سیرالیون کے روکوپر ریجن میں تقریب آمین اور تبلیغی جلسہ
مکرم نوید احمد قمر صاحب ریجنل مشنری روکوپر ریجن تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ 5؍مارچ 2022ء بروز ہفتہ روکوپر ریجن کی جماعت ٹومبو ولا (Tombowala) میں آمین کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں امسال 16 اطفال ، 3 خدام اور ایک لجنہ ممبر نے قرآن مجید کاپہلا دور مکمل کیا۔ الحمد للہ۔ ان تمام افرادکو قرآن پڑھانے کی سعادت مکرم ابراہیم سوری کمارا معلم سلسلہ جماعت ٹومبو ولا اور گزشتہ سال قرآن کریم کا دور مکمل کرنے والے 7 طلباء کے حصہ میں آئی۔ گزشتہ سال ٹومبوولا جماعت میں کل 12 بچوں اور بچیوں اور بڑوں کو قرآن کریم مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی تھی۔
مورخہ 5؍مارچ کو پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نظم اور قصیدہ یا عین فیض اللّٰہ پیش کیا گیا۔ خاکسار نے پروگرام کا تعارف پیش کیا جس کے بعد مکرم موسیٰ کے ڈی محمود صاحب (ریجنل صدر و پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر ) نے تقریر کی۔ ہیڈ کوارٹر فری ٹاؤن سے محترم امیر صاحب کی نمائندگی میں مولوی ابو بکر منیر یوسف صاحب (نیشنل جنرل سیکرٹری) اور مولوی محمد مورث کمارا صاحب (مبلغ سلسلہ و صدر خدام الاحمدیہ سیرالیون) تشریف لائے تھے۔
مکرم مولوی محمد مورث کمارا صاحب صدر خدام الاحمدیہ سیرالیون نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت اور آپ کے لیے ظاہر ہونے والے تائیدی نشانات کے موضوع پر ٹمنی زبان میں تقریر کی۔ پروگرام کے مطابق محترم صدر مجلس مولوی منیر ابو بکر یوسف صاحب نے تمام طلباء سے قرآن کریم سنا اور اور صدر مجلس اور دیگر معزز مہمانان نے طلباء میں اسناد تقسیم کیں۔ اسی طرح ان 7 خدام و اطفال میں ٹیچرز سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے جنہوں نے دورانِ سال ان طلباء کو پڑھایا تھا۔ اس کے بعد صدر مجلس نے جماعت کا تعارف اور خدمات کے موضوع پر کریول زبان میںخطاب کیا۔ بعد ازاں معزز مہمانان نے جماعت احمدیہ کی مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی مساعی خصوصاً قرآن کریم کی تعلیم کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔
پروگرام میں سیکشن چیف، کونسلر، 6 امام، سیکشن چیف امام سمیت ریجنل صدر، صدر لجنہ، قائد خدام الاحمدیہ، ناظم انصار اللہ مختلف سکولز کے پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز بھی شامل ہوئے۔ کل حاضری 350سے زائد رہی۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پیغام اور جماعت کے تعارف سے آگاہ کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے والے خدام و اطفال کے ذہن کو جلا بخشے اور آئندہ زندگی میں قرآن کریم کو مشعلِ راہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اسی طرح جن احباب کو جماعت کا تعارف دیا گیا اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان کے سینوں کو بھی پیغام حق کے لیے کھولے۔ آمین
(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)