یوکرائن سے لٹویا آنے والے پناہ گزینوں کی امداد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ عالمگیر کا یہ طرّہ امتیاز ہے کہ وہ ہمیشہ خدمت خلق اور خدمت انسانیت کے کاموں میں پیش پیش رہتی ہے اور یہ کارخیر دنیا بھر میں سارا سال ہی جاری وساری رہتا ہے۔ آجکل روس اور یوکرائن جنگ کے نتیجہ میں بہت سے لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر یورپ کے مختلف ممالک میں پناہ حاصل کررہے ہیں۔ جماعت احمدیہ مسلمہ ہر مُلک میں کسی نہ کسی رنگ میں ان پناہ گزینوں کی مدد اور خدمت کی توفیق پارہی ہے۔الحمد للہ
جماعت احمدیہ لٹویا ایک مقامی تنظیم Labdaribas Lapa کے توسط سے وقتاً فوقتاً لٹویا کے مقامی ضرورت مند افراد اور خاندانوں کی مدد کرتی رہتی ہے۔ اس بار جب اُن سے رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ یوکرائن سے آنے والے پناہ گزینوں کی مدد کے لیے ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی اُنہوں نے ہمیں اُس سامان کی تفصیل بھی بتائی جس کی فوری ضرورت تھی۔
چنانچہ ہم نے لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) سے مطلوبہ سامان خریدا۔ مشن ہاؤس میں وہ سارا سامان پیک کیا۔ پیک شدہ ڈبوں کے ایک طرف ’’ایسوسی ایشن احمدیہ مسلمان جماعت لٹویا‘‘ اور جماعت کی ویب سائٹ اور دوسرے رابطہ نمبرز پرنٹ کروائے گئے تھے جبکہ دوسری طرف لٹوین زبان میں ’’محبّت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے الفاظ طبع کروائے گئے تھے۔
یوکرائن کے پناہ گزینوں کی کثرت کی وجہ سے اس تنظیم کوسامان سٹور کرنے کے لیے شہر کےمضافات میں ایک بہت بڑاWarehouse لینا پڑا۔ 10؍مارچ 2022ء کوہم نے اپنا یہ پیک شدہ سامان مشن ہاؤس سے لے جاکر اُن کے سپرد کیا۔ وہاں ڈیوٹی پر موجود افراد نے سامان وصول کیا اور ہمارا تعارف پوچھا۔ جب اُن کو جماعت احمدیہ کا اور جماعت کی طرف سے کی جانے والی خدمت انسانیت کا تعارف کروایا گیا تو وہ بہت خوش ہوئے کہ ایک مسلمان جماعت بھی اُن کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔
اُن کو جماعت کی طرف سے رضاکار خدام کی خدمات بھی پیش کی گئیں جس پر اُنہوں نے بڑی ممنونیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اُن کو رضاکاروں کی بہت ضرورت ہے۔ اُنہوں نے آئندہ بھی جماعت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اظہار کیا۔
اس سلسلہ میں جو سامان دیا گیا اُس میں ہاتھ دھونے والےصابن، shower gel، ٹوتھ برش، ٹوتھ پیسٹ، سینیٹائزرز، ٹشوز، بچوں کے پیمپرز، اشیائے خور و نوش وغیرہ شامل تھے۔
یہ سامان خریدنے، اُسے پیک کرنے اور متعلقہ تنظیم کے سپرد کرنے میں مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال ، مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور خاکسار کی اہلیہ محترمہ خالدہ بشارت صاحبہ کو خدمت کی توفیق ملی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو زیادہ سے زیادہ دُکھی انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)