نمازِجنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 29؍جنوری 2022ء بروز ہفتہ کو 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم ملک نذیر احمد صاحب ابن مکرم ملک غُلام حسین صاحب(رینز پارک ۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 08مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم ملک نذیر احمد صاحب ابن مکرم ملک غُلام حسین صاحب (رینز پارک۔ یوکے)
25؍جنوری 2022ءکو86 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ تعلیم الاسلام کالج لاہور اور ربوہ میں پڑھائی مکمل کرنے کے بعد 1966ء میںBy Road یوکے آگئے اور یہاں آکر پولیٹیکل سائنس کی تعلیم حاصل کی ۔اس کے بعد 30 سال تک سکاٹ لینڈ میں ریاضی پڑھاتے رہے ۔ آپ کو UN میں سٹوڈنٹ کونسل کے نمائندہ کے طور پر اسلام کے متعلق تقریر کرنے کا بھی موقع مِلا۔مرحوم جماعت کے لیے بہت غیرت رکھتے تھے۔ بہت دیندار، صوم وصلوٰۃ کے پابند،لوگوں کے ساتھ انتہائی پیار و محبت سےملینے والے،خوش گفتاراور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے نیک اور مخلص بزرگ تھے۔ مرحوم انتہائی خوش الحانی کے ساتھ بلند آواز میں تلاوت قرآن کریم کیا کرتے تھے۔آپ کی بیٹی نے بتایا کہ مرحوم ہمیشہ انہی ڈاکٹری کے پیشہ میں وقف عارضی کے لیے سپورٹ کرتے اور اس کے لیے خود بھی متعدد ممالک کے سفروں میں ان کے ساتھ جاتے رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اورنواسے نواسیاں یاد گار چھوڑی ہیں۔
نماز جنازہ غائب
-1مکرم مرزا مبارک احمد صاحب ابن مکرم مرزا فضل الرحمٰن صاحب (کینیڈا)
12؍جنوری 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت مرزا برکت علی صاحبؓ اور دادی حضرت سردار بیگم صاحبہ ؓ دونوں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔مرحوم صدر جماعت مالٹن (Malton) اور بریمپٹن پیل ویلج (Brampton Peel Village) کے علاوہ کئی سال ریجنل امیر بریمپٹن (Brampton) کے طور پر خدمت بجالاتے رہے ۔ بہت سالوں تک جلسہ سالانہ کے سٹیج کی تیاری اور ڈیکوریشن کا کام بھی بڑی گرم جوشی اور خندہ پیشانی سے سعادت سمجھتے ہوئے کرتے رہے ۔ تبلیغ کا بھی بہت شوق تھا۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، بہت مہمان نواز، اپنوں اور غیروں کا خیال رکھنے والےایک نیک اور ہمدرد انسان تھے ۔آپ کی عاجزی وانکساری اور نرم مزاجی بے مثال تھی ۔ خلافت سے انتہائی محبت اور وفا کا تعلق تھا۔آپ نے تکلیف دہ بیماری کا بڑے صبر وہمت سے مقابلہ کیا۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم ساجد اقبال صاحب (مربی سلسلہ مارشل آئر لینڈز ) کے ماموں تھے ۔
-2مکرمہ مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری سہیل احمد صاحب ( سیالکوٹ )
3؍جنوری 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجدگزار، قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی، خلافت کی وفادار ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خدمت دین کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں بوڑھے والدین اور میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم چودھری امتیاز احمد صاحب شہید (سانحہ لاہور) کی بہن اور مکرم عقیل احمد صاحب (مربی سلسلہ ۔Boریجن ۔ سیرالیون) کی بھابھی تھیں۔
-3مکرمہ سیدہ امۃ الرحمٰن شاہ صاحبہ اہلیہ مکرم سید عبدالغفور شاہ صاحب مرحوم (محلہ ناصر آباد۔ ربوہ)
