سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
…لندن 12؍ اکتوبر بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور نے آج مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔یہ خطبہ ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں سے پوری دنیا میں براہِ راست دیکھا اور سنا گیا۔
…13؍ اکتوبر بروز ہفتہ:( لندن) حضورِ انور آج دوپہر پونے بارہ بجے ’طاہر ہاؤس‘ بلڈنگ کا معائنہ فرمانے کے لئے تشریف لے گئے۔ تقریبًا ایک گھنٹے پر محیط اس معائنہ میں حضورِ انور نے ازراہِ شفقت اس عمارت میں موجود تمام مرکزی دفاتر اور سٹورز میں تشریف لے جا کر انہیں برکت بخشی اور وہاں موجود کارکنان کو قیمتی ہدایات و نصائح سے نوازا۔حضورِ انور تقریبًا پونے دو بجے واپس مسجد فضل لندن تشریف لے آئے۔
…15؍ اکتوبر بروز سوموار ( لندن)سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز آج بعد نماز ظہر و عصر امریکہ اور گوئٹے مالاکے دورہ پر روانہ ہو گئے۔ حضور انور دوپہر دو بج کر53منٹ پر اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے جہاں اپنے محبوب امام کو الوداع کہنے کے لئے احباب و خواتین مسجد فضل لندن کے بیرونی احاطہ میں جمع ہو کر اپنے آقا کے اس دورہ کی کامیابی کے لئے زیرِ لب دعاؤں میں مصروف نظر آرہے تھے۔ حضور انور نےکار میں سوارہونے سے قبل اجتماعی دعا کروائی اور ہلکی پھلکی بوندا باندی میں چند منٹ اپنے عشاق کو شرفِ دیدار بخشنے کے بعد ہیتھرو (Heathrow) ایئر پورٹ کے لئے روانہ ہوگئے۔
…امریکہ میں ورودِ مسعود: حضورِ انور مقامی وقت کے مطابق رات دس بجکر پینتیس منٹ پر مسجد بیت الرحمان سِلور سپرنگ (میری لینڈ) میں رونق افروز ہوئے جہاں ساڑھے تین ہزار کے قریب عشّاق اپنے پیارے آقا کے استقبال کے لئے بے تابی سے منتظر تھے۔
…16؍ اکتوبر بروز منگل: ( امریکہ) معمول کی مصروفیات کے علاوہ حضورانور نے آج نمازِ ظہر و عصر سے قبل MTA ٹیلی پورٹ نیز مسجد بیت الرحمٰن کا معائنہ فرمایا نیز ساٹھ کے قریب فیملیز کو شرفِ ملاقات بخشا ۔
(تفصیلی رپورٹ آئندہ شماروں میں۔انشاء اللہ)
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
٭…٭…٭