یک روزہ نیشنل تربیتی سیمینار مجلس انصار اللہ سویڈن
مجلس انصار اللہ سویڈن کو شعبہ تربیت کے تحت ایک بہت کامیاب تربیتی سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
نئے سال کے آغاز میں ہی مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج و قائد تربیت مجلس انصار اللہ سویڈن نے ملکی سطح پہ ایک تربیتی سیمینار منعقد کرنے کا پروگرام تفصیل سے بنایا اور مکرم نصیر احمد وسیم صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن سے اس کی منظوری لی گئی ۔
اس سیمینارکے لیے ابتدا میں یہ طے پایا تھا کہ تمام مجالس اپنی اپنی مساجد میں جمع ہوں گی اور صدر مجلس اور چند مہمانان خصوصی ’’آن لائن‘‘ سب مجالس کے پروگراموں میں شامل ہوں گے۔ تاہم Covid-19 کی وبا کے دوبارہ پھیل جانے کی وجہ سے مسجدوں میں کوئی بھی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے پرمکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے مکمل سیمینار ’’آن لائن‘‘ کرنے کی ہدایت کی۔
مکرم قائد صاحب تربیت نے تمام مجالس کے منتظمین تربیت کے ساتھ متعدد میٹنگز اور صوتی پیغامات کے بعد حتمی پروگرام بنا کر اس کی تیاریاں جنوری کے آغاز میں ہی شروع کر دیں۔
ہر مجلس سے دو مقررین کے نام موصول ہونے پر انہیں حالات کی مناسبت سےمختلف عناوین دے دیے گئے۔ اسی طرح منتظمین تربیت سے اپنی مجلس کی گزشتہ سال کی کارگزاری رپورٹ بھی پیش کرنے کی درخواست کی گئی جو منتظمین نے عمدہ طریق سے پیش کی۔
یہ سیمینار مورخہ 6 فروری 2022ء کو منعقد ہوا، سیمینار دو اجلاسات پر مشتمل تھا۔ جس میں تلاوت ،عہد ،نظم کے بعد مکرم صدرصاحب مجلس انصار اللہ نے افتتاحی کلمات کے بعد دعا کروائی اور پھر قائد صاحب تربیت نے بقیہ پروگرام کی میزبانی کی۔
مکرم وسیم ظفر صاحب نیشنل امیر جماعت سویڈن نےاپنی تقریر میں انصار بھائیوں کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسل کو خلافت کے ساتھ ایسے وابستہ کر دیں کہ اس دنیا سے رخصت ہوتے وقت ہمیں یہ یقین ہو کہ کوئی طوفان بھی ہمارے بچوں کو خلافت سے جدا نہیں کر سکے گا۔ آپ نے سب شاملین کو توجہ دلائی کہ جیسے حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ ہر احمدی کے لیے روازنہ دعا کرتے ہیں ہمیں بھی چاہیے کہ روز پیارے حضور کےلیے دعا کو اپنی عادت بنا لیں۔
اس کے بعد مختلف مجالس کی نمائندگی میں سات مقررین نے مختلف موضوعات پر دس دس منٹ کی تقاریر کیں۔ جن عناوین پر تقاریر کی گئیں وہ یہ ہیں۔ تلاوت قرآن، نظامِ خلافت، خطبات امام، نماز باجماعت کی اہمیت، ذکر الٰہی تطہیر قلب کا ذریعہ اور تلاوت قرآن کی اہمیت ۔
آخر پرتلقین عمل کے طور پہ چار مبلغین کرام نے ایک مذاکرہ پیش کیا جس میں انہوں نے انصار اللہ کی ذمہ داریاں مختصراً بیان کیں۔ مبلغین کرام نے غیبت، بدظنی اور تجسس کی عادت سے بچنے، اپنے بچوں کی بہترین تربیت کےلیے اپنے نمونے کو بہتر کرنے، تبلیغ کے میدان میں خلیفۃ المسیح کے سلطان نصیر بننے اور خلافت کے ساتھ وفا کے تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
سیمینار کے دوران حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے الفاظ میں انصار اللہ کو نصائح پر مشتمل چند کلپس بھی دکھائے گئے۔
یہ سیمینار ZOOM کے ذریعہ نشر ہوا اور ساتھ ساتھ یوٹیوب پہ بھی لائیو دیکھا گیا۔
مکرم قائد صاحب تربیت نے تمام شاملین کو پاکستان کے احمدی بھائیوں کو خصوصی طور پر اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی طرف توجہ بھی دلائی۔
مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے تمام شاملین اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم نیشنل امیر صاحب سویڈن نے اختتامی دعا کروائی اور یہ سیمینار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ غیر پاکستانی احمدی بھائیوں کے لیے تمام پروگرام کے سویڈش ترجمہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تربیتی سیمینار بہت کامیاب رہا۔ بڑی تعداد میں انصار نے اس پروگرام میں شرکت کی اور اپنے ایمانوں کو تازہ کیا۔ سب نے پروگرام کو بہت پسند کیا۔ الحمد للہ علی ذالک۔
قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مجلس انصار اللہ سویڈن کو حضرت خلیفۃ المسیح کی تمام نصائح پر ہمیشہ عمل کرتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور حضور کی ہدایات کی روشنی میں ہم اپنے بچوں کی بھی صحیح رنگ میں تربیت کرنے والے ہوں۔ آمین