4؍جنوری 2022ءکو74سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے دادا حضرت سید عبد العزیز شاہ صاحبؓ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے صحابی تھے۔ مرحومہ خلافت احمدیہ سے اخلاص ووفا کا ایک خاص تعلق رکھتی تھیں ۔خلیفۂ وقت کے خطبات ِجمعہ اور دیگر خطابات خود بھی بہت توجہ اور باقاعدگی سے سنتیں اور اپنے بچوں کو بھی اس کی بہت تلقین کرتی تھیں ۔مرحومہ نماز تہجد اورپنجوقتہ نماز کی پابند تھیں اور ہمیشہ اضافی چندہ ادا کر دیا کرتی تھیں۔ بہت ملنسار، سادہ زندگی گزارنے والی ،دعا گو اورمضبوط عزم و ہمت کی مالک تھیں ۔اپنے سب بچوں کو بچپن ہی سے جماعتی پروگراموں میں ساتھ لے کر جاتی تھیں۔ ہمیشہ اپنی اولاد کو خلافت اور نظام جماعت کا خادم بنے رہنے کا درس دیتی رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں 8 بیٹیاں اور 3 بیٹے شامل ہیں ۔آپ مکرم محبوب الرحمٰن شفیق احمد صاحب (مبلغ سلسلہ کینیڈا ) کی ساس تھیں۔
-4مکرمہ امۃ الحمید شاہ صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر احمد شاہ صاحب مرحوم (نیروبی ۔کینیا)
15؍جنوری2022ء کو87سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت قاضی ضیاء الدین صاحب کی پڑپوتی اور حضرت قاضی عبدالرحیم صاحب کی پوتی اور مکرم قاضی عبد السلام بھٹی صاحب کی بیٹی تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند ، تہجد گزار ، ہرایک کا خیال رکھنے والی ، اصول پسند، خوش مزاج ،ہمدرد، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور متعدد پوتے، پوتیاں اور پڑپوتے، پڑپوتیاں یادگار چھوڑے ہیں۔آپ مکرم رفیع احمد شاہ صاحب ( نائب سیکرٹری ضیافت و ناظم لنگر خانہ جلسہ سالانہ یوکے) کی والدہ تھیں۔
-5مکرمہ خالدہ پروین صاحبہ اہلیہ مکرم محمد نصیر خان صاحب مرحوم(ملائیشیا)
16؍جنوری2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، صابرہ وشاکرہ، خوش اخلاق، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے گہرا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
-6مکرمہ بشیر اختر صاحبہ اہلیہ مکرم رائے اللہ بخش صاحب مرحوم( عنایت پور بھٹیاں ضلع چنیوٹ)
19؍دسمبر2021ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار اور نیک خاتون تھیں۔بچوں کو ہمیشہ دین سے محبت، نظام جماعت اور خلافت کی اطاعت کی تلقین کرتی رہتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم شعیب احمدبھٹی صاحب (عنایت پور بھٹیاں ضلع چنیوٹ ) کی والدہ تھیں۔
-7مکرم ملک عبد اللطیف خان صاحب ابن مکرم ملک عبد المجید خان صاحب(فیصل آباد)
10؍دسمبر2021ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم بہت نیک، مخلص اور جماعت کے فدائی کارکن تھے۔ضلع بھر میں موٹر سائیکل پر جماعتی دورے کیا کرتے تھے۔جماعتوں کو فعال کرنے میں امارت کے ساتھ بہت مؤثر کردارادا کیا ۔خلافت کے ساتھ گہری وابستگی تھی۔ مرحوم موصی تھے۔
-8مکرم قاضی عبد الرحمٰن نعیم صاحب ابن مکرم قاضی عبد الحمید صاحب (جوہر ٹاؤن ۔ لاہور)
9؍اکتوبر2021ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نائب زعیم اعلیٰ انصاراللہ کے علاوہ اپنے حلقہ میں بطور محصل اور سیکرٹری صنعت وتجارت خدمت بجالاتے رہے ۔
جلسہ سالانہ قادیان کی ڈیوٹیاں دینے کی بھی توفیق پائی۔ مرحوم نماز باجماعت کے پابند، بہت مہمان نواز، خدمت خلق کے ہر کام کو شوق سے کرنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔
اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