لٹویا میں جلسہ یوم مصلح موعودؓ
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ لٹویا کو 20؍فروری 2022ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ یوم مصلح موعودؓ منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ صبح 10بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویا) کی زیر صدارت شروع ہوا۔
مکرم توقیر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم نے تلاوت قرآن کریم اور اس کا اُردو ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے نظم ’’اے فضل عمر تیرے اوصاف کریمانہ‘‘ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کرسنائے۔ اس کےبعد ایک حدیث نبویﷺ پیش کی گئی۔ بعدہٗ مکرم عطاء الصبور خان صاحب جنرل سیکرٹری نےپیشگوئی مصلح موعودؓ کے الفاظ پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد 4تقاریر پیش کی گئیں۔
پہلی تقریر مکرم محسن سلطان صاحب نے کی۔ آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’پیشگوئی مصلح موعود کی جزئیات‘‘۔ اس کے بعد ’’حضرت مصلح موعودؓ کی قبولیت دعا کے واقعات‘‘ کے موضوع پر مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے تقریر کی۔ آج کے اجلاس کی تیسری تقریر مکرم مرغوب احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا کی تھی جس کا موضوع تھا ’’حضرت مصلح موعودؓ کے مبارک دور میں خلافت حقّہ اسلامیہ کا استحکام‘‘۔
جلسہ یوم مصلح موعود کی اختتامی تقریر خاکسار کی تھی۔ جس میں خاکسار نے حاضرین سےعرض کیا کہ اگر مخالفین احمدیت ذراانصاف سے کام لیں اور غور کریں توپیشگوئی مصلح موعودؓ ایک ایسی عظیم الشان پیشگوئی ہے جو ایک طرف تو خداتعالیٰ کی ہستی کا زندہ جاوید ثبوت ہے تو دوسری طرف اصدق الصادقین حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی صداقت پر بھی مہر تصدیق ثبت کرتی ہے۔ اور پھر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السّلام اور احمدیت کی سچائی کاایک بہت بڑا نشان ہے۔ اسی ایک پیشگوئی پر غور کرکے وہ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی سچائی کے قائل ہوسکتے ہیں۔
دعا کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس مبارک جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو بے شمار ترقیات سے نوازتا چلاجائے۔ آمین
(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)