ہلاکت سے بچ جائیں ۔

اپنی تقریر کے بعد خاکسار نے مہمان خصوصی اور دیگر نمائندگان کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شہرہ آفاق کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کے پرتگیزی ترجمہ کی کتاب کا تحفہ دیا نیز مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے اورا س اعلان کے ساتھ دعا کروائی کہ ہر کوئی اپنے اپنے طریق پر دعا کر سکتا ہے۔ چنانچہ یہ بات بھی جماعت احمدیہ کی مذہبی رواداری کا منہ بولتا ثبوت تھی کہ ایک ہی جگہ پر مختلف مذاہب کے ماننے والے اپنے اپنے طریق پر خدا کی عبادت کرتے دکھائی دے رہے تھے جسے بہت سے شاملین جلسہ نے بہت سراہا اور جماعت کی تعریف کی۔

لنگر خانہ اور ضیافت

جلسہ سالانہ کی برکات میں سے ایک برکت لنگر خانہ کا قیام بھی ہے چنانچہ تینوں دن کھانا تیار کر کے مہمانوں کو پیش کیا جاتا رہا۔ عورتوں کی طرف سے مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ اور ان کی ٹیم نے اور مردوں کی طرف سے مکرم مدثر احمد صاحب اور ان کی ٹیم نے بڑے شوق، جوش اور جذبہ کے ساتھ کام کیا۔ اللہ تعالیٰ سب رضاکاروں کو جزائے خیر عطاکرے۔ بہت سے نئے آنے والے مہمانوں کے لیے اس قسم کا کھانا کھانے کا پہلا تجربہ تھا اور پھر سبھی نے خوب شوق سے کھایا۔

جلسہ کے اختتام پر ایک برازیلین خاتون کو بیعت کرنے کی بھی سعادت ملی ۔ الحمدللہ ۔

کئی افراد جماعت کی زندگی کا یہ پہلا جلسہ سالانہ تھا ان سب ممبرز اور مہمانوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے بہت خوشی کا اظہار کیا اور جلسہ کی کامیابی پر مبارکبادپیش کی۔

مہمانوں اور نو مبائعین کے تاثرات

جلسہ کے بعد مہمانوں اور نومبائعین نے اپنے تاثرات بھی بیان کیے جن میں سے چند ایک یہ ہیں۔

٭…مہمان خصوصی کونسلر جناب Maurinho Branco نے اس جلسہ میں شرکت کی دعوت پر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی جماعت کے پروگراموں میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔

٭…ایک نمائندہ Cristiano Muller پہلی بار جلسہ میں شامل ہوئے اور بہت خوشی کااظہار کرتے ہوئے ذکر کیا کہ مجھے اندازہ تھا کہ بہت اچھی تقریب ہو گی لیکن شامل ہو کر اور بھی زیادہ اچھا لگا آپ سب لوگوں کے حسن سلوک اور رواداری سے بہت متاثر ہوا ہوں اسلام سے متعلق جاننے کا موقع ملا اور یہ کہ خدا ایک ہی ہے۔

٭…ایک مہمان دوست شکیل احمد صاحب نے اپنے تاثرات کا کچھ اس طرح ذکر کیا کہ وہ احمدی نہیں ہیں لیکن وہ یہاں آکر بہت خوش ہوئے ہیں انہوں نے مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’رہائش اچھی۔ کھانا اچھا۔ اخلاق اچھے۔ لوگ اچھے بہن بھائیوں کی طرح سلوک ہوا ہے‘‘۔ انہوں نے جماعت کا شکریہ ادا کیا۔

٭…ایک کالج کے پروفیسر Renato Winterنے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے نام اپنے ایک خط میں بطور خاص اپنے جذبات و تاثرات بیان کیے ہیں کہتے ہیں کہ جلسہ کا موضوع بہت گہرا تھا اور شاملین جلسہ و مضامین نے بہت متاثر کیا۔ انہوں نے حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کو پیٹروپولس کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہاں ان کا پرجوش خیر مقدم کیا جائے گا۔

٭…ایک نومبائع بہن Priscila پہلی بار جماعت کے کسی جلسہ میں شامل ہوئیں انہوں نے سب افراد جماعت کا آپس میں جو محبت اوربھائی چارہ کا تعلق ہےاس کو بہت سراہا اور تعریف کی بلکہ بے ساختہ کہا کہ یہ جلسہ سال میں ایک بار ہی کیوں ہے۔

٭…ساؤپاؤلو میں جماعت احمدیہ کے نگران عرفان صاحب کہتے ہیں کہ یہاں پہلی بار جلسہ میں شامل ہوا ہوں۔ بہت کامیاب جلسہ ہوا یہاں کا ماحول دیکھ کر بہت مزہ آیا دلی اور روحانی خوشی ہوئی ہے۔ مدثر صاحب کہتے ہیں کہ پہلی بار برازیل کے جلسہ میں شامل ہو کر بہت خوشی ہوئی ہے ۔سارے پروگرام بہت بابرکت ہوئے ہیں۔ نو مبائع نوجوان Italo جو حال ہی میں جماعت میں داخل ہوئے ہیں کہتے ہیں کہ میری جلسہ میں پہلی بار شمولیت ہے اورجماعت کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے جماعت کےسب افراد نے جس طرح اپنائیت کا مظاہرہ کیا اس سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ گنی بسائو سے تعلق رکھنے والے Ibraheem کہتے ہیں کہ جلسہ سالانہ میں شمولیت سے روحانی ترقی کا موقع ملا ہے۔

اخبارات میں جلسہ کی بابت رپورٹس

جلسہ کے بعد شہر کی دو اخباروں نے تصویروں کے ساتھ جلسہ سالانہ سے متعلق رپورٹس شائع کیں۔ ایک اخبار Tribuna de Petropolis نے جلی سرخی میں لکھا کہ ’’جماعت احمدیہ کے جلسہ سالانہ کا انعقاد جس میں مذہبی رواداری کے پرچار کے علاوہ اپنی روحانی حالتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیاگیا‘‘۔ اور دوسری اخبار Diario de Petropolis نے ’’پیٹروپولس کی اسلامی جماعت کے جلسہ سالانہ کا انعقاد ‘‘کی سرخی دی۔

الغرض اللہ تعالیٰ کے فضل اور خلیفہ وقت کی دعاؤں سے یہ جلسہ بہت کامیاب رہا اور بخیرو خوبی انجام پایا۔ اللہ تعالیٰ اس کے نیک اور مثبت اثرات مرتب فرمائے اور سب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائوں کے وارث ہوں۔ نیز اللہ تعالیٰ اس جلسہ کی تیاری اور وائنڈ اپ کرنے والے رضاکاروں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button