کونگو برازاویل کے ریجن گامبوما کا اجتماع خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ
مکرم ابراہیم ایتیلا صاحب نیشنل صدر مجلس خدام الاحمدیہ کونگو برازاویل لکھتے ہیں کہ انہیں 30؍دسمبر 2021ء کو اپنا پہلا ریجنل اجتماع خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ اجتماع گامبوما کے حلقے کی ایک جماعت ENGANKOUمیں منعقد کیا گیا۔
اجتماع کی تیاری کے لیے تین ماہ پہلے ہی حلقے کی جماعتوں کو تیاری کے لیے نصاب دے دیا گیا تھا۔ جس کے مطابق خدام و اطفال نے بھر پور تیاری کی تھی۔ اس علاقے میں اکثریت نومبائعین پر مشتمل ہے جو عیسائیت کو خیرباد کہہ کر جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہوئے ہیں۔ اس حلقے میں تین جماعتیں Pygmies کی ہیں جن کا تعلق اکثر کسی بھی مذہب سے نہیں ہے۔ الحمد للہ انہیں جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہونے کی توفیق ملی اور ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کی مدد سے ایک پرائمری سکول بنا کر دیا گیاجہاں پر اکثر بچوں نے پہلی دفعہ سکول جانا شروع کیا۔ اب باقاعدہ ان کی روحانی غذا کے لیے دینی کلاسزشروع کی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ سے اجتماع کی اجازت اس شرط پر ملی کہ زیادہ تعداد میں وہاں پر لوگوں کو جمع نہیں کیا جائے گا۔ چنانچہ خدام و اطفال نے مل کر کھیلوں کے لیے گراؤنڈ تیار کی اور وقارعمل کر کے مسجد کے ارد گرد کے احاطہ کو صاف کیا۔ 30؍دسمبر کو صبح دس بجے اجتماع کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔الحمدللہ تمام خدام و اطفال وقت مقررہ پر ENGANKOUمسجد میں پہنچ گئے تھے۔
خاکسار (صدر مجلس خدام الاحمدیہ) کی صدارت میں اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا بعد میں خدام و اطفال کا عہد دہرایا گیا۔ نظم کے بعد خاکسار نے نوجوانوں کی جماعت میں ذمہ داریوں کے حوالے سے تقریر کی۔ نیز اطاعت خلافت اور حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ساتھ ذاتی تعلق پیدا کرنے کے بارے میں تلقین کی۔ بعدازاں دعا ہوئی۔
دعا کے بعد خدام و اطفال کے ورزشی مقابلے کروائے گئے۔ ورزشی مقابلوں میں دوڑ، لمبی چھلانگ، کلائی پکڑنا، آرم ریسلنگ، رسہ کشی وغیرہ شامل تھے۔ اجتماع کے آخر پر فٹ بال کا ایک نمائشی میچ بھی کروایا گیا۔ کھیلوں کے مقابلہ کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی۔
دو بجے نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائی گئیں۔ نمازوں کے بعد مسجد کے سامنے ٹینٹ کے نیچے تمام خدام و اطفال اکٹھے ہوگئے اور علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر، دینی معلومات اور اذان کے مقابلے شامل تھے۔ اس علاقے میں اکثریت نومبائعین کی ہے اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسلام کی بنیادی چیزیں سیکھ کر مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
اجتماع میں 67خدام اور 112 اطفال نے شرکت کی۔ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انصار و لجنہ نے بھی شرکت کی جن کی تعداد 54تھی۔ دعا کے بعد اجتماع کے آخر پر تمام حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ اجتماع میں شرکت کرنے والوں کے ایمان کو مضبوط کرتا چلا جائے اور انہیں جماعت کے لیے ایک مفید وجود بنا ئے۔ ان کی روحانیت میں اضافہ فرمائے۔ اور خلافت احمدیہ کے حقیقی جاںنثار وں میں شامل کرے۔آمین
(رپورٹ: سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)