تعلیم الاسلام پرائمری سکول( Ponta Figo) ساؤتومے کی افتتاحی تقریب
25ستمبر 2018ء کو اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو پہلے تعلیم الاسلام پرائمری سکول پونتا فیگو (Ponta Figo) ساؤتومے (وسطی افریقہ) کے افتتاح کی توفیق ملی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر ٹی آئی کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن یوکے کی مالی معاونت سے یہ سکول Ponto Figoگاؤں میں بنایا گیا ہے جو دارالحکومت سے 22 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔
یہ سکول 2017ء میں مکمل ہواتھااورجماعت نے لوکل باڈی کواستعمال کے لئے دے دیا تھا۔اس میں 220طلباء زیر تعلیم ہیںاورآٹھ اساتذہ تدریس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔اس بلڈنگ میں چار بڑے کلاس رومز، دو دفاتر اور ایک سٹاف روم اور چار Toilets ہیں۔ اس سکول کا نام "Talim ul Islam” سکول کے گیٹ پر لکھاگیاہے۔ہمارے سکول کی افتتاحی تقریب میں TICOSA برطانیہ نے اپنا نمائندہ بھیجا۔مکرم ومحترم بشیر احمداختر صاحب سابق پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول BOسیرالیون نے TICOSA کی نمائندگی میں شرکت فرمائی جبکہ گورنمنٹ ساؤتومے کی طرف سے جناب نائب وزیر اعظم صاحب Mr. Afonso Varela نے شرکت کی ۔تقریب کی صدارت خاکسار نے بطور مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے اینڈ پرنسپ نے کی۔
پروگرام:
سہ پہر ساڑھے تین بجے اس افتتاحی تقریب کاآغاز ہوا۔ سٹیج پر جماعت احمدیہ کا نصب العین ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ آویزاں کئے گئے تھے۔ جماعت کی طرف سے جناب ڈپٹی پرائم منسٹرکو سکول کے احاطہ میں خوش آمدید کہاگیا۔
پروگرام کاآغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ اس کے بعد عزت مآب نائب وزیر اعظم اورTICOSA کے نمائندہ مکرم بشیر احمداختر صاحب کاتعارف کروایا گیا کہ آپ تعلیم الاسلام کالج ربوہ کے فارغ التحصیل طلباء کی تنظیم کے نمائندہ ہیں جس نے حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر اس سکول کو بنانے کے لئے مالی معاونت کی ہے۔ موصوف کو سیرالیون میں 21سال تک تعلیمی میدان میں نمایاں کام کرنے کی توفیق ملی ہے۔ اس سکول کی تعمیر میں مالی معاونت کرنے والوں کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان کو اس کی بہترین جزاء دے۔آمین
اس کے بعد مکرم ومحترم بشیر احمداختر صاحب نمائندہ TICOSA UK نے حاضرین سے خطاب کیا۔
بعدازاں سکول کے ڈائریکٹر نے کہاکہ ہمارے پاس الفاظ نہیں کیسے جماعت کاشکریہ اداکریں۔ہم پرانے سکول کی بلڈنگ میں بچوںکو پڑھاتے تھے۔ بہت برے حالات تھے۔ہر وقت یہی خطرہ ہوتا تھا کہ وہ عمارت گر جائے گی۔اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ جماعت نے ان کی مددکی۔
اس کے بعد مکرم بشیر احمداختر صاحب نے جناب ڈپٹی پرائم منسٹر کو سکول کی چابی پیش کی۔اس طرح سکول گورنمنٹ کے حوالے کر دیاگیا۔
آنریبل ڈپٹی پرائم منسٹر نے اپنے خطاب میں احمدیہ مشن اورTICOSA UKکا بہت ہی اچھے رنگ میں شکریہ اداکیااورکہا کہ جماعت احمدیہ تعلیمی اورطبی میدان میں جو کوششیں افریقہ میں کر تی ہے ہماری گورنمنٹ اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔اورامید کرتی ہے کہ جماعت احمدیہ ہمارے ملک کی ہمیشہ مدد کرتی رہے گی۔سکول قوم کے مستقبل کی چابی ہے۔جماعت احمدیہ ہمارے بچوں کے مستقبل کی فکر کرتی ہے۔اب ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ سکول اوراپنی قوم کے بچوں کی حفاظت کریں۔اوراس سکول کے بچے ملک اورقوم کا نام روشن کریں۔ان کی تقریرکے بعد بچوں نے ترانے گائے اورنعرے لگائے۔
آنریبل ڈپٹی پرائم منسٹر کی تقریر کے بعد مہمانوں، اساتذہ اورطلباء کے ساتھ تصاویر بنوائی گئیں اوران کی تواضع کی گئی۔اس تقریب کے شاملین حاضرین کی تعداد تین سو ساٹھ تھی۔الحمدللہ کہ یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔اللہ تعالیٰ جماعت اورTICOSA UKکے کاموں میں بے انتہاء برکت ڈالے۔آمین
میڈیاکوریج:
سکول کے Inaugurationکی خبر نیشنل ریڈیو،دونیشنل ٹی وی چینلزTVS, Andin Media اورایک انٹرنیشنل ٹی ویRTP Africa نے کوریج دی جو پورتگیزی زبان بولنے والے ممالک میں دیکھا جاتاہے۔ الحمدللہ علی ذلک