اطلاعات واعلانات
اعلانِ ولادت
٭… چودھری بشیر احمد صاحب گوندل آف کھوسکی ضلع بدین حال ٹورانٹو کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ میرے چھوٹے بیٹے عزیزم غالب احمد صاحب گوندل مربی سلسلہ بلدیہ ٹاؤن ضلع کراچی و بہو کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ 21؍دسمبر2021ء کو حضور انور کی خصوصی دعاؤں سے شادی کے دس سال بعد بیٹے کی نعمت سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت نومولود کا نام راہب احمد طالع تجویز فرماتے ہوئے تحریک وقفِ نو میں شامل فرمایا ہے ۔نومولود مکرم چودھری محمد احمد صاحب اٹھوال آف سابق صدر حلقہ کھوسکی بدین کا نواسہ ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولودکونیک ،صالح اور خادم دین بنائے اور صحت و تندرستی والی درازعمرعطا کرے ۔
نمایاں کامیابی
٭… وقار احمد بھٹی صاحب مربی سلسلہ تحریرکرتے ہیں کہ ان کی بیٹی عزیزہ تہمینہ وقار نے اٹھارویں IKLC (International Kangroo Linguist Contest) میں پاکستان بھر کے 4700 سے زائد امیدواروں میں 33ویں جبکہ ضلع چنیوٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز عزیزہ کے لیے مبارک فرمائے اور آئندہ بے شمار ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔آمین
درخواست ہائے دعا
٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے تایا زاد بھائی مکرم ماسٹر نذیر احمد بدر ابن حضرت چودھری محمد حسین صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ آجکل کافی علیل ہیں۔ عمر رسیدہ ہیں اور کافی کمزوری محسوس کر رہے ہیں۔احباب جماعت سے میرے بڑے بھائی صاحب کی صحت و سلامتی اور درازیٔ عمر کے لیے دعا کی درخواست ہے ۔
نیز میرے بہت پیارے دوست مکرم سید نور مبین شاہ صاحب کو چند دن قبل سیڑھی سے گرنے کی وجہ سے پسلیوں میں شدید چوٹ لگی ہے اور علیل ہیں ، درد کافی ہے، اندرونی چوٹ ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ مولیٰ کریم کامل صحت عطا فرمائے اور تمام پریشانیوں سے نجات بخشے ۔آمین ۔
٭…عبدالرؤف صاحب سیکرٹری وصایا بریڈفورڈ نارتھ یوکے ابن مکرم عبدالرزاق صاحب مرحوم سابق پی ٹی آئی جامعہ احمدیہ ربوہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسارکی دونوں آنکھوں میں موتیا ہو گیا ہے۔ جس کی وجہ سے نظر کافی خراب ہو گئی ہے ڈاکٹر نے فوری آپریشن تجویز کیا ہے ۔
مورخہ4؍مارچ 2022ءبروز جمعہ المبارک میری ایک آنکھ کا آپریشن ہو گا ۔ انشاءاللہ۔ احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ فضل فرمائے اور آپریشن ہر لحاظ سےکامیاب ہو اور خدا تعالیٰ ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین
٭… ڈاکٹر عبد الحنان صاحب (ابن مکرم عبد المنان صاحب مرحوم سابق امیر ضلع مظفرآباد، پاکستان) جماعت کوپن ہیگن، ڈنمارک تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے سر میں رسولی بن جانے کے سبب ریڈیو تھراپی تجویز کی گئی تھی کیونکہ پہلے دو بار آپریشن کیے گئے تھے۔ تھراپی کے جملہ سیشنز مکمل ہو چکے ہیں۔ بعض سائیڈ ایفیکٹس کا سامنا ہے جبکہ ڈاکٹرز نے مزید سائیڈ ایفیکٹس کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جلد معجزانہ طور پر صحت کاملہ سے نوازے اور ہر قسم کے اثرات و پیچیدگیوں سے بچائے۔ آمین
نیز خاکسار قارئین الفضل انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کرتا ہے جن کی دعاؤں اور ہمدردانہ پیغامات سے حوصلہ بڑھتا رہا ہے۔ جزاکم اللہ خیراً
٭…٭…٭